تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 105. Al-Fil · Ayah 4

  1. تَرْمِیْهِمْ بِحِجَارَةٍ مِّنْ سِجِّیْلٍ۪ۙ﴿4﴾

    1. تَرْمِيْهِمْپھینکتے تھے
    2. بِحِجَارَةٍکنکریاں
    3. مِّنْسے
    4. سِجِّيْلٍسنگ گل
Translation · Al-Qurtubi
جو ان پر کھنگر کی پتھریاں پھینکتے تھے
Tafseer · Al-Qurtubi

جو برساتے تھے ان پر کنکر کی پتھریاں۔

صحاح میں یہ وضاحت ہے : حجارۃ من سجیل، علماء نے کہا : مٹی سے بنے پتھر جنکو جہنم کی آگ سے پکایا گیا تھا ان میں لوگوں کے نام لکھے ہوئے تھے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : لنرسل علیھم حجارۃ من طین۔ مسومۃ (الذریات) تاکہ ہم برسائیں ان پر گارے کے بنے ہوئے پتھر (کھنگر)

عبدالرحمن بن ابزی نے کہا : من سجیل کا معنی ہے آسمان سے نازل ہوئے یہ وہ پتھر تھے جو حضرت لوط کی قوم پر نازل ہوتے تھے۔ ایک قول یہ کیا گیا ہے : یہ جہنم سے آتے تھے یہی سجین ہے پھر لام کو نون سے بدل دیا جس طرح اصیلان اصل میں اصیلال تھا۔ ابن مقیل نے کہا :

ضربا تواصت بہ الابطال سجینا

اس مصرعہ میں سجین، سجیل تھا۔

زجاج نے کہا : من سجیل کا معنی ہے جو ان کے بارے میں لکھا ہوا تھا کہ اس کے ساتھ انہیں عذاب دیا جائے گا یہ سجل سے مشتقل ہے۔ سورة ہود میں سجیل کے متعلق گفتگو گزر چکی ہے۔ عکرمہ نے کہا : وہ پرندے ان پتھروں کو پھینکتے جو ان کے پاس ہوتے تھے ان میں سے جسے وہ پتھر لگتا تو اس وجہ سے اس کے جسم میں ایسا چیچک کا دانہ نکلتا جیسا پہلے نہیں دیکھا گیا ہوتا تھا وہ پتھر چنے کے برابر اور مسور سے بڑا ہوتا تھا۔ حضرت ابن عباس نے کہا : پتھر جب ان میں سے کسی کو لگتا تو اس کے چمڑے میں آبلہ سا بنتا یہ چیچک کا آغاز ہوتا۔ عام قرات ترمیھم ہے کیونکہ پرندوں کی جماعت مونث ہے۔ اعرج اور طلحہ نے اسے یاء کے ساتھ پڑھا ہے معنی ہوگا اللہ تعالیٰ ان کی طرف پھینکتا ہے اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے ولکن اللہ رمی (الانفال) بلکہ اللہ تعالیٰ نے پھینکیں۔ یہ بھی جائز ہے کہ مذکر کی صورت میں ضمیر طیر کی طرف لوٹ رہی ہو کیونکہ لفظ طیر تانیث کی علامت سے خالی ہے کیونکہ یہ مونث غیر حقیقی ہے۔