Tafseer-e-Madani - Az-Zukhruf : 87
وَ لَئِنْ سَاَلْتَهُمْ مَّنْ خَلَقَهُمْ لَیَقُوْلُنَّ اللّٰهُ فَاَنّٰى یُؤْفَكُوْنَۙ
وَلَئِنْ : اور البتہ اگر سَاَلْتَهُمْ : پوچھو تم ان سے مَّنْ خَلَقَهُمْ : کس نے پیدا کیا ان کو لَيَقُوْلُنَّ اللّٰهُ : البتہ ضرور کہیں گے اللہ تعالیٰ نے فَاَنّٰى يُؤْفَكُوْنَ : تو کہاں سے وہ دھوکہ کھا رہے ہیں۔ پھرائے جاتے ہیں
اور اگر آپ ان سے پوچھیں کہ کس نے پیدا کیا ان کو ؟ تو یہ سب ضرور بالضرور یہی کہیں گے کہ اللہ ہی نے پھر یہ کہاں پھیرے جا رہے ہیں ؟
116 مشرکوں کے قابل تعجب حال کا ذکر : سو اس سے مشرکین کا قابل تعجب ذکر فرمایا گیا ہے کہ یہ لوگ اپنا خالق تو اللہ ہی کو مانتے ہیں مگر پھر بھی شرک کرتے ہیں۔ اور اپنے اس اقرار و اعتراف کے باوجود ہیں یہ سب لوگ مشرک ہی۔ کیونکہ اللہ کی صفات اس کی مخلوق میں مانتے ہیں۔ سو اس سے آپ اپنے دور کے ان کلمہ گو مشرکوں کا اندازہ بھی کرلیجئے جو اللہ کی صفات دھڑلے سے اس کی مخلوق میں مانتے ہیں۔ مگر دعویٰ پھر توحید ہی کا کرتے ہیں۔ اور اپنے اس شوق کی تکمیل میں ایسے لوگ قرآن و سنت کی نصوص میں ایسی ایسی تحریفات کا ارتکاب کرتے ہیں جو یہود کو بھی شرما دیں ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بہرکیف اس سے واضح فرما دیا گیا کہ مشرکین کا یہ حال نہایت قابل تعجب اور باعث حیرت ہے کہ یہ لوگ اپنا اور اس ساری کائنات کا خالق اللہ تعالیٰ ہی کو مانتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود اس کے حقوق و اختیارات اور اس کی عبادت و بندگی میں دوسروں کو شریک مانتے ہیں جو کہ عقل ونقل دونوں کے تقاضوں کے خلاف ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اللہ تعالیٰ شرک کے ہر شائبہ سے ہمیشہ محفوظ اور اپنی حفاظت و پناہ میں رکھے ۔ آمین۔ 117 مشرکوں کی مت ماری کا ذکر : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " کہاں مت ماری جاتی ہے ان لوگوں کی ؟ "۔ کہ مقدمات تو سب مانتے ہیں مگر اسکا نتیجہ نہیں مانتے { یُؤْفَکُوْنَ } مجہول کا صیغہ استعمال فرمایا گیا ہے۔ " ان کو کہاں پھیرا جاتا ہے "۔ یعنی ان کو پھیرنے والے کوئی اور ہیں۔ اور وہی ان کے اصل گرو ہیں جس کے ہاتھ میں ان کی نکیل اور باگ ڈور ہے۔ اور وہی اپنی اہوا و اَغراض کے مطابق انکو جدھر چاہتے ہیں گھماتے ہیں۔ ان کی اپنی کھوپڑیاں کام کرتی نہیں۔ اور یہ اپنے نفع و نقصان کے احساس و ادراک سے عاری ہو کر اپنے ایسے ہی آقاؤں کے اشاروں پر ناچتے، تھرکتے اور انہی کی راہوں پر چلتے ہیں۔ اور راہ حق و ہدایت سے بھٹک کر ہلاکت و تباہی کے گڑھے کی طرف بڑھے چلے جاتے ہیں ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو کفر و شرک کی نحوست سے انسان کی مت ماری جاتی ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top