تفسیر درِ منثور

Dure-Mansoor · 95. At-Tin · Ayah 5

Tafseer
  1. ثُمَّ رَدَدْنٰهُ اَسْفَلَ سٰفِلِیْنَۙ﴿5﴾

    1. ثُمَّپھر
    2. رَدَدْنٰهُہم نے اسے لوٹادیا
    3. اَسْفَلَسب سے نیچے
    4. سٰفِلِيْنَنیچوں والا
Translation · Dure-Mansoor
پھر ہم اسفل السافلین کی طرف لوٹاد یتے ہیں
Tafseer · Dure-Mansoor
30۔ الطستی نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ نافع بن ازرق (رح) نے ان سے پوچھا کہ مجھے اللہ تعالیٰ کے اس قول آیت ثم رددناہ اسفل سافلین کے بارے میں بتائیے۔ تو فرمایا اس سے مراد ہے وہ کافر ہے جو جوانی سے بڑھاپے تک کافر رہا اور بڑھاپے سے جنم تک پہنچ گیا پھر فرمایا کیا عرب کے لوگ اس معنی سے واقف ہیں ؟ فرمایا ہاں کیا تو نے علی بن ابی طالب ؓ کو یہ فرماتے ہوئے نہیں سنا فاضحوا لدی دار الجحیم بمعزل عن الشعث والعدوان فی اسفل السفل ترجمہ : پس وہ پراگندگی اور عداوت کے سبب دار جہنم کے سب سے اسفل درکہ میں علیحدہ ہوگئے 31۔ عبد بن حمید ضحاک (رح) سے روایت کیا کہ آیت ثم رددنہ اسفل سافلین سے مراد ارذل العمر ہے۔ 32۔ الحاکم وصححہ والبیہقی نے شعب الایمان میں ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ جو شخص قرآن پڑھے گا وہ نکمی عمر کی طرف نہیں لوٹایا جائے گا۔ اسی کو فرمایا آیت ثم رددنہ اسفل سافلین الا الذین اٰمنوا وعملو الصلحت یعنی سوائے ان لوگوں کے جنہوں نے قرآن مجید پڑھا وہ نکمی عمر کی طرف نہیں لوٹیں گے۔ 33۔ عبد بن حمید وابن جریر نے عکرمہ (رح) سے روایت کیا کہ یہ کہا جاتا ہے کہ جس نے قرآن مجید پڑھا وہ نکمی عمر کی طرف نہیں لوٹے گا۔ پھر یہ آیت پڑھی لقد خلقنا الانسان فی احسن تقویم ثم رددنہ اسفل سافلین الا الذین اٰمنو اوعموا لصلحت یعنی وہ ایسا نہیں ہوگا۔ یہاں تک کہ جاننے کے بعد کچھ نہ جانے (یعنی سب کچھ بھول جائے) 34۔ عبد بن حمید وابن ابی حاتم نے عکرمہ (رح) سے روایت کیا کہ آیت ثم رددنہ اسفل سافلین سے مراد ایسا بڑھاپا آئے جس میں اس کے لیے کوئی طاقت باقی نہیں رہتی آیت لکیلا یعلم بعد علم شیئا (الحج آیت 5) تاکہ جاننے کے بعد کچھ نہ جانے اور وہ اس منزل تک نہیں پہنچے گا جو قرآن کریم پڑھتا رہا۔ اسی کو فرمایا آیت الا الذین اٰمنوا الایۃ کہ اس سے مراد قرآن والے ہیں۔ 35۔ ابن ابی حاتم نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ آیت ثم رددنہ اسفل سافلین یعنی ہم ان کو لوٹا دیتے ہیں بڑھاپے اور کمزوری کی طرف اور جب عمل سے کمزور اور بوڑھا ہوجاتا ہے تو اس کے لیے اس عمل کا اجر لکھا جاتا ہے جو وہ اپنی جوانی میں کیا کرتا تھا۔