تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 100. Al-Aadiyaat · Ayah 2
فَالْمُوْرِیٰتِ قَدْحًاۙ﴿2﴾
- فَالْمُوْرِيٰتِچنگاریاں اڑانیوالے
- قَدْحًاجھاڑ کر
فالموریت قدحا۔ عکرمہ، عطا اور ضحاک نے کہا : اس سے مراد گھوڑے ہیں جو اپنے کھروں کے ساتھ آگ نکالتے ہیں ؛ یہ حضرت ابن عباس سے مروی ہے۔ ان سے یہ بھی مروی ہے : انہوں نے اپنے کھروں کے ساتھ غبار اڑایا۔ یہ قول ان اقوال کے خلاف ہے جن میں یہ ذکر ہے کہ وہ آگ نکالتے ہیں اور جو یہ کہا گیا ہے کہ وہ اونٹوں کے بارے میں ہے۔ ابن ابی نجیح نے مجاہد سے یہ قول نقل کیا ہے کہ حضرت ابن عباس نے کہا : یہ جہاد اور حج میں ہوتا ہے۔ حضرت ابن مسعود نے کہا : اس سے مراد اونٹ ہیں جو سنگریزوں کو روندتے ہیں اور اس سے آگ نکلتی ہے۔ قدح کا اصل معنی نکالنا ہے۔ اس معنی میں یہ جملہ بولا جاتا ہے : قدحت العین جب تو اس سے فاسد پانی نکالے۔ واقتدحت بالذند جب تو زند سے آگ نکالے۔ اقتدحت المرق۔ جب تو شوربہ نکالے۔ ربی قدوح ایسا کنواں جس سے ہاتھوں کے ساتھ پانی نکالا جائے۔ قدیح اسے کہتے ہیں جو ہنڈیا کے نیچے رہ جاتا ہے اور اسے مشقت کے ساتھ نکالا جاتا ہے۔ مقدحہ جس کے ساتھ آگ نکالی جاتی ہے۔ القداحہ، القداح وہ پتھر جو آگ کو روشن کرتا ہے۔ یہ جملہ بولا جاتا : وری الذندی یری وریا۔ جب اس کی آگ نکلے، اس میں ایک اور لغت بھی ہے : وری مضارع کا صیغہ دونوں میں یری ہے سورة واقعہ میں یہ بات گزر چکی ہے قدحا اسی وجہ سے منصوب ہے جس وجہ سے ضبحا منصوب ہے۔
ایک قول یہ کیا گیا ہے : یہ آیات گھوڑوں کے متعلق ہیں لیکن ایراء کا معنی پھر یہ ہوگا کہ وہ اپنے مالکوں اور ان کے دشمنوں کے درمیان جنگ کو بھڑکاتے ہیں اسی وجہ سے جب جنگ زوروں پر ہوتی ہے تو کہتے ہیں : خمی الوطیس اسی معنی میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : کلما اوقد نارا للحرب اطفا اللہ (المائدہ) جب کبھی وہ جنگ کی آگ بھڑکاتے ہیں اللہ تعالیٰ اسے بجھا دیتا ہے، یہی معنی حضرت ابن عباس سے بھی مروی ہے ؛ یہ قتادہ کا قول ہے۔ حضرت ابن عباس سے یہ بھی مروی ہے کہ اس کا معنی ہے مردوں کا جنگ میں خفیہ تدبیر کرنا۔ یہ مجاہد اور زید بن اسلم کا قول ہے، عرب کہتے ہیں جب وہ اپنے ساتھی کے ساتھ خفیہ تدبیر کرنا چاہے : واللہ لامکرن بک ثم ل اور ین لک۔
حضرت ابن عباس سے یہ مروی ہے : اس سے مراد وہ لوگ ہیں جو غزوہ میں شریک ہوتے ہیں اور اپنی ضرورت اور کھانے کے لیے آگ کو روشن کرتے ہیں۔ ان سے یہ بھی مروی ہے : اس سے مراد مجاہدین کی آگ ہے جب ان کی آگ زیادہ ہوجاتی ہے، مقصود لوگوں کو خبردار کرنا ہے جو بھی دشمن کے قریب جاکر پڑاؤ ڈالتا تو بہت زیادہ آگ جلاتے تاکہ دشمن ان کی تعداد زیادہ سمجھے یہ ان کی قسم اٹھانا ہے۔
محمد بن کعب نے کہا : اس سے مرواد وہ آگ ہے جس کے پاس جمع ہوا جاتا ہے۔ ایک قول یہ کیا گیا ہے : اس سے مراد لوگوں کے افکار ہیں جو مکر و دھوکہ کی آگ کو روشن کرتے ہیں۔ عکرمہ نے کہا : اس سے مراد لوگوں کی زبانیں ہیں جو گفتگو کے ذریعے آگ روشن کردیتی ہیں یعنی دلائل قائم کرنا، حق واضح کرنا اور باطل کو باطل کردینا۔ ابن جریج نے بعض لوگوں سے یہ روایت نقل کی ہے کہ امر اور عمل میں کامیابی عطا کرنے والی چیزیں اسی طرح ہیں جس طرح جب زندہ آگ روشنی کرے تو اس کے لیے نجاح الذند کا لفظ استعمال کیا جائے۔
میں کہتا ہوں : یہ اقوال مجاز ہیں۔ اس معنی میں ان کا قول ہے : فلان یوری زناد الضلالۃ۔ پہلی تعبیر حقیقت ہے گھوڑے جب سختی سے دوڑتے ہیں تو وہ اپنے کھروں کے ساتھ آگ نکالتے ہیں۔ مقاتل نے کہا : عرب اس آگ کو نار ابی صاحب کہتے ہیں۔ ابو حباحب دور جاہلیت میں مصر کا ایک شیخ تھا بہت ہی بخیل تھا وہ روٹی پکانے اور دوسرے کاموں کے لیے آگ روشن نہیں کرتا تھا یہاں تک کہ لوگ سو جاتے تھے وہ تھوڑی سی آگ روشن کرتا جو کبھی روشن ہوتی اور کبھی بجھ جاتی۔ اگر کوئی آدمی بیدار ہوجاتا تو وہ اس آگ کو بجھا دیتا یہ ناپسند کرتے ہوئے کہ کوئی اس سے فائدہ نہ اٹھائے، تو عربوں نے اس آگ کو اس کی آگ کے ساتھ شبیہ دی کیونکہ اس سے بھی کوئی نفع حاصل نہیں کیا جاسکتا ؛ اس طرح جب تلوار خود پر پڑے تو آگ نکالتی ہے تو اسے بھی وہی نام دیتے ہیں۔ نابغہ نے کہا :
ولا عیب فیھم غیر ان سیوفھم۔۔۔ بھن فلول من قراع الکتائب
ان میں کوئی عیب نہیں سوائے اس کے کہ ان کی تلواریں لشکروں کے باہم ملنے سے کند ہوجاتی ہیں۔
تقد السلوتی المضاعف نسجہ۔۔۔ و توقد بالصفاح نار الحباحب
وہ سلوتی زرہ کو کاٹ دیتی ہیں جس کی بنائی دہری ہوتی ہے اور چوڑے پتھر پر پڑیں تو حباحب کی آگ روشن کرتی ہیں۔