Tafseer-e-Madani - Hud : 19
الَّذِیْنَ یَصُدُّوْنَ عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ وَ یَبْغُوْنَهَا عِوَجًا١ؕ وَ هُمْ بِالْاٰخِرَةِ هُمْ كٰفِرُوْنَ
الَّذِيْنَ : وہ لوگ جو يَصُدُّوْنَ : روکتے ہیں عَنْ : سے سَبِيْلِ اللّٰهِ : اللہ کا راستہ وَيَبْغُوْنَهَا : اور اس میں ڈھونڈتے ہیں عِوَجًا : کجی وَهُمْ : اور وہ بِالْاٰخِرَةِ : آخرت سے هُمْ : وہ كٰفِرُوْنَ : منکر (جمع)
جو کہ روکتے ہیں اللہ کی راہ سے، اور اس کی کجی تلاش کرتے ہیں اور وہ آخرت کے منکر ہیں
51 ۔ اللہ کی راہ سے روکنا ایسے لوگوں کا دوسرا بڑا جرم : سو ارشاد فرمایا گیا کہ ایسے لوگ روکتے ہیں راہ حق و ہدایت سے دوسروں کو۔ تاکہ جس طرح یہ خود گھٹا ٹوپ اندھیروں میں ڈوبے ہوئے ہیں دوسروں کو بھی لے ڈوبیں۔ سو اس طرح ان کا جرم ڈبل اور مزید سخت سنگین ہوجاتا ہے کہ ایسے لوگ ضلال کے ساتھ ساتھ اضلال کے بھی مرتکب ہوتے ہیں۔ اس لیے ان کا عذاب بھی دوہرا اور ڈبل ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ افسوس کہ آج بھی منکرین و ملحدین اور دوسرے اہل ہوی اور اصحاب زیغ و ضلال کی طرف سے اس جرم و ظلم کا ارتکاب کیا جارہا ہے اور برابر کیا جارہا ہے۔ اور طرح طرح سے کیا جارہا ہے۔ والعیاذ باللہ۔ سو یہ لوگ سادہ لوح عوام کی طرح طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے راہ حق و ہدایت سے روکتے اور ان کو اہل حق سے دور کرنے اور دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ 52 ۔ راہ حق میں کجی تلاش کرنا ان کا تیسرا بڑا جرم۔ والعیاذ باللہ۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ یہ لوگ کجی تلاش کرتے ہیں اللہ کی راہ میں۔ اور یہ آخرت کے منکر ہیں۔ سو یہ لوگ اللہ کی راہ میں کجی تلاش کرتے ہیں طرح طرح کے شکوک و شبہات ڈال کر اور قسما قسم کے حیلے حوالوں اور ملمع سازیوں سے کام لیکر اور اس طرح یہ لوگ سادہ لوح عوام کو حق اور اہل حق سے دور کرکے ان کو طرح طرح کے اندھیروں میں دھکیلنے کی تگ و دو میں لگے رہتے ہیں۔ والعیاذ باللہ۔ کل بھی یہی تھا اور آج بھی یہی ہے۔ منکرین و ملحدین اور اہل زیغ و ضلال آج بھی اہل حق سے لوگوں کو متنفر کرنے اور دور رکھنے کے لیے طرح طرح کے جھوٹے پروپیگنڈے کرتے، کتابیں لکھتے، مضامین چھاپتے اور اشتہار بازی کرتے ہیں وغیرہ وغیرہ۔ (قاتلہم اللہ انی یؤفکون) ۔ وحفظ اللہ الحق واھلہ من شرہم ومکرہم وجعل کیدھم فی نحورہم۔ بہرکیف اس ارشاد سے ان ظالمین کی مزید صفات بیان کردی گئیں تاکہ ان کی پوری تصویر سامنے آجائے۔ کلام مطابق حال بھی ہوجائے اور ان لوگوں کے وہ جرائم بھی سامنے آجائیں جو ان کی اس لعنت و پھٹکار کا موجب اور اس کا باعث بنیں گے۔ تاکہ جس نے بچنا ہو وہ بچ جائے اور جس نے ہلاک ہونا ہو وہ دلیل اور بینہ کے بعد ہلاک ہو اور اس کی ذمہ داری خود اسی پر ہو۔ سو حق اور حقیقت کے واضح ہوجانے کے بعد لوگوں کو راہ حق سے روکنا سیدھے راستے میں کجی اور ٹیڑھ تلاش کرنا اور لوگوں کو صراط مستقیم کی شاہراہ سے ہٹا کر طرح طرح کی کچ پیچ راہوں اور مختلف پگڈنڈیوں میں ڈال دینا اور لوگوں کو اپنے رب تک رسائی کی مستقیم و ہموار راہ سے پھیر کر مختلف تھانوں، استھانوں، دیویوں، دیوتاؤں اور طرح طرح کی خود ساختہ سرکاروں کی راہوں پر ڈال دینا سنگین اور ہولناک جرائم ہیں۔ والعیاذ باللہ العظیم۔
Top