تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 2. Al-Baqara · Ayah 81
Tafseerبَلٰى مَنْ كَسَبَ سَیِّئَةً وَّ اَحَاطَتْ بِهٖ خَطِیْٓئَتُهٗ فَاُولٰٓئِكَ اَصْحٰبُ النَّارِ١ۚ هُمْ فِیْهَا خٰلِدُوْنَ﴿81﴾
- بَلٰىکیوں نہیں
- مَنْ کَسَبَجس نے کمائی
- سَيِّئَةًکوئی برائی
- وَاَحَاطَتْ بِهٖاور گھیر لیا اس کو
- خَطِیْئَتُهُاس کی خطائیں
- فَاُولٰئِکَپس یہی لوگ
- اَصْحَابُ النَّارِآگ والے
- هُمْ فِيهَا خَالِدُوْنَوہ اس میں ہمیشہ رہیں گے
Translation · Tadabbur-e-Quran
البتہ جس نے کمائی کوئی بدی اور اس کے گناہ نے اس کو اپنے گھیرے میں لے لیا تو وہی لوگ دوزخ والے ہیں، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
یہ یہود کے اس واہمہ کی تردید ہے جس کا اوپر ذکر گزرا ہے۔ یعنی جنت اور دوزخ کا تعلق خاندانی اور گروہی نسبتوں سے نہیں بلکہ تمام تر عمل سے ہے۔ جو شخص کسی برائی کا ارتکاب کرے اور وہ برائی اس کو اپنے گھیرے میں لے لے تو اس کے لئے خلود فی النار ہے خواہ اس کا تعلق کسی گروہ سے ہو۔ برعکس اس کے جو شخص ایمان اور عمل صالح کی روش پر قائم ہے اس کے لئے خلود فی الجنۃ ہے خواہ اس کا تعلق کسی خاندان سے ہو۔
جس طرح اس سورہ کے پہلے سلسلہ بیان کے خاتمہ پر اِنَّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَالَّذِیْنَ ھَادُوْا الآیۃ والی آیت وارد ہوئی تھی اسی طرح اس دوسرے سلسلہ بیان کے خاتمہ پر یہ بَلٰی مَنۡ کَسَبَ الآیہ والی آیت وارد ہوئی ہے۔ ان دونوں آیتوں کا موقع اور مقصد بالکل ایک سا ہے اس وجہ سے ان دونوں کو ایک دوسرے کی روشنی میں سمجھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ آگے مناسب مقام پر اس مزید شرح آے گی۔