تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 70. Al-Ma'aarij · Ayah 2
لِّلْكٰفِرِیْنَ لَیْسَ لَهٗ دَافِعٌۙ﴿2﴾
- لِّلْكٰفِرِيْنَکافروں کے لیے
- لَيْسَنہیں ہے
- لَهٗ دَافِعٌواسطے اس کے کوئی دفع کرنے والا
Translation · Tadabbur-e-Quran
کافروں کے لیے اس کا کوئی دفع کرنے والا نہیں بنے گا۔
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
عذاب کے لیے جلدی مچانے والوں کی حماقت:
’لِّلْکَافِریْنَ‘ کا تعلق ’وَاقِعٍ‘ سے بھی ہو سکتا ہے، یعنی اس عذاب کا مذاق اڑاتے ہیں جو کافروں کے لیے واقع ہونے والا ہے اور اس کو مستقل جملہ بھی قرار دے سکتے ہیں، یعنی وہ جس عذاب کا مذاق اڑا رہے ہیں وہ کافروں ہی کے لیے ہو گا اور کوئی اس کو دفع کرنے والا نہیں بنے گا۔ مطلب یہ ہے کہ ان کی شامت ہی ہے جو اتنی ڈھٹائی سے اس کے لیے جلدی مچا رہے ہیں۔ وہ سیلاب فنا آیا تو آخر کس کے گھر جائے گا؟ انہی کے گھر تو جائے گا! اس کے مقابلہ کا کیا سامان انھوں نے کر رکھا ہے کہ اس طرح چیلنج کر رہے ہیں! اس کو دفع کرنے کا برتا تو کسی میں بھی نہیں ہو گا، نہ ان کے اندر اور نہ ان کے مزعومہ معبودوں کے اندر؛ تو کس برتے پر ان کو دعوت دے رہے ہیں!