Tafseer-e-Madani - Ibrahim : 35
وَ اِذْ قَالَ اِبْرٰهِیْمُ رَبِّ اجْعَلْ هٰذَا الْبَلَدَ اٰمِنًا وَّ اجْنُبْنِیْ وَ بَنِیَّ اَنْ نَّعْبُدَ الْاَصْنَامَؕ
وَاِذْ : اور جب قَالَ : کہا اِبْرٰهِيْمُ : ابراہیم رَبِّ : اے میرے رب اجْعَلْ : بنا دے هٰذَا الْبَلَدَ : یہ شہر اٰمِنًا : امن کی جگہ وَّاجْنُبْنِيْ : اور مجھے دور رکھ وَبَنِيَّ : اور میری اولاد اَنْ : کہ نَّعْبُدَ : ہم پرستش کریں الْاَصْنَامَ : بت (جمع)
اور (وہ وقت بھی یاد کرنے کے لائق ہے) جب ابراہیم نے (اپنے رب کے حضور) عرض کیا اے میرے پروردگار، بنادے تو اس شہر کو امن کا گہوارہ اور بچائے رکھنا مجھے بھی اور میری اولاد کو بھی بت پرستی (کی نجاست و لعنت) سے،
72۔ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کی دعاء بت پرستی سے بچاؤکے لیے : چنانچہ ارشاد فرمایا گیا کہ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) نے دعاء میں اپنے سے مزید عرض کیا کہ اے میرے رب بچا دے مجھے بھی اور میری اولاد کو بھی بت پرستی (کی نجاست ولعنت) سے کہ تیری توفیق و عنایت کے بغیر کوئی بھی نہیں بچ سکتا، سبحان اللہ کیا شان ہے تفویض ورضاء کی، کہ ابو الانبیاء رئیس الموحدین حضرت ابراہیم (علیہ السلام) جنہوں نے بت شکنی کے سلسلہ میں بےمثال تاریخ رقم کی، وہ بھی اپنے رب سے بت پرستی سے بچنے کی اد طرح دعاء فرماتے ہیں، علیہ وعلی نبینا اطیب الصلوۃ والتسلیم۔ سو اس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ جب حضرت ابراہیم (علیہ السلام) جیسے عظیم الشان پیغمبر کا بھی یہ حال ہے تو پھر ہماوشما کو اس بارے کس قدر وفکر واحتیاط کی ضرورت ہے ؟ وباللہ التوفیق اللہ ہمیشہ اور ہر حال میں اپنی رضا کی راہوں پر چلنا نصیب فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین۔
Top