Mutaliya-e-Quran - Al-Qasas : 53
وَ اِذَا یُتْلٰى عَلَیْهِمْ قَالُوْۤا اٰمَنَّا بِهٖۤ اِنَّهُ الْحَقُّ مِنْ رَّبِّنَاۤ اِنَّا كُنَّا مِنْ قَبْلِهٖ مُسْلِمِیْنَ
وَاِذَا : اور جب يُتْلٰى عَلَيْهِمْ : پڑھا جاتا ہے ان پر (سامنے) قَالُوْٓا : وہ کہتے ہیں اٰمَنَّا بِهٖٓ : ہم ایمان لائے اس پر اِنَّهُ : بیشک یہ الْحَقُّ : حق مِنْ رَّبِّنَآ : ہمارے رب (کیطرف) سے اِنَّا كُنَّا : بیشک ہم تھے مِنْ قَبْلِهٖ : اس کے پہلے ہی مُسْلِمِيْنَ : فرماں بردار
اور جب یہ اُن کو سُنایا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ "ہم اِس پر ایمان لائے، یہ واقعی حق ہے ہمارے رب کی طرف سے، ہم تو پہلے ہی سے مسلم ہیں"
وَاِذَا [اور جب ] يُتْلٰى [اس (قرآن) کو پڑھا جاتا ہے ] عَلَيْهِمْ [ان پر ] قَالُوْٓا [تو وہ کہتے ہیں ] اٰمَنَّا [ہم ایمان لائے ] بِهٖٓ [اس پر ] اِنَّهُ الْحَقُّ [یقینا یہی حق ہے ] مِنْ رَّبِّنَآ [ہمارے رب (کی طرف) سے ] اِنَّا كُنَّا [بیشک ہم تھے ] مِنْ قَبْلِهٖ [اس (قرآن) سے پہلے (ہی)] مُسْلِمِيْنَ [فرمانبرداری کرنے والے ] نوٹ۔ 2: آیت۔ 53 ۔ میں وفد کے لوگوں کا قول ہے کہ ہم تو پہلے ہی سے مسلم ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس سے پہلے بھی ہم انبیاء اور کتب آسمانی کے ماننے والے تھے اس لئے اسلام کے سوا ہمارا کوئی اور دین نہ تھا۔ اور اب جو نبی اللہ تعالیٰ کی طرف سے کتاب لے کر آئے ہیں انھیں بھی ہم نے مان لیا لہٰذا درحقیقت ہمارے دین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے بلکہ جیسے ہم پہلے مسلمان تھے ویسے ہی اب بھی مسلمان ہیں۔ یہ قول اس بات کی صراحت کردیتا ہے کہ اسلام صرف اس دین کا نام نہیں ہے جسے محمد ﷺ لے کر آئے ہیں اور مسلم کی اصلاح کا اطلاق محض آپ ﷺ کی امت تک محدود نہیں ہے ۔ بلکہ ہمیشہ سے تمام انبیاء کا دین یہی اسلام تھا اور ہر زمانہ میں ان سب کے پیرو مسلمان ہی تھے۔ واقعہ یہ ہے کہ قرآن صرف اسی ایک مقام پر نہیں بلکہ بیسیوں مقامات پر اس اصولی حقیقت کو بیان کرتا ہے کہ اصل دین صرف اسلام (اللہ کی فرمانبرداری) ہے اور خدا کی مخلوق کے لئے اس کے سوا کئی دوسرا دین ہو نہیں سکتا۔ انبیاء (علیہم السلام) ہمیشہ خود بھی مسلم رہے اور وہ سب متبعین جنہوں نے نبوت کے ذریعہ سے آئے ہوئے فرمان خداوندی کے آگے سر تسلیم خإ کیا ہر زمانے میں مسلم ہی تھے ۔ (تفہیم القرآن) تفہیم القرآن میں اس مسئلہ پر خاصی تفصیل سے بحث کی گئی ہے اور سند کے طور پر متعدد آیات نقل کی گئی ہیں۔ اسے یا تو تفہیم میں دیکھ لیں یا مندرجہ ذیل آیات کا ترجمہ قرآن مجید میں دیکھ لیں۔ البقرہ۔ 128 ۔ 131 تا 133 ۔ آل عمران۔ 19 ۔ 67 ۔ 85، المائدہ۔ 44 ۔ 111، یونس ۔ 72 ۔ 84 ۔ 90 ، یوسف۔ 101، النمل۔ 44 ، الذاریات۔ 36 ۔
Top