تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 106. Quraish · Ayah 3

  1. فَلْیَعْبُدُوْا رَبَّ هٰذَا الْبَیْتِۙ﴿3﴾

    1. فَلْيَعْبُدُوْاپس چاہیے وہ عبادت کریں
    2. رَبَّ هٰذَا الْبَيْتِاس گھرکے رب کی
Translation · Al-Qurtubi
لوگوں کو چاہئے کہ (اس نعمت کے شکر میں) اس گھر کے مالک کی عبادت کریں
Tafseer · Al-Qurtubi

پس چاہیئے کہ وہ عبادت کیا کریں اس خانہ (کعبہ) کے رب کی۔

اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنی عبادت کرنے اور وحدانیت کا پر چار کرنے کا حکم دیا کیونکہ اس نے انہیں دو سفر کرنے کی محبت سے نوازا۔ فعل کے اوپر فاء اس لیے داخل ہوئی ہے کیونکہ کلام میں شرط کا معنی پایا جاتا ہے معنی یہ بنے گا اللہ تعالیٰ کی نعمتیں بیشمار ہیں اگر تم باقی نعمتوں کی وجہ سے اس کی عبادت نہیں کرتے تو اس ایک نعمت کی وجہ سے اس کی عبادت کرو جو ظاہر نعمت ہے۔ یہاں بیت سے مراد کعبہ ہے ان کے سامنے اپنا یہ تعارف کروانا کہ وہ اس بیت کا رب ہے اس کی دو وجہیں ہیں :

(1) ان کے بت تھے تو اللہ نے ان سے اپنے آپ کو ممتاز کیا۔

(2) کیونکہ بیت اللہ شریف کی وجہ سے انہیں تمام عربوں پر فضیلت عطا کی گئی تھی تو انہیں اپنا احسان جتلانے کے لیے ان کے سامنے اس کا ذکر کیا۔ ایک قول یہ کیا گیا ہے کہ اس کا معنی ہے رب کعبہ کی عبادت سے مانوس ہوجائیں جس طرح وہ دونوں سفروں سے مانوس ہیں۔ عکرمہ نے کہا : قریش بصری کی طرف سفر کرنے سے مانوس تھے اور یمن کی طرف سفر کرنے سے مانوس تھے تو انہیں کہا گیا کہ وہ مکہ مکرمہ میں ٹھہریں اور اس گھر کے رب کی عبادت کریں۔ موسم سرما کا سفر یمن کی طرف اور موسم گرما کا سفر شام کی طرف ہوتا تھا۔