Tadabbur-e-Quran - Ash-Shu'araa : 2
تِلْكَ اٰیٰتُ الْكِتٰبِ الْمُبِیْنِ
تِلْكَ : یہ اٰيٰتُ : آیتیں الْكِتٰبِ الْمُبِيْنِ : روشن کتاب
یہ واضح کتاب کی آیات ہیں
تلک ایت الکتب المبین (2) آفتاب آمد دلیل آفتاب ! کتاب مبین سے مراد ظاہر ہے کہ قرآن مجید ہے جس نے نہایت فصیح وبلیغ زبان میں اپنی دعوت کے ہر پہلو کو گوناگوں اسلوبوں سے بالکل مدلل و مبرہن کردیا ہے۔ قرآن کی اس صفت کے ذکر سے یہاں مقصود آنحضرت ﷺ کو تسلی دینا ہے کہ آپ جو کتاب لوگوں کے سامنے پیش کر رہے ہیں وہ اپنی صحت و صداقت کی خود سب سے بڑی دلیل ہے۔ کسی خارجی شہادت کی محتاج نہیں ہے اس وجہ سے جو لوگ اس کی تصدیق کے لئے کسی معجزہ یا نشانی عذاب کا مطالبہ کر رہے ہیں ان کا مطالبہ درخور اعتناء نہیں ہے، آپ اس کی پرواہ نہ کریں۔ آفتاب اپنی دلیل خود ہوتا ہے۔ اس پر خارج سے کوئی دلیل قائم نہیں کی جاتی۔
Top