تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 105. Al-Fil · Ayah 5

  1. فَجَعَلَهُمْ كَعَصْفٍ مَّاْكُوْلٍ۠ع﴿5﴾

    1. فَجَعَلَهُمْپس ان کو کردیا
    2. كَعَصْفٍبھوسہ کی طرح
    3. مَّاْكُوْلٍکھائے ہوئے
Translation · Al-Qurtubi
تو ان کو ایسا کردیا جیسے کھایا ہوا بھس
Tafseer · Al-Qurtubi

پس بنا ڈالا ان کو جیسے کھایا ہوا بھوسہ۔

اللہ تعالیٰ نے اصحاب فیل کو کھیتی کے ان پتوں کی طرح بنا دیا جن کو چوپاؤں نے کھالیا اور انہیں نیچے کی جانب سے پھینک دیا ان کے جوڑوں کے ٹوٹ جانے کو ان کے اجزاء کے بکھر جانے سے تشبیہ دی، یہ معنی ابن زید اور دوسرے علماء سے مروی ہے۔ سورة رحمن میں عصف کے بارے میں قول گزر چکا ہے۔ جو چیز اس امر پر دلالت کرتی ہے کہ اس سے مراد کھیتی کے پتے ہیں وہ علقمہ کا قول ہے :

تسقی مذائب قد مالت عصیف تھا۔۔۔ حدورھا من اتی الماء مطعوم

روبہ بن عجاج نے کہا :

و مسھم ما مس اصحاب الفیل۔۔۔ ترمیھم حجارۃ من سجیل

ولعمت طیر بھم ابابیل۔۔۔ فصیروا مثل کعصف ماکول۔

انہیں وہ مصیبت پہنچی جو اصحاب فیل کو پہنچی تھی ان پر مٹی سے بنے پتھر گر رہے تھے ان سے پرندوں کے جھنڈ کھیلے تو انہیں کھائے ہوئے بھوسے کی طرح بنا دیا۔

عصف جمع ہے اس کا واحد عصفہ، عصافہ اور عصیفہ ہے۔ کعصف میں جو کاف لایا گیا ہے یہ تشبیہ کے لیے ہے یہ اسی طرح ہے جس طرح اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : لیس کمثلہ شی (الشوری) ماکول کا معنی ہے جس کا دانہ کھایا گیا ہو۔ جس طرح یہ جملہ کیا جاتا ہے : فلاں حسن ای فلان حسن وجھہ۔ حضرت ابن عباس نے کہا : فجعلھم کعصف ماکول، سے مراد گندم کا چھلکا ہے یعنی وہ غلاف جس میں گندم کا دانہ ہوتا ہے۔ روایت بیان کی جاتی ہے : پتھر ان میں سے ایک پر گرتا تو اس کے پیٹ میں جو کچھ ہوتا وہ نکل جاتا تو وہ اسی طرح باقی رہ جاتا جس طرح گندم کا چھلکا ہو جب اس سے گندم نکل جائے۔ حضرت ابن مسعود نے فرمایا : جب پرندوں نے پتھر پھینکے تو اللہ نے ہوا کو بھیج دیا جس نے پتھروں کو مارا اور ان کی سختی میں اضافہ کردیا۔ وہ پتھر کسی پر نہ گرتا مگر وہ ہلاک ہوجاتا۔ بنو کندہ کے ایک فرد کے سوا ان میں سے کوئی بھی نہ بچا اس نے کہا :

فانک لو رایت ولم تریہ۔۔۔ لدی جنب المغمس ما لقینا

اگر تو دیکھتی اور تو اسے نہ دیکھے مغمس کے پہلو میں جو ہمیں مصیبت پہنچی۔

خشیت اللہ اذ قد بث طیرا۔۔۔ و ظل سحابۃ مرت علینا

میں اللہ تعالیٰ سے ڈرا جب اس نے پرندوں کو پھیلا دیا اور بادل کا سایہ جب ہمارے اوپر سے گزرا۔

و باتت کلھا تدعو بحق۔۔۔ کان لھا علی الحبشان دینا

سب نے صدق دل سے دعا کرتے ہوئے رات گزاری گویا پرندوں میں سے ہر ایک کا حبشیوں پر قرض تھا۔

ایک روایت یہ کی گئی ہے کہ وہ پتھر تمام کو نہیں لگے تھے بلکہ اللہ تعالیٰ نے ان میں سے جس کو چاہا تھا اسے لگے تھے۔ یہ بات پہلے گزر چکی ہے کہ ان کا امیر اور اس کے ساتھ ایک چھوٹی سی جماعت واپس لوٹی تھی جب انہوں نے اس امر کی خبر دی جو انہوں نے حالات و واقعات دیکھے تھے سب ہلاک ہوگئے تھے۔ اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے۔

ابن اسحاق نے کہا : جب اللہ تعالیٰ نے حبشیوں کو مکہ مکرمہ سے لوٹایا تھا تو عربوں نے قریش کو بڑی عزت دینا شروع کی اور کہا : یہ اللہ والے ہیں، اللہ تعالیٰ نے ان کی جانب سے قتال کیا اور ان کے دشمن کی مصیبت کے لیے کافی ہوگیا۔ یہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے ان کے لیے انعام تھا۔

Al-Qurtubi - Al-Fil 105:5