Tafseer-e-Madani - Ash-Shu'araa : 184
وَ اتَّقُوا الَّذِیْ خَلَقَكُمْ وَ الْجِبِلَّةَ الْاَوَّلِیْنَؕ
وَاتَّقُوا : اور ڈرو الَّذِيْ : وہ جس نے خَلَقَكُمْ : یدا کیا تمہیں وَالْجِبِلَّةَ : اور مخلوق الْاَوَّلِيْنَ : پہلی
اور ڈرو تم لوگ اس اللہ سے جس نے پیدا کیا تم کو بھی اور اگلی تمام مخلوق کو بھی،
88 تاریخ سے سبق لینے کی تعلیم و تلقین : سو حضرت شعیب نے ان سے فرمایا " اور ڈرو تم لوگ اس سے جس نے پیدا فرمایا تم کو بھی اور پہلوں کو بھی "۔ یہ چیز بیک وقت اس کی عظیم الشان نعمت کی دلیل بھی ہے اور بےمثال قدرت کی نشانی بھی۔ اس لئے اس سے تم لوگ اس کی وحدانیت کی دلیل بھی پکڑو اور دل و جان سے اس کا شکر بھی ادا کرو کہ حقِّ شکر ادا کرنے سے نعمت بڑھتی ہے۔ جبکہ کفران نعمت عذاب کا پیش خیمہ ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ جیسا کہ دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا گیا ۔ { وَاِذْ تَاَذَّنَ رَبُّکُمْ لَئِنْ شَکَرْتُمْ لاَزِیْدَنَّکُمْ وَلَئِنْ کَفَرْتُمْ اِنَّ عَذَابِیْ لِشَدِیْد } ۔ (ابراہیم :7) ۔ نیز اس سے حضرت شعیب نے ان کو تاریخ سے سبق حاصل کرنے کی طرف توجہ دلائی کہ جس خالق نے اگلوں کو پیدا کیا اسی کے تم کو بھی پیدا فرمایا ہے۔ اور اگر اس نے اگلوں کو ان کے فتنہ و فساد برپا کرنے پر اور تمدن و معاشرت کو خراب کرنے پر نیست و نابود کردیا تو کوئی وجہ نہیں کہ تمہارے معاملے میں اس کی یہ سنت بدل جائے اور تمہارے اس معاشی اور معاشرتی فساد پر وہ تم کو سزا نہ دے کہ اس کا قانون سب کیلئے ایک اور بےلاگ ہے۔ اس کے یہاں سب کیلئے ایک ہی ترازو اور ایک ہی باٹ ہے۔ پس تم اس سے ڈرو اور اپنی اس روش کی اصلاح کرو۔ تاکہ تم لوگ اللہ کی گرفت و پکڑ اور اس کے اس عذاب سے بچ سکو جو فساد بپا کرنے والوں کو پہنچ کر رہتا ہے ۔ والعیاذ باللہ -
Top