Tadabbur-e-Quran - Saad : 26
یٰدَاوٗدُ اِنَّا جَعَلْنٰكَ خَلِیْفَةً فِی الْاَرْضِ فَاحْكُمْ بَیْنَ النَّاسِ بِالْحَقِّ وَ لَا تَتَّبِعِ الْهَوٰى فَیُضِلَّكَ عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ١ؕ اِنَّ الَّذِیْنَ یَضِلُّوْنَ عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ لَهُمْ عَذَابٌ شَدِیْدٌۢ بِمَا نَسُوْا یَوْمَ الْحِسَابِ۠   ۧ
يٰدَاوٗدُ : اے داؤد اِنَّا : بیشک ہم نے جَعَلْنٰكَ : ہم نے تجھے بنایا خَلِيْفَةً : نائب فِي الْاَرْضِ : زمین میں فَاحْكُمْ : سو تو فیصلہ کر بَيْنَ النَّاسِ : لوگوں کے درمیان بِالْحَقِّ : حق کے ساتھ وَلَا تَتَّبِعِ : اور نہ پیروی کر الْهَوٰى : خواہش فَيُضِلَّكَ : کہ وہ تجھے بھٹکا دے عَنْ : سے سَبِيْلِ اللّٰهِ ۭ : اللہ کا راستہ اِنَّ : بیشک الَّذِيْنَ : جو لوگ يَضِلُّوْنَ : بھٹکتے ہیں عَنْ : سے سَبِيْلِ اللّٰهِ : اللہ کا راستہ لَهُمْ : ان کے لیے عَذَابٌ : عذاب شَدِيْدٌۢ : شدید بِمَا : اس پر کہ نَسُوْا : انہوں نے بھلا دیا يَوْمَ الْحِسَابِ : روز حساب
اے دائود، ہم نے تم کو زمین میں خلیفہ بنایا تو لوگوں کے درمیان عدل کے ساتھ فیصلہ کرو اور خواہش کی پیروی نہ کرنا کہ وہ تمہیں اللہ کی راہ سے ہٹا دے۔ جو لوگ اللہ کی راہ سے بھٹک جاتے ہیں ان کے لئے سخت عذاب ہے بوجہ اس کے کہ انہوں نے روز حساب کو بھلائے رکھا
(آیت) حضرت دائود ؑ کو ہدایت مذکورہ بالا تنبیہ اور حضرت دائود ؑ کے توبہ و استغفار کے بعد اللہ تعالیٰ نے ان کو نہایت واضح الفاظ میں یہ ہدایت فرمائی کہ اے دائود ؑ میں نے اپنی طرف سے کچھ اختیار و اقتدار دے کر تمہیں زمین میں خلیفہ بنایا ہے تو اس خلافت کا تقاضا یہ ہے کہ تم اس اختیار و اقتدار کو اپنے مختلف کی مرضی کے مطابق استعمال کرو اور لوگوں کے درمیان حق و عدل کے ساتھ فیصلہ کرو اور کبھی اپنی خواہشوں کے پیچھے نہ لگو ورنہ وہ تمہیں حق و عدل کی راہ سے ہٹا دیں گی۔ اس بات کو ہمیشہ یاد رکھو کہ جو لوگ اللہ کے راستہ سے ہٹ جائیں گے وہ آخرت فراموشی کے جرم میں شدید عذاب میں گرفتار ہوں گے۔ یہ ہدایت جو حضرت دائود ؑ کی فرمائی گئی یہی ہدایت دنیا کے تمام حکمرانوں بلکہ تمام انسانوں کے لئے ہے۔ جس کو بھی کوئی اختیار و اقتدار ملتا ہے وہ خدا ہی کے دیے ملتا ہے اور اس کی بابت ہر شخص قیامت کے دن جوابدہ ہوگا کہ اس نے اس کو خدا کی مرضی کے مطابق استعمال کیا یا اپنی خواہشوں کی پیروی کی۔ پھر جس نے بھی اس روز حساب کو نظر انداز کر کے اپنی خواہشوں کی پیروی کی ہوگی وہ اس انجام سے دوچار ہوگا جو اوپر مذکور ہوا۔
Top