Tafseer-e-Madani - Ash-Shu'araa : 2
تِلْكَ اٰیٰتُ الْكِتٰبِ الْمُبِیْنِ
تِلْكَ : یہ اٰيٰتُ : آیتیں الْكِتٰبِ الْمُبِيْنِ : روشن کتاب
یہ آیتیں ہیں کھول کر بیان کرنے والی اس عظیم الشان کتاب کی2
1 قرآن اپنی صداقت و حقانیت کا گواہ خود : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " یہ آیتیں ہیں کھول کر بیان کرنے والی اس کتاب کی "۔ اور ایسی کھول کر بیان کرنے والی کتاب جس نے حق و باطل، صحیح و غلط، جائز و ناجائز اور کامیابی و ناکامی وغیرہ سب کو پوری طرح واضح کردیا اور سب کچھ اس طرح کھول کھول کر بیان کردیا ہے کہ اس کی دوسری کوئی نظیر و مثال نہ اس سے پہلے کبھی ہوئی نہ آئندہ کبھی ممکن ہے۔ لہذا اس قدر عظیم الشان نعمت اور ایسی بےمثال کتاب کی ان آیات کریمہ کو پوری توجہ اور انہماک کے ساتھ اور دل کے کانوں سے سنو تاکہ تم لوگ اس کی برکات سے مالا مال ہو سکو۔ نیز یہ ایسی فصیح وبلیغ زبان میں ہے کہ اس نے اپنی دعوت کے ہر پہلو کو گوناگوں اسلوبوں سے اس قدر واضح اور ایسا مدلل و مبرہن کردیا کہ اس میں کسی بھی طرح کا کوئی خفا و غموض باقی نہیں رہ گیا۔ اور اس حد تک کہ یہ اپنی صداقت و حقانیت کی خود دلیل اور گواہ بن گئی۔ اور ایسی کہ اس کے لیے کسی خارجی دلیل و شہادت کی کوئی ضرورت نہیں۔ سو اس کے باوجود جو لوگ کسی اور دلیل اور معجزے کا مطالبہ کرتے ہیں وہ محض ہٹ دھرم ہیں۔
Top