Tafseer-e-Madani - An-Naba : 18
یَّوْمَ یُنْفَخُ فِی الصُّوْرِ فَتَاْتُوْنَ اَفْوَاجًاۙ
يَّوْمَ : جس دن يُنْفَخُ : پھونک مار دی جائے گی فِي الصُّوْرِ : صور میں فَتَاْتُوْنَ : تو تم آؤ گے اَفْوَاجًا : فوج در فوج
جس دن پھونک مار دی جائے گی صور کے اندر اور تم سب لوگ (بلاچوں و چرا نکل کر) چلے آؤ گے فوج در فوج
(15) یوم حشر کی تذکیرو یاد دہانی : چناچہ ارشاد فرمایا گیا اور یوم حشر کی تذکیرو یاد دہانی اور اس کی تصویر و تفصیل کے طور پر ارشاد فرمایا گیا کہ اس روز تم سب لوگ چلے آؤ گے فوج در فوج، یعنی میدان حشر کے عظیم الشان موقف کی طرف، اپنے حساب کتاب کے لیے، اور اس روز تم بلا کسی قیل و قال اور بدوں کسی حیل و حجت کے عاجزانہ اور دست بستہ وہاں حاضر ہوجاؤ گے، اور اس کجی اور ٹیڑھ کا کوئی نام و نشان بھی نہ رہے گا، جس سے تم لوگ آج کام لے رہے ہو، اور کبر و غرور کی وہ ساری ہوا تمہارے دماغوں سے نکل چکی ہوگی، جو آج ان کے اندر بھری ہوئی ہے، اور تم اپنی گردنیں جھکائے سر خم تسلیم کئے ہوئے، اور اس کی تسبیح وتحمید کا ورد کرتے ہوئے اس کی بارگاہ اقدس میں حاضر ہوؤ گے، جیسا کہ دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا گیا۔ یَوْمَ یَدْعُوکُمْ فَتَسْتَجِیْبُونَ بِحَمْدِہِ وَتَظُنُّونَ إِن لَّبِثْتُمْ إِلاَّ قَلِیْلاً ( بنی اسرائیل 52 پ 15) یعنی (یاد کرو اور یاد رکھو تم لوگ اس یوم عظیم کو کہ) جس دن وہ (وحدہ لاشریک قادر مطلق) تم لوگوں کو پکارے گا تو تم سب اس کی حمد (و ثنائ) کے ساتھ اس کی آواز پر " لبیک " کہو گے اور تمہیں یوں لگے گا تکہ تم لوگ (دنیا میں) نہیں ٹھہرے مگر بہت تھوڑے، بہرکیف اس ارشاد سے واضح فرمادیا گیا کہ اس یوم الفصل کو بپا کرنے اور اس میں تمہیں جمع کرنے اور اکٹھا کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ کو ذرہ برابر بھی کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی، بلکہ جوں ہی صور پھونکا جائے گا تم سب لوگ فوج در فوج قبروں سے نکل کر داعی کی طرف چل پڑو گے، اور دوسری جگہ فرمایا گیا کہ اپنی قبروں سے نکل کر یہ لوگ ایسے بھاگ رہے ہوں گے جیسا کہ یہ کوئی ٹڈی دل ہوں جو پھیل پڑے ہوں۔ خُشَّعاً أَبْصَارُہُمْ یَخْرُجُونَ مِنَ الْأَجْدَاثِ کَأَنَّہُمْ جَرَادٌ مُّنتَشِرٌ (القمر 7 پ 72) یہاں پر اس آیت کریمہ کا ذکر اس طور پر فرمایا گیا ہے کہ گویا کہ وہ یوم الفصل اس کائنات کے نظام کے اندر سے اپنی منادی خود کررہا ہے۔ سو بڑے ہی بدبخت اور محروم ہیں وہ لوگ جو اس کا انکار کرتے اور اس کے تقاضوں سے غفلت و لاپرواہی برتتے ہیں۔ والعیاذ باللہ العظیم من کل شائبۃ من شوائب الکفر والاعراض۔ اللہ ہمیشہ اپنی رضا کی راہوں پر گامزن رکھے۔ آمین ثم آمین۔ یا رب العالمین و یا ارحم الرحمین، و یا اکرم الاکرمین، یا من بیدہ ملکوت کل شی وھو یجیر ولا یجار علیہ۔
Top