Ahsan-ut-Tafaseer - Ar-Rahmaan : 46
وَ لِمَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّهٖ جَنَّتٰنِۚ
وَلِمَنْ خَافَ : اور واسطے اس کے جو ڈرے مَقَامَ رَبِّهٖ : اپنے رب کے سامنے کھڑے ہونے سے جَنَّتٰنِ : دو باغ ہیں
اور جو شخص اپنے پروردگار کے سامنے کھڑا ہونے سے ڈرا اسکے لئے دو باغ ہیں
46۔ 53۔ جن لوگوں کے دل میں قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے سامنے کھڑے ہونے اور حساب و کتاب کا خوف ہے اور وہ لوگ اس خوف کے سبب سے فرض اور نفل عبادت کے بجا لانے اور گناہوں سے بچنے میں احکام شرع کے پابند ہیں ‘ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ ان کی بڑی عزت فرمائے گا چناچہ صحیح بخاری 4 ؎ و مسلم وغیرہ میں ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے جس میں حشر کی گرمی اور پسینے کے وقت سات شخصوں کو عرش کے سایہ میں جگہ ملنے کی عزت کا ذکر ہے ان سات شخصوں میں ایک شخص وہ ہے جس کو کوئی مالدار حسین عورت بدکاری کا پیغام دے اور وہ شخص اللہ کے خوف سے بدکاری نہ کرے۔ اس بات میں اور بھی حدیثیں ہیں ان آیتوں میں بھی ایسے لوگوں کی عزت کا یہ ذکر ہے کہ ایک جنت ان کے نیک عمل کے بدلے میں اور ایک ان کے خوف کے بدلے میں اس طرح ان کو دو جنتیں ملیں گی۔ بعض مفسروں نے یہ جو لکھا ہے کہ فقط آیتوں کے قافیہ کے لئے جنتان فرمایا تاکہ قرآن میں تکذبان وغیرہ کا قافیہ مل جائے ورنہ جنت سب کو ایک ہی ملے گی اس قول کو اور علماء نے چند طرح سے غلط ٹھہرایا ہے۔ جن پیڑوں میں ٹہنیاں زیادہ ہوں گی ان کا سایہ بھی بہت ہوگا اور ٹہنیوں میں میوہ زیادہ ہوگا اس لئے ان پیڑوں کی ٹہنیوں کا ذکر فرمایا۔ درختوں کی پرورش پانی سے ہوتی ہے اس لئے چشموں کا ذکر فرمایا۔ سلف کا بیان ہے کہ ان دو چشموں میں سے ایک پانی کا ہوگا اور ایک شراب کا۔ جس سے یہ میوے نہایت مزہ دار ہوجایں گے قسم قسم کے میوہ کا یہ مطلب ہے کہ خشک و تر جس طرح کے میوے کو جی چاہے وہ ان پیڑوں میں لگا ہوا ہوگا۔ بہقی کی 1 ؎ روایت سے حضرت عبد اللہ بن عباس کی صحیح حدیث اوپر گزر چکی ہے کہ جنت کی چیزوں کے دنیا میں فقط نام ہی نام ہیں اس لئے جنت کے میووں کو دنیا کے میووں سے تشبیہ دے کر کچھ زیادہ تفسیر نہیں کی جاسکتی اسی لحاظ سے صحیح بخاری 2 ؎ و مسند امام احمد کی ابوہریرہ ؓ کی روایتوں میں ہے کہ جتنی جگہ میں گھوڑے کا کوڑا رکھا جاتا ہے جنت کی اتنی جگہ تمام دنیا سے بہتر ہے۔ (4 ؎ صحیح بخاری باب الصدقۃ بالیمین ص 191 ج 1 و صحیح مسلم باب فضل اخفاء الصدقۃ ص 331 ج 1۔ ) (1 ؎ الرتغیب والترہیب۔ فصل فی ان اعلی مایخطر علی الہال الخ ص 1039 ج 4۔ ) (2 ؎ صحیح بخاری باب صفۃ الجنۃ والنار ص 972 ج 2 و ص 461 ج 1۔ )
Top