Tafseer-e-Madani - Faatir : 15
یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ اَنْتُمُ الْفُقَرَآءُ اِلَى اللّٰهِ١ۚ وَ اللّٰهُ هُوَ الْغَنِیُّ الْحَمِیْدُ
يٰٓاَيُّهَا النَّاسُ : اے لوگو ! اَنْتُمُ : تم الْفُقَرَآءُ : محتاج اِلَى اللّٰهِ ۚ : اللہ کے وَاللّٰهُ : اور اللہ هُوَ : وہ الْغَنِيُّ : بےنیاز الْحَمِيْدُ : سزاوار حمد
اے لوگوں تم سب محتاج ہو اللہ کے اور اللہ ہی ہے جو ہر طرح سے بےنیاز ہر تعریف کا حق دار ہے
45 سب اللہ تعالیٰ ہی کی محتاج ہیں : سو اس ارشاد میں غافل اور ناشکرے لوگوں کے لیے ایک تنبیہ کے طور پر ارشاد فرمایا اور ایسے غافل اور نا شکرے لوگوں کو خطاب کر کے ارشاد فرمایا گیا کہ " لوگو ! تم سب محتاج ہو اللہ کے اور اللہ ہی ہے جو ہر طرح سے اور ہر کسی سے غنی و بےنیاز اور ہر تعریف کا حق دار ہے۔ سو تم سب لوگ محتاج ہو اللہ کے۔ اپنے وجود میں، اپنی بقا میں اور اپنی ہر ضرورت و حاجت کی تحصیل و تکمیل میں۔ تم سب ہر وقت اور ہر اعتبار سے اس کے محتاج ہو کہ سب کا اور ہر طرح سے حاجت روا و مشکل کشا وہی وحدہ لاشریک ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ اور اللہ تم سے ہمیشہ اور ہر لحاظ و اعتبار سے غنی و بےنیاز ہے۔ اور اللہ کے رسول جو تمہیں اللہ کی طرف بلانے میں دن رات ایک کیے ہوئے ہیں تو اس لیے نہیں کہ تمہارے ایمان نہ لانے سے اللہ کا کوئی کام رکا ہوا ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ نہیں بلکہ یہ سب کچھ محض اس لیے ہے کہ اس سے خود تمہارا بھلا ہو اس دنیا میں بھی اور آخرت کے اس ابدی جہاں میں بھی۔
Top