Al-Quran-al-Kareem - Az-Zumar : 9
اَمَّنْ هُوَ قَانِتٌ اٰنَآءَ الَّیْلِ سَاجِدًا وَّ قَآئِمًا یَّحْذَرُ الْاٰخِرَةَ وَ یَرْجُوْا رَحْمَةَ رَبِّهٖ١ؕ قُلْ هَلْ یَسْتَوِی الَّذِیْنَ یَعْلَمُوْنَ وَ الَّذِیْنَ لَا یَعْلَمُوْنَ١ؕ اِنَّمَا یَتَذَكَّرُ اُولُوا الْاَلْبَابِ۠   ۧ
اَمَّنْ : یا جو هُوَ : وہ قَانِتٌ : عبادت کرنے والا اٰنَآءَ الَّيْلِ : گھڑیوں میں رات کی سَاجِدًا : سجدہ کرنے والا وَّقَآئِمًا : اور قیام کرنے والا يَّحْذَرُ : وہ ڈرتا ہے الْاٰخِرَةَ : آخرت وَيَرْجُوْا : اور امید رکھتا ہے رَحْمَةَ : رحمت رَبِّهٖ ۭ : اپنا رب قُلْ : فرما دیں هَلْ : کیا يَسْتَوِي : برابر ہیں الَّذِيْنَ : وہ لوگ جو يَعْلَمُوْنَ : وہ علم رکھتے ہیں وَالَّذِيْنَ : اور وہ لوگ لَا يَعْلَمُوْنَ ۭ : جو علم نہیں رکھتے ہیں اِنَّمَا : اس کے سوا نہیں يَتَذَكَّرُ : نصیحت قبول کرتے ہیں اُولُوا الْاَلْبَابِ : عقل والے
(کیا یہ بہتر ہے) یا وہ شخص جو رات کی گھڑیوں میں سجدہ کرتے ہوئے اور قیام کرتے ہوئے عبادت کرنے والا ہے، آخرت سے ڈرتا ہے اور اپنے رب کی رحمت کی امید رکھتا ہے ؟ کہہ دے کیا برابر ہیں وہ لوگ جو جانتے ہیں اور وہ جو نہیں جانتے ؟ نصیحت تو بس عقلوں والے ہی قبول کرتے ہیں۔
اَمَّنْ هُوَ قَانِتٌ اٰنَاۗءَ الَّيْلِ۔۔ : ”قَانِتٌ“ کا معنی عبادت کرنے والا بھی ہے، فرماں بردار بھی اور خشوع و عاجزی کرنے والا بھی۔ ”امن“ (یا وہ شخص) کے لفظ سے ظاہر ہے کہ اس سے پہلے کچھ الفاظ محذوف ہیں، یعنی ”أَ ھٰذَا خَیْرٌ“ (کیا یہ مصیبت میں اپنے رب کو پکارنے والا اور نعمت عطا ہونے پر اسے بھول جانے والا بہتر ہے) ”اَمَّنْ هُوَ قَانِتٌ“ یا وہ شخص جو صرف دن کے وقت ہی نہیں بلکہ رات کی گھڑیوں میں بھی سجدے اور قیام کے ساتھ اللہ کی عبادت کرنے والا اور ہر حال میں اسی کا فرماں بردار ہے ؟ جواب ظاہر ہے کہ یہ مومن (قانت) ہر لحاظ سے اس سے بہتر ہے۔ يَّحْذَرُ الْاٰخِرَةَ وَيَرْجُوْا رَحْمَةَ رَبِّهٖ : ایمان اللہ تعالیٰ کے خوف اور اس سے امید کے درمیان ہے۔ انس ؓ فرماتے ہیں کہ نبی ﷺ ایک نوجوان کے پاس گئے جو موت (کے چل چلاؤ) میں تھا، آپ ﷺ نے فرمایا : (کَیْفَ تَجِدُکَ ؟ قَالَ وَاللّٰہِ ! یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ ! إِنِّيْ أَرْجُو اللّٰہَ وَ إِنِّيْ أَخَافُ ذُنُوْبِيْ فَقَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَ سَلَّمَ لَا یَجْتَمِعَانِ فِيْ قَلْبِ عَبْدٍ فِيْ مِثْلِ ہٰذَا الْمَوْطِنِ إِلَّا أَعْطَاہ اللّٰہُ مَا یَرْجُوْ وَ آمَنَہُ مِمَّا یَخَافُ) [ ترمذي، الجنائز، باب الرجاء باللّٰہ والخوف بالذنب عند الموت : 983 ] ”تو اپنے آپ کو کس حال میں پاتا ہے ؟“ اس نے کہا : ”اللہ کی قسم ! یا رسول اللہ ! میں اللہ سے امید رکھتا ہوں اور اپنے گناہوں سے ڈرتا بھی ہوں۔“ تو آپ ﷺ نے فرمایا : ”اس جیسے مقام پر کسی بندے کے دل میں یہ دونوں چیزیں جمع نہیں ہوتیں مگر اللہ تعالیٰ اسے وہ چیز عطا کردیتا ہے جس کی وہ امید رکھتا ہے اور اس چیز سے اسے امن عطا کردیتا ہے جس سے وہ ڈرتا ہے۔“ قُلْ هَلْ يَسْتَوِي الَّذِيْنَ يَعْلَمُوْنَ۔۔ : یہاں ”الَّذِيْنَ يَعْلَمُوْنَ“ (جاننے والے) ان لوگوں کو کہا گیا ہے جو دن رات، خوش حالی و بدحالی میں ہر وقت ایک اللہ ہی کی عبادت کرنے والے اور اسی کے فرماں بردار ہیں اور ”والَّذِيْنَ لا يَعْلَمُوْنَ“ (نہ جاننے والے) ان لوگوں کو کہا گیا ہے جو تکلیف اور مصیبت میں تمام معبودوں سے واپس پلٹ کر ایک اللہ ہی کو پکارتے ہیں، مگر خوش حالی میں اسے بھول کر اللہ تعالیٰ کے لیے کئی شریک بنا لیتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ جاننے کے باوجود کہ تمام اختیارات کا مالک صرف اللہ تعالیٰ ہے، نعمت عطا ہونے پر اسے بھلا دیتے ہیں اور اس کے شریک بنا لیتے ہیں، اس لیے اللہ تعالیٰ نے انھیں نہ جاننے والے قرار دیا۔ اس سے معلوم ہوا کہ جو شخص اپنے علم پر عمل نہیں کرتا وہ جاہل (لَا یَعْلَمُ) ہے، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا : (اِنَّمَا يَخْشَى اللّٰهَ مِنْ عِبَادِهِ الْعُلَمٰۗؤُا) [ فاطر : 28 ] ”اللہ سے تو اس کے بندوں میں سے صرف علماء (جاننے والے) ہی ڈرتے ہیں۔“ اللہ تعالیٰ سے نہ ڈرنے والے اللہ کے نزدیک علماء نہیں، خواہ ان کے پاس کتنی ڈگریاں اور کتنے عہدے ہوں اور خواہ انھوں نے کتنی کتابیں یا کتب خانے چاٹ رکھے ہوں۔ 3 اس آیت سے علم اور اس پر عمل کرنے والے اہل علم کی فضیلت ثابت ہوتی ہے۔ عبداللہ بن عمر ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : (لَا حَسَدَ إِلَّا فِي اثْنَتَیْنِ رَجُلٌ آتَاہ اللّٰہُ الْقُرْآنَ فَہُوَ یَتْلُوْہُ آنَاء اللَّیْلِ وَ آنَاء النَّہَارِ ، وَ رَجُلٌ آتَاہ اللّٰہُ مَالًا فَہُوَ یُنْفِقُہُ آنَاء اللَّیْلِ وَآنَاء النَّہَارِ) [ بخاري، التوحید، باب قول النبي ﷺ رجل آتاہ اللّٰہ القرآن۔۔ : 7529 ] ”دو چیزوں کے سوا رشک کرنا درست نہیں، ایک وہ آدمی جسے اللہ تعالیٰ نے قرآن دیا تو وہ رات کی گھڑیوں میں اور دن کی گھڑیوں میں اس کی تلاوت کرتا ہے، اور ایک وہ آدمی جسے اللہ تعالیٰ نے کھلا مال عطا کیا ہے تو وہ رات کی گھڑیوں اور دن کی گھڑیوں میں اسے خرچ کرتا ہے۔“ امام بخاری ؓ نے ”بَابُ فَضْلِ الْعِلْمِ“ میں علم کی فضیلت میں دو آیات نقل فرمائی ہیں، ایک سورة مجادلہ کی : (يَرْفَعِ اللّٰهُ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا مِنْكُمْ ۙ وَالَّذِيْنَ اُوْتُوا الْعِلْمَ دَرَجٰتٍ) [ المجادلۃ : 11 ] ”اللہ ان لوگوں کو درجوں میں بلند کرے گا جو تم میں سے ایمان لائے اور جنھیں علم دیا گیا۔“ اور دوسری سورة طٰہٰ کی : (وَقُلْ رَّبِّ زِدْنِيْ عِلْمًا) [ طٰہٰ : 114 ] ”اور کہہ اے میرے رب ! مجھے علم میں زیادہ کر۔“ موسیٰ اور خضر ؑ کا واقعہ بھی علم کی فضیلت کی دلیل ہے۔ (دیکھیے بخاری : 74) اِنَّمَا يَتَذَكَّرُ اُولُوا الْاَلْبَابِ“ الْاَلْبَابِ ”لُبٌّ“ کی جمع ہے، مغز، عقل۔ جمع ہونے کی وجہ سے ترجمہ ”عقلوں والے“ کیا گیا ہے۔ ان عقلوں والوں سے مراد اہل ایمان ہیں نہ کہ کفار، گو وہ اپنے آپ کو کس قدر عقل و دانش والے سمجھتے ہوں، کیونکہ جب وہ اپنی عقلوں کو استعمال کر کے نصیحت حاصل ہی نہیں کرتے تو عقلوں والے کیسے ہوئے ! ؟ ایسے لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے چوپاؤں کی طرح بلکہ ان سے بھی ”اضل“ قرار دیا ہے۔ دیکھیے سورة اعراف (179) اور انبیاء (46) کی تفسیر۔
Top