Tafseer-e-Majidi - Al-Hadid : 4
هُوَ الَّذِیْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ فِیْ سِتَّةِ اَیَّامٍ ثُمَّ اسْتَوٰى عَلَى الْعَرْشِ١ؕ یَعْلَمُ مَا یَلِجُ فِی الْاَرْضِ وَ مَا یَخْرُجُ مِنْهَا وَ مَا یَنْزِلُ مِنَ السَّمَآءِ وَ مَا یَعْرُجُ فِیْهَا١ؕ وَ هُوَ مَعَكُمْ اَیْنَ مَا كُنْتُمْ١ؕ وَ اللّٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِیْرٌ
هُوَ الَّذِيْ : وہ اللہ وہ ذات ہے خَلَقَ السَّمٰوٰتِ : جس نے پیدا کیا آسمانوں کو وَالْاَرْضَ : اور زمین کو فِيْ سِتَّةِ اَيَّامٍ : چھ دنوں میں ثُمَّ اسْتَوٰى : پھر جلوہ فرما ہوا عَلَي الْعَرْشِ ۭ : عرش پر يَعْلَمُ : وہ جانتا ہے مَا : جو کچھ يَلِجُ : داخل ہوتا ہے فِي الْاَرْضِ : زمین میں وَمَا يَخْرُجُ مِنْهَا : اور جو کچھ نکلتا ہے اس میں سے وَمَا يَنْزِلُ : اور جو کچھ اترتا ہے مِنَ السَّمَآءِ : آسمان سے وَمَا يَعْرُجُ فِيْهَا ۭ : اور جو کچھ چڑھتا ہے اس میں وَهُوَ مَعَكُمْ : اور وہ تمہارے ساتھ ہے اَيْنَ : جہاں مَا كُنْتُمْ ۭ : کہیں تم ہوتے ہو وَاللّٰهُ : اور اللہ بِمَا تَعْمَلُوْنَ : ساتھ اس کے جو تم عمل کرتے ہو بَصِيْرٌ : دیکھنے والا ہے
وہ وہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دنوں میں پیدا کردیا پھر تخت شاہی پر قائم ہوگیا،5۔ وہ اسے بھی جانتا ہے جو چیز زمین کے اندر داخل ہوتی ہے اور (اسے بھی جانتا ہے) جو چیز اس میں سے نکلتی ہے، اور جو چیز آسمان سے اترتی ہے اور جو چیز اس میں چڑھتی ہے،6۔ اور وہ تمہارے ساتھ ہے خواہ تم کہیں بھی ہو اور وہ خوب دیکھتا رہتا ہے جو کچھ بھی تم کرتے رہتے ہو،7۔
5۔ اس کی صفت خالقیت وصفت حاکمیت کا اثبات۔ (آیت) ” فی ستۃ ایام۔ استوی علی العرش “۔ ان دونوں پر حاشیے سورة الاعراف میں اور کئی بار گزر چکے۔ 6۔ (غرض یہ کہ وہ ہر طرح اور ہر اعتبار سے ہمہ داں، ہمہ بین ہے۔ (آیت) ” مایلج فی الارض “۔ مثلا بارش کا پانی۔ (آیت) ” مایخرج منھا “۔ مثلا نباتات۔ (آیت) ” ماینزل من السمآء “۔ مثلا ملائکہ اور احکام تشریعی اور تکوینی۔ (آیت) ” مایعرج فیھا “۔ مثلا ملائکہ اور اعمال صالحہ۔ 7۔ حق تعالیٰ کی ہمہ گیری، ہمہ توانی، ہمہ بینی کی مزید تاکید۔ (آیت) ” وھو معکم این ماکنتم “۔ اس کی معیت علمی سے مخلوق کا کوئی بھی مرتبہ وجود خالی نہیں۔
Top