تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 106. Quraish · Ayah 2
اٖلٰفِهِمْ رِحْلَةَ الشِّتَآءِ وَ الصَّیْفِۚ﴿2﴾
- اٖلٰفِهِمْان کا مانوس کرنا
- رِحْلَةَسفر
- الشِّتَآءِسردی
- وَاور
- الصَّيْفِگرمی
الفت تجارتی سفر کی جاڑے اور گرمی (کے موسم) میں۔
مجاہد اور حمید نے اسے الفھم پڑھا ہے یعنی لام ساکن ہے اور یاء کے بغیر ہے ابن کثیر سے بھی اسی طرح مروی ہے۔ حضرت اسماء نے بھی اسی طرح روایت کیا ہے کہ انہوں نے رسول اللہ کو الفھم پڑھتے ہوئے سنا۔ حضرت ابن عباس اور دوسرے علماء سے بھی یہ قرات مروی ہے۔ ابو جعفر اور ولید جو اہل شام سے تعلق رکھتے ہیں اور ابو حیوۃ نے الافھم پڑھا ہے یعنی ہمزہ میں اختلاس کا قاعدہ جاری کیا اور یاء نہیں ہے۔ ابوبکر نے عاسم سے ائلافھم دو ہمزوں کے ساتھ پڑھا ہے پہلا ہمزہ مکسور ہے اور دوسرا ساکن ہے۔ دو کلموں میں دو ہمزوں کو جمع کرنا شاذ ہے باقی قراء نے ایلافھم مد اور ہمزہ کے ساتھ پڑھا ہے اور یہی پسندیدہ ہے یہ پہلے ایلاف سے بدل ہے مقصود وضاحت ہے یہ آلف کا مصدر ہے جب تو اسے الفت کرنے والا بن دے۔ آلف، الفا، جس طرح اس کا ذکر پہلے گزر چکا ہے یعنی وہ موسم سرما اور موسم گرما کے سفر سے مانوس ہوئے۔ فرمایا : ان پر موسم سرما اور موسم گرما کا سفر شاق نہیں، یہ قریش پر اللہ کی جانب سے احسان ہے۔ ہر وی اور دوسرے علماء نے کہا : اصحاب ایلاف چار تھے۔ ہاشم، عبد شمس، مطلب اور نوفل یہ سب بنو عبد مناف تھے۔ جہاں تک حضرت ہاشم کا تعلق ہے اس نے شام کے بادشاہ سے معاہد کیا تھا جس کی وجہ سے اس کی شام کی طرف تجارت امن میں ہوئی تھی ان کے بھائی عبد شمس تھے انہوں نے حبشہ والوں سے معاہدہ کیا تھا۔ مطلب نے یمن والوں سے معاہدہ کیا تھا اور نوفل نے فارس والوں سے معاہدہ کیا تھا۔ یولف کا معنی پناہ دینا بھی ہے انہیں بھائیوں کو پناہ دینے والے بھی کہتے۔ قریش کے تاجر ان بھائیوں کے معاہدہ کی وجہ سے مختلف شہروں کی طرف آیا جایا کرتے تو ان سے کسی قسم کا تعرض نہ کیا جاتا۔ ازہری نے کہا : ایلاف اجارہ کو خفارہ سے تشبیہ دینا۔ اجارہ کا معنی مدد کرنا اور حمایت کرنا ہے اور خفارہ کا معنی امان ہے یہ جملہ بولا جاتا ہے : آلف یولف یہ اس وقت کہتے ہیں جب اس نے بوجھ اٹھانے والے اونٹوں کو امان دے کر مدد کی۔ حمائل، حمولہ کی جمع ہے، کہا : اس کا معنی ہے کہ قریش حرم کے رہائشی تھے ان کے لیے کوئی کھیتی اور جانور نہ تھے وہ موسم سرما اور موسم گرما میں امن سے تجارت کو جاتے تھے جبکہ ان کے اردگرد لوگوں سے مال چھین لیا جاتا تھا۔ جب کوئی آدمی ان کے سامنے رکاوٹ بنتا تو یہ کہتے : ہم اللہ کے حرم والے ہیں تو لوگ ان کا راستہ چھوڑ دیتے۔
ابو الحسین احمد بن فارس بن ذکریا نے اپنی تفسیر میں کہا سعید بن محمد، بکر بن سہیل دمیاطی سے اپنی سند کے ساتھ حضرت ابن عباس سے روایت نقل کی ہے کہ اس کا معنی ہے کہ موسم سرما اور موسم گرما میں انہیں سفر سے مانوس کردیا۔ اس کی صورت یہ بنی کہ قریش میں سے جب کسی کو بھوک ستاتی تو وہ اور اس کے گھر والے ایک معروف جگہ کی طرف جاتے اپنے اوپر ایک خیمہ لگاتے تو وہ مرجاتے یہاں تک کہ عمرو بن عبد مناف کا زمانہ آیا وہ اپنے زمانے کا سردار تھا اس کا ایک بیٹھا تھا جس کو اسد کہتے اس کا بنی مخزوم میں ایک ہم عمر تھا جس سے اسد محبت کرنا اور اسی کے ساتھ کھیلا کرتا تھا اس ساتھی نے اسد سے کہا : ہم کل اعتقاد کریں گے۔ ابن فارس نے کہا : اس روایت میں یہ ایسا لفظ ہے جس کے بارے میں میں نہیں جانتا کہ یہ دال کے ساتھ ہے یا راء کے ساتھ ہے، اگر یہ راء کے ساتھ ہے تو شاید عفر سے ہو جس کا معنی مٹی ہے اگر وہ دال کے ساتھ ہو تو میں اس کا معنی نہیں جانتا جو میں گمان کرتا ہوں وہ یہ ہے کہ وہ اس خیمہ کی طرف جائیں گے اور ایک ایک کر کے مرجائیں گے اسد اپنی ماں کے پاس روتے ہوئے گیا اور اس کے ہم عمر ساتھی نے جو کچھ کہا تھا اس کا ذکر کیا تو اسد کی والدہ نے ان لوگوں کی طرف آٹا اور چربی بھیجی جس کی مدد سے انہوں نے چند دن گزارے پھر اس کا ساتھی آیا کہا : ہم کل اعتقاد کریں گے تو اسد اپنے باپ کے پاس روتے ہوئے گیا اور اپنے ساتھی کی بات بتائی، یہ بات عمرو بن عبد مناف پر شاق گزری۔ وہ قریش کی مجلس میں خطبہ دینے کے لیے کھڑے ہوئے، سارے قریش ان کی اطاعت کرتے تھے عمرو نے کہا : تم نے ایک ایسا کام شروع کر رکھا ہے جس کے ذریعے تم کم ہوتے جارہے ہو اور عرب بڑھتے جارہے ہیں تم بےیارومددگار ہورہے ہو جبکہ عرب غالب ہورہے ہیں، تم اللہ کے حرم والے اور حضرت آدم کی اولاد میں سے سب سے معزز ہو لوگ تمہارے تابع ہیں ممکن ہے یہ اعتقاد تم پر غالب آجائے۔ انہوں نے کہا : ہم تیری اتباع کریں گے، عمرو نے کہا : اس آدمی سے آغاز کرو یعنی اسد کے ہم عمر کے والد سے، اسے اعتقاد سے غنی کردو۔ تو انہوں نے ایسا ہی کیا۔ پھر انہوں نے اونٹ ذبح کیا بھیڑ بکریاں ذبح کیں پھر ثرید بنایا اور لوگوں کو کھلایا تو اس کا نام ہاشم پڑگیا۔ اس کے بارے میں شاعر نے کہا :
عمرو الذی ھشم الثرید لقومہ
عمرو وہی ہے جس نے اپنی قوم کے لیے ثرید تیار کیا۔
پھر اس نے تمام خاندانوں کو دو تجارتی سفروں پر جمع کیا موسم سرما میں یمن کی طرف اور موسم گرما میں شام کی طرف۔ غنی نے جو نفع کمایا اسے اپنے اور فقیر کے درمیان تقسیم کیا یہاں تک کہ ان کا فقیر غنی ہوگیا۔ اسلام آیا تو وہ اس معاشرتی ادب پر تھے، عربوں میں سے کوئی قبیلہ ایسا نہ تھا جو مال اور عزت میں قریش سے بڑھ کر ہو اس معنی میں شاعر کا قول ہے :
والخالطون فقیرھم بغنیھم۔۔۔ حتی یصیر فقیرھم کالکافی
وہ اپنے فقیر کو اپنے غنی کے ساتھ ملانے والے ہیں یہاں تک کہ ان کا فقیر کفایت کرنے والے کی طرح ہوجاتا ہے۔
عرب اس طرح تھا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول حضرت محمد کو اپنا رسول بنا کر بھیج دیا تو ارشاد فرمایا پس چاہیے کہ وہ اس گھر کے رب کی عبادت کریں جس نے ہاشم کے عمل کے واسطے سے بھوک میں کھانا کھلایا اور عربوں کے بڑھنے اور قریش کے کم ہونے کے خوف سے نجات عطا فرمائی۔
رحلۃ الشتاء والصیف۔۔ میں رحلۃ کا لفظ مفعول مطلق کی حیثیت سے منصوب ہے تقدیر کلام یوں گی ارتحالھم رحلۃ، یا ایلافھم اس میں عامل ہے یا ظرف ہونے کی حیثیت سے منصوب ہے اگر تو اسے محل رفع میں رکھے جب کہ معنی یہ ہو ھما رحلۃ الشتاء والصیف تو یہ بھی جائز ہے۔ جبکہ پہلی تعبیر زیادہ مناسب ہے رحلۃ سے مراد سفر کرنا ہے۔ دو سفروں میں سے ایک سفر موسم سرما میں یمن کی طرف ہوتا کیونکہ یمن کا علاقہ گرم ہے اور دوسرا سفر موسم سرما میں شام کی طرف ہوتا کیونکہ وہ سرد علاقہ تھا۔ حضرت ابن عباس سے یہ بھی مروی ہے : وہ موسم سرما مکہ مکرمہ میں گزارتے تھے کیونکہ یہ علاقہ گرم تھا اور موسم سرما طائف میں گزارتے تھے کیونکہ اس کی آب و ہوا بہت اچھی تھی۔ یہ بہت بڑی نعمت ہے کہ ایک قوم کے لیے گرم علاقہ ہو جس کے ذریعہ وہ موسم سرما کی سردی کو دور کرسکے اور ایک سرد علاقہ ہو جس کے ذریعہ وہ موسم گرما کی گرمی دور کرسکے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے اس نعمت کا ذکر کیا۔ شاعر نے کہا :
تشتی بمکۃ نعمۃ و مصیفھا بالطائف
وہ آسودگی سے مکہ مکرمہ میں موسم سرما گزارتی ہے اور اس کا موسم گرما طائف میں گزرتا ہے
یہاں چار مسائل ہیں :
قرات وقف اور عدم وقف کی صورت میں :
مسئلہ نمبر 1: قاضی ابوبکر بن عربی اور دوسرے علماء نے یہ پسند کیا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان لایلف یہ ماقبل فعل کے متعلق ہے۔ اسے مابعد کے متعلق کرنا جائز نہیں۔ وہ اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے : فلیعبدوا رب ھذا البیت۔ کہا : جب یہ امر ثابت ہے کہ یہ دوسری سورت کے ساتھ متعلق ہے جبکہ نئی کلام کے ساتھ، بیان کے نئے شروع کرنے اور بسم اللہ الرحمن الرحیم کے لکھنے سے اس سے تعلق ختم کردیا گیا ہے تو اس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ کلام کے مکمل ہونے سے قبل بھی قراء کے لیے وقف کرنا جائز ہے وہ مقامات جہاں قراء وقف کرتے ہیں یہ ایسی چیز نہیں جس کو انہوں نے شرعی طریقہ سے اخذ کیا بلکہ اصل میں وہ طلباء کو معانی کی تعلیم دینا چاہتے ہیں جب وہ اسے جان لیتے تو جہاں چاہیں وقف کرلیں جہاں تک سانس کے ٹوٹنے پر وقف کرنے کا معاملہ ہے تو اس میں کوئی اختلاف نہیں جب تجھے اس قسم کا عارضہ لاحق ہو تو ماقبل حصہ کا اعادہ نہ کر بلکہ وہاں سے ہی شروع کرلے جہاں تیری سانس ٹوٹی تھی اس بارے میں یہ میری رائے ہے انہوں نے جو کچھ کہا ہے اس پر کسی حال میں کوئی دلیل نہیں لیکن میں کلام کے مکمل ہونے پر وقف پر اعتماد کرتا ہوں کیونکہ ان کے نقطہ نظر سے باہر جانا بھی مجھے ناپسند ہے۔
میں کہتا ہوں : اس کے صحیح ہونے پر دلیل نبی کریم کی قرات ہے کہ آپ الحمدللہ رب العالمین پر وقف کرتے، پھر الرحمن الرحیم، پر وقف کرتے یہ کتاب کے مقدمہ میں بات گزر چکی ہے۔ مسلمانوں نے اس پر اتفاق کیا ہے کہ کعصف ماکول پر وقف کوئی قبیح نہیں، تو اسے کیسے قبیح کہا جاسکتا ہے جبکہ اسے پہلی رکعت میں پڑھا جاتا ہے اور بعد والی سورت کو بعد والی رکعت میں پڑھا جاتا ہے تو قرات کے قطع ہونے کے ساتھ ساتھ درمیان میں کئی ارکان بھی آجاتے ہیں کسی عالم نے اسے مکروہ نہیں جانا۔ اس میں کوئی علت نہیں مگر یہ کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : فجعھلم کعصف ماکول۔ آیت کی انتہا ہے، اس پر قیاس یہ ہے کہ آیات کے اختتام پر وقف کرنا کوئی ممتنع نہیں خواہ کلام مکمل ہو اور غرض ختم ہو یا کلام مکمل نہ ہو اور غرض ختم نہ ہو۔ ساتھ ہی ساتھ یہ بھی آیات کے سرے منظوم کلام کی زینت اور زیور ہیں۔ اگر یہ نہ ہو تو منظوم، منثور سے واضح نہ ہو اس میں کوئی خفا نہیں کہ منظوم کلام بہت ہی حسین ہوتی ہے تو اس سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ فواصل، منظوم کلام کے محاسن میں سے ہوتے ہیں جس نے فواصل (آیات کے سرے) پر وقف کر کے ان کا اظہار کیا تو اس نے کلام کے محاسن کو ظاہر کیا اور وقف کو ترک کرنا ان محاسن کو مخفی کرتا ہے اور منثور کلام کو منظوم کلام کے مشابہ کرتا ہے یہ پڑھی جانے والی کلام کے حق میں خلل ڈالنا ہے۔
شتاء کا معنی و مفہوم :
مسئلہ نمبر 2: امام مالک نے کہا : شتاء سے مراد نصف سال اور صیف سے مراد نصف سال ہے میں ربیعہ بن ابی عبدالرحمن اور ان کے ساتھیوں کو ہمیشہ دیکھتا رہا کہ وہ اپنی پگڑیوں کو نہیں اتارتے تھے مگر جب ثریا طلوع ہوتی یہ بشنس کا انیسواں دن ہے یہ رومیوں یا ایرانیوں کے مہینوں کی تعداد کے مطابق پچیسواں دن ہے ثریا کے طلوع ہونے سے میری مراد ہے کہ جب ٹیکس وصول کرنے والے تکل پڑتے ہیں اور لوگ اپنے مویشوں کو اپنے اپنے چشموں کی طرف لے کر چل پڑتے ہیں اور ثریا کے طلوع ہونے سے مراد موسم گرما کا آغاز اور موسم سرما کا اختتام ہے یہ ایسا نقطہ نظر ہے جس میں ان کے ساتھیوں میں کوئی اختلاف نہیں صرف اشہب نے ان سے ایک قول یہ نقل کیا ہے : جب ھقعہ گر پڑے تو رات کم ہوجاتی ہے ثریا کے طلوع کو موسم گرما کا آغاز بنایا گیا ہے تو ضروری ہے کہ پورے سال میں اس کا حصہ چھ ماہ ہوں۔ پھر موسم گرما کے چلے جانے کے بعد موسم سرما کے چھ ماہ آجاتے ہیں۔ محمد بن حکم سے ایسے آدمی کے بارے میں پوچھا گیا جو یہ قسم اٹھاتا ہے کہ وہ فلاں آدمی سے گفتگو نہیں کرے گا یہاں تک کہ موسم سرما آجائے۔ تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ اس سے گفتگو نہ کرے یہاں تک کہ ہاتور کے سترہ دن گزر جائیں اگر اس نے کہا کہ وہ اس سے بات نہیں کرے گا یہاں تک کہ موسم گرما داخل ہوجائے تو وہ اس سے بات نہ کرے یہاں تک کہ بنشنس کے انیس دن گزر جائیں، کیونکہ اگر تو منازل کا حساب لگائے جیسے کہ وہ ہیں یعنی تیرہ راتیں ایک منزل کی ہیں تو تو جان لے گا کہ ہاتور کے انیس دن گزر جانے پر اس کی منازل ختم نہیں ہوتیں مگر جبکہ بشنس کے انیس دن داخل ہوجائیں۔ اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے۔
زمانہ کی اقسام :
مسئلہ نمبر 3: ایک قوم نے کہا زمانہ کی چار قسمیں ہیں۔ (1) موسم سرما (2) موسم بہار (3) موسم گرما (4) موسم خزاں۔ ایک قوم کا نطقہ نظر ہے وہ موسم سرما، موسم گرما، موسم قیظ اور موسم خریف (خزاں) ہے۔ امام مالک نے جو کہا وہ زیادہ صحیح ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے زمانہ کو دو قسموں میں تقسیم کیا ہے ان کا تیسرا نہیں بنایا۔
دو زمانوں میں دو مقامات پر وقت گزارنا :
مسئلہ نمبر 4: جب اللہ تعالیٰ نے قریش پر دو سفروں یعنی موسم سرما اور موسم گرما کے سفروں کے ساتھ احسان فرمایا جس طرح پہلے گزار ہے اس میں یہ دلیل موجود ہے کہ ایک آدمی کا زمانوں میں دو مقامات پر وقت گزارنا جائز ہے۔ یہ زمانہ میں ان کا حال دوسرے کی بنسبت زیادہ نعمت کا باعث ہوگا، جس طرح موسم سرما میں مجلس بحری (سمندر کی طرف سے آناے والی ہوا کی جگہ) میں بیٹھنا اور موسم سرما میں مجلس قبلی (شمال کی جانب سے چلنے ووالی ہوا کی گزرگاہ) میں بیٹھنا اور ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے روشن دان وغیرہ بنانا اور گرمی حاصل کرنے کے لیے گدے وغیرہ استعمال کرنا۔