Surah Introduction

تدبرِ قرآن

Tadabbur-e-Quran · 75. Al-Qiyaama · Ayah 24

  1. وَ وُجُوْهٌ یَّوْمَئِذٍۭ بَاسِرَةٌۙ﴿24﴾

    1. وَوُجُوْهٌاور بہت سے چہرے
    2. يَّوْمَئِذٍۢاس دن
    3. بَاسِرَةٌبگڑے ہوئے
Translation · Tadabbur-e-Quran
اور کتنے چہرے اس دن اداس ہوں گے ،
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
اصل حقیقت یعنی دنیا کے پیچھے آخرت کو نظرانداز کر رہے ہو تو کرو لیکن اس حقیقت کو نہ بھولو کہ جس کو نظرانداز کر رہے ہو وہ آ کے رہے گی اور اس دن صورت حال بالکل مختلف ہو گی۔ جنھوں نے اس کو سامنے رکھ کر زندگی گزاری ہو گی ان کے چہرے تو اس دن تروتازہ اور شاداب ہوں گے، وہ اپنے رب کی رحمتوں کے متوقع ہوں گے اور جنھوں نے اس کو نظرانداز کر کے زندگی گزاری ہو گی ان کے چہرے اترے ہوئے ہوں گے اور وہ گمان کر رہے ہوں گے کہ ان پر کوئی کمر توڑ دینے والی مصیبت نازل ہونے والی ہے۔ یہ جنت یا دوزخ میں داخل ہونے سے پہلے کے حالات کی تصویر ہے۔ مستحقین جنت جب دیکھیں گے کہ ہر قدم پر ملائکہ سلام و تحیت اور اعزاز و اکرام کے ساتھ ان کا خیر مقدم کر رہے ہیں تو اپنے روشن مستقبل کے تصور سے ان کے چہرے کھلے ہوئے ہوں گے اور وہ متوقع ہوں گے کہ اب رب کریم کی اس کامل رحمت و عنایت کے ظہور کا وقت آ گیا جس کا ان سے وعدہ کیا گیا تھا۔ اس کے برعکس کفار کے ساتھ قدم قدم پر جس طرح کا معاملہ ہو گا اس سے ان کے چہروں پر ہوائیاں اڑ رہی ہوں گی۔ کہ اب اس کمر توڑ دینے والی مصیبت سے دوچار ہونے کا وقت آ گیا جس سے ان کو آگاہ کیا گیا لیکن انھوں نے اس کو نظرانداز کیے رکھا۔