تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 106. Quraish · Ayah 1
لِاِیْلٰفِ قُرَیْشٍۙ﴿1﴾
- لِاِيْلٰفِمانوس کرنے کے سبب
- قُرَيْشٍقریش
اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے قریش کے دلوں میں الفت پیدا کردی۔
ایک قول یہ کیا گیا ہے : یہ سورت معنی میں ماقبل سورت کے ساتھ ملی ہوئی ہے یعنی اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ میں نے اصحاب فیل کو ہلاک کیا تاکہ قریش باہم الفت کرنے لگیں یا باہم متفق ہوجائیں یا قریش امن میں ہوجائیں اور اپنے دونوں سفروں سے مانوس ہوجائیں۔ جنہوں نے دونوں سورتوں کو ایک سورت شمار کیا ہے وہ حضرت ابی بن کعب ہیں، ان کے مصحف میں دونوں میں کوئی فرق نہیں۔ سفیان بن عیینہ نے کہا : ہمارا ایک امام تھا جو دونوں میں کوئی فرق نہیں کرتا تھا وہ ان دونوں کو اکٹھا پڑھا کرتا تھا۔ عمرو بن میمون اودی نے کہا : ہم نے مغرب کی نماز حضرت عمر بن خطاب کے پیچھے پڑھی تو انہوں نے پہلی رکعت میں سورة التین کی تلاوت کی اور دوسری میں الم تر کیف اور لایلف قریش پڑھی۔ فراء نے کہا : یہ سورت پہلی سورت کے ساتھ ملی ہوئی ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اہل مکہ کے سامنے اپنی اس عظیم نعمت کا ذکر کیا جو اس نے حبشہ کے ساتھ وہ سلوک کر کے کی تھی، پھر فرمایا : ہم نے یہ اصحاب فیل کے ساتھ اس لیے کیا تاکہ قریش پر احسان ہو۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ قریش اپنی تجارت کے لیے نکلتے دور جاہلیت میں نہ ان پر کوئی حملہ کیا جاتا اور نہ بری نیت سے ان کے قریب ہوا جاتا۔ لوگ کہتے : وہ اللہ تعالیٰ کے گھرکے خادم ہیں یہاں تک کہ ہاتھی والا آیا تاکہ کعبہ کو گرائے، اسکے پتھر اٹھا لے جائے اور ان کے ساتھ یمن میں گھر بنائے لوگ جس کا حج کیا کریں اللہ تعالیٰ نے ان سب کو ہلاک کردیا اللہ تعالیٰ نے ان پر اپنی نعمت کو یاد دلایا یعنی اللہ تعالیٰ نے ان کے ساتھ یہ اس لیے کیا تاکہ قریش اس سفر سے مانوس ہوں، اور ان پر حملہ کرنے کی کوئی جرات نہ کرے۔ مجاہد کا یہی قول ہے۔ اور سعید بن جبیر نے حضرت ابن عباس سے جو روایت نقل کی ہے اس کا یہی معنی ہے۔ اسے نحاس نے ذکر کیا ہے۔ احمد بن شعیب، عمرو بن علی سے وہ عامر بن ابراہیم سے، جو لوگوں میں سے اچھا اور قابل اعتماد تھا، وہ خطاب سن کر جعفر بن ابی مغیرہ سے وہ اپنے باپ جعفر سے وہ سعید بن جبیر سے وہ حضرت ابن عباس سے روایت نقل کرتے ہیں کہ اس کا معنی ہے قریش پر میرا احسان یہ ہے کہ انہیں موسم سرما اور موسم گرما میں سفر سے مانوس کردیا۔ کہا : وہ مکہ مکرمہ میں موسم سرما گزارتے اور طائف میں موسم گرما گزارا کرتے تھے۔ اس تاویل کی بنا پر آیات کے سروں پر وقف کرنا جائز ہے اگرچہ کلام مکمل نہیں جس طرح سورت کے درمیان اس کی وضاحت کریں دے۔
ایک قول یہ کیا گیا ہے : یہ ماقبل کے ساتھ متصل نہیں کیونکہ دونوں سورتوں کے درمیان بسم اللہ ہے یہ اس امر کی دلیل ہے کہ پہلی سورت ختم ہوچکی ہے اور دوسری شروع ہوچکی ہے اور لام فلیعبدوا کے متعلق ہے۔ یعنی ان لوگوں کو اس گھر کے رب کی عبادت کرنی چاہیے کیونکہ انہیں خوراک کے حصول کے لیے موسم سرما اور موسم گرما کے سفر سے مانوس کردیا۔ خلیل نے اس طرح کہا کہ یہ متصل نہیں گویا فرمایا : اللہ تعالیٰ نے قریش کو مانوس کیا پس انہیں اس گھر کے رب کی عبادت کرنی چاہیے، یہ کسائی اور اخفش نے کہا : ایک قول یہ کیا گیا کہ لام الی کے معنی میں ہے ابن عامر نے اسے لائلاف قریش پڑھا ہے۔ یعنی یہ کلمہ ہمزہ کے ساتھ اس میں یاء کے بغیر اختلاس کا قاعدہ جاری ہوا ہے۔ ابو جعفر اور اعرج نے اسے لیلاف پڑھا ہے یعنی ہمزہ کے بغیر مقصود تخفیف تھا۔ باقی قراء نے لایلاف پڑھا ہے یاء کے ساتھ جبکہ اس سے پہلے ہمزہ ہے اس میں اشباع کا قائدہ جاری کیا ہے۔ آلفت، اولف، ایلاف ہے۔ شاعر نے کہا :
المنعمین اذا النجوم تغیرت۔۔۔ والظاعنین لرحلۃ الایلاف
جب ستارے متغیر ہوجاتے ہیں تو وہ انعام کرنے والے ہیں اور ایلاف کے سفر کا ارادہ کرنے والے ہیں۔
یوں باب چلایا جاتا ہے : الفتہ الفا والافا۔ ابو جعفر نے اسے لالف بھی پڑھا ہے۔ شاعر نے دونوں لفظوں کو جمع کردیا ہے :
زعمتم ان اخوتکم قریش۔۔۔ لھم الف ولیس لکم الاف
تم گمان کرتے ہو کہ تمہارے بھائی قریش ہیں ان کے لیے الف اور تمہارے لیے ایلاف ہے۔
جوہری نے کہا : یوں جملہ ذکر کیا جاتا ہے۔ فلان قد الف ھذا الموضع یالفہ الفا، آلفہ ایاہ غیرہ۔ یوں بھی کہا جاتا ہے : الفت الموضع اولفہ ایلافا۔ اسی طرح ہے آلف الموضع اولفہ موالفۃ والافا۔ پس باب افعال اور باب مفاعلہ کی ماضی کی صورت ایک ہی طرح کی ہے۔ عکرمہ نے اسے لیالف پڑھا ہے۔ مصحف ابن مسعود میں اسی طرح ہے۔ لام امر کو فتحہ دینا یہ بھی ایک لغت ہے جسے ابن مجاہد اور دوسرے علماء نے بیان کیا ہے۔ عکرمہ اس آدمی پر عیب لگاتے جو لایلاف پڑھتا بعض اہل مکہ نے الاف قریش پڑھا اور ابو طالب کے قول سے استشہاد کیا جو ابو لہب کو رسول اللہ کے بارے میں تاکیدی وصیت کرتے ہیں :
فلا تترکنہ ماحییت لمعظم۔۔۔ وکن رجلا ذا نجدۃ و عفاف
تذود العدا عن عصبۃ ھاشمیۃ۔۔۔ الا فھم فی الناس خیر الاف
جب تک تو زندہ ہے تو عظمت شان کی خاطر تو اسے نہ چھوڑ اور شرف و پاکدامنی والا آدمی بن جا، ہاشمی جماعت سے دشمنی کو دور کر ان کی محبت لوگوں میں بہترین محبت ہے۔
جہاں تک قریش کا تعلق ہے وہ بنو نضر بن کنانہ بن خزیمہ بن مدرکہ بن الیاس بن مضر ہیں۔ نضر کی اولاد میں سے جو بھی شخص ہے وہ قریشی ہے، بنو کنانہ اور اس سے اوپر کے افراد کو قریش نہیں کہتے۔ بعض اوقات وہ قریشی کہتے ہیں یہی قیاس ہے۔
شاعر نے کہا :
بکل قریشی علیہ مھابۃ
ہر قریشی پر ہیبت و جلال ہے۔
اگر تو قریش سے حی مراد لے تو تو اسے منصرف قرار دے گا اور اگر اس سے قبیلہ مراد لے تو اسے غیر منصرف قرار دے گا۔
شاعر نے کہا :
وکفی قریش المعضلات و سادھا
اس مصرعہ میں قریش میں قاعدہ جاری ہورہا ہے۔
قریش کا معنی اکتساب ہے تقرشوا کا معنی ہے وہ جمع ہوئے جبکہ وہ حرم کے علاوہ جگہوں میں بکھرے ہوئے تھے۔
قصی بن کلاب نے انہیں حرم میں جمع کردیا یہاں تک کہ قریش نے اسے اپنا مسکن بنا لیا۔ شاعر نے کہا :
ابونا قصی کان یدعی مجمعا۔۔۔ بہ جمع اللہ القبائل من فھر
ہمارا باپ قسی تھا جسے مجمع کہا جاتا اس کی وجہ سے اللہ تعلای نے فہر قبائل کو جمع کردیا۔
ایک قول یہ کیا گیا ہے کہ قریش، بنو فہر بن مالک بن نضر ہیں جو فہر کی اولاد نہیں وہ قریشی نہیں جبکہ پہلا قول زیادہ صحیح ہے نبی کریم سے ایک روایت مروی ہے ؛ انا ولد النضر بن کنانہ لا نقفوا امنا و لا تتفی من ابینا۔ ہم نضر بن کنانہ کی الاد ہیں ہم اپنی ماؤں پر تہمت نہیں لگاتے اور ہم اپنے آباء سے نسب کی نفی نہیں کرتے۔ حضرت واثلہ بن اسقع نے کہا کہ نبی کریم نے ارشاد فرمایا : ان اللہ اصطفی کنانۃ من ولد اسماعیل واصطفی من بنی کنانۃ قریشا واصطفی من قریش بنی ہاشم واصطفانی من بنی ہاشم۔ اللہ تعالیٰ نے الاد اسماعیل میں سے بنو کنانہ کو چنا، بنو کنانہ میں سے قریش کو چنا اور قریش میں سے بنی ہاشم کو چنا اور بنی ہاشم میں سے مجھے چنا۔ یہ حدیث صحیح اور ثابت ہے اسے امام بخاری، امام مسلم اور دوسرے علماء نے نقل کیا ہے۔ انہیں قریش نام دینے میں کئی اقوال ہیں :
1 ۔ وہ جدا جدا ہونے کے بعد جمع ہوئے تھے اور تقرش کا معنی جمع ہونا اور ملنا ہے۔ ابو جلدی شکری نے کہا :
اخوۃ قرشوا الذنوب علینا۔۔۔ فی حدیث من دھرھم و قدیم
وہ ایسے بھائی ہیں جنہوں نے قریب زمانہ اور قدیم زمانہ میں بھی ہمارے خلاف گناہوں کو جمع کیا۔
2 ۔ وہ تاجر لوگ تھے وہ اپنی کمائی سے کھاتے تھے۔ اور تقرش کا معنی کمانا ہے اس کا باب یوں چلاتے ہیں۔ قرش، یقرش، قرشا۔ یہ اس وقت کہتے ہیں جب وہ مال کمائے اور جمع کرے۔ فراء نے کہا : اسی وجہ سے انہیں قریش کہا گیا۔
3 ۔ وہ حاجیوں کی ضروریات کی جستجو کرتے اور ان کی ضرورت کو پورا کرتے۔ قریش کا معنی تفتیش کرنا ہے۔ شاعر نے کہا :
ایھا الشامت المقرش عنا۔۔۔ عند عمرو فھل لہ ابقاء
اے ہماری تکلیف پر خوش ہونے والے اور ہمارے بارے میں عمرو کے ہاں تفتیش کرنے والے کیا اس نے ہمیشہ رہنا ہے۔
4 ۔ روایت بیان کی گئی ہے کہ حضرت امیر معاویہ نے حضرت ابن عباس سے پوچھا کہ قریش کو قریش کیوں کہا گیا ؟ حضرت ابن عباس نے جواب دیا : سمندر میں ایک طاقتور جانور ہے جس کو قرش کہتے ہیں جو خود تو دوسروں کو کھا جاتا ہے مگر اسے نہیں کھایا جاتا، وہ خود غالب آجاتا ہے کوئی اس پر غالب نہیں آتا اور تبع کے اشعار پڑھے :
و قریش ھی التی تسکن البحر۔۔۔ بھا سمیت قریش قریشا
تاکل الرث و السمین ولا تت۔۔۔ رک فیھا لذی جنا حین ریشا
ھکذا فی البلاد حی قریش۔۔۔ یاکلون البلدد اکلا کمیشا
ولھم آخر الزمان نبی۔۔۔ یکثر القتل فیھم والخموشا
قریش وہ جانور ہے جو سمندر میں رہتا ہے اسی کی مناسبت سے قریش کو قریش کا نام دیا گیا وہ کمزور اور موٹے کو کھا جاتا ہے اور وہ اس سمندر میں دو پروں والے کو بھی نہیں چھوڑتا ملکوں میں اسی طرح قریش قبیلہ ہے وہ ملکوں کو اس طرح تیزی سے کھا جاتا ہے ان میں آخر زمانہ میں نبی ہوگا ان میں بہت زیادہ قتل اور زخم ہوں گے۔