تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 78. An-Naba · Ayah 18
Tafseerیَّوْمَ یُنْفَخُ فِی الصُّوْرِ فَتَاْتُوْنَ اَفْوَاجًاۙ﴿18﴾
- يَّوْمَجس دن
- يُنْفَخُپھونک مار دی جائے گی
- فِي الصُّوْرِصور میں
- فَتَاْتُوْنَتو تم آؤ گے
- اَفْوَاجًافوج در فوج
Translation · Al-Qurtubi
جس دن صور پھونکا جائے گا تو تم لوگ غٹ کے غٹ آموجود ہو گے
Tafseer · Al-Qurtubi
یوم ینفخ فی الصور فتاتون افواجا۔ دوبارہ اٹھانے کے لیے جس وقت صور پھونکا جائے گا تو تم پیشی کی جگہ جماعت درجماعت آؤ گے، ہر امت اپنے امام کے ساتھ آئے گی، ایک قول یہ کیا گیا ہے، افواج کا معنی جماعتیں ہیں اس کا واحد فوج ہے۔ یوم کا لفظ پہلے یوم سے بدل کے طور پر منصوب ہے، حضرت معاذ بن جبل کی حدیث سے مروی ہے کہ میں نے عرض کی، یارسول اللہ اللہ تعالیٰ کے فرمان، یوم ینفخ فی الصور فتاتون افواجا۔
کے بارے میں بتائیے تو نبی کریم نے ارشاد فرمایا اے معاذ، تو نے عظیم چیز کے بارے میں سوال کیا ہے پھر آپ کی آنکھوں سے چھم چھم آنسو برسنے لگے پھر فرمایا میری امت میں سے دس جماعتیں الگ کی جائیں گی اللہ تعالیٰ انہیں مسلمانوں کی جماعت سے ممتاز کردے گا اس کی صورتوں کو بدل دے گا ان میں سے کچھ بندروں کی صورت میں ہوں گے، بعض خنزیروں کی صورت میں ہوں گے، بعض اوندھے منہ ہوں گے، ان کی ٹانگیں اوپر کی طرف ہوں گی اور انہیں چہرے کے بل گھسیٹا جارہا ہوگا، بعض اندھے ہوں گے وہ ادھر ادھر مارے مارے پھر رہے ہوں گے ان میں سے بعض بہرے گونگے ہوں گے وہ کوئی سمجھ بوجھ نہ رکھیں گے بعض اپنی زبانیں چبا رہے ہوں گے وہ ان کے سینوں پر لٹک رہی ہوں گی ان کے مونہوں سے پیپ لعاب کے طور پر بہہ رہی ہوگی، محشر میں موجود تمام افراد ان سے نفرت کریں گے، بعض کے ہاتھ پاؤں کٹے ہوں گے بعض کو آگ کی سولیوں پر لٹکایا گیا ہوگا بعض مردار سے بھی زیادہ بدبودار ہوں گے بعض ایسے جبے پہنائے جائیں گے جن سے تارکول بہہ رہی ہوگی جو جیسے ان کے جسموں سے چمٹ ہوئے ہوں گے۔ رہے وہ شخص جو بندروں کی صورت میں ہوں گے وہ لوگوں میں سے چغل خور ہوں گے۔ جو خنزیر کی صورت پر ہوں گے جو ناجائز کمائی، حرام چیز اور محصول کھائیں گے، جن کے سراوندھے ہوں وہ سود خور ہیں، اندھے وہ ہوں گے جو حکم میں ظلم کرتے ہیں، صم اور بکم وہ لوگ ہوں گے جو اپنے اعمال پر عجب کا اظہار کرتے ہیں، جو اپنی زبانیں چبا رہے ہوں گے وہ علماء اور قصہ گو ہیں جن کے قول عمل کے خلاف ہوں گے جن کے ہاتھ پاؤں کتے ہوں گے وہ لوگ ہوں گے جو اپنے پڑوسیوں کو اذیت دیتے ہیں جن کو آگ کی سولیوں پر لٹکایا جائے گا وہ لوگ ہیں جو لوگوں کو حاکموں کے پاس لے جاتے ہیں، جو مردار سے زیادہ بدبودار ہوں گے وہ لوگ ہیں جو شہوات اور لذات سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور اپنے اموال میں سے اللہ کے حق کو روکتے ہیں، جوج بےپہنیں گے وہ متکبر اور فخر کرنے والے ہوں گے۔