تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 83. Al-Mutaffifin · Ayah 1

Tafseer
  1. وَیْلٌ لِّلْمُطَفِّفِیْنَۙ﴿1﴾

    1. وَيْلٌخرابی ہے
    2. لِّلْمُطَفِّفِيْنَکمی کرنے والوں کیلئے
Translation · Al-Qurtubi
ناپ اور تول میں کمی کرنے والوں کے لئے خرابی ہے
Tafseer · Al-Qurtubi
ویل للمطففین۔۔۔ تا۔۔ یخسرون۔ اس میں چار مسائل ہیں۔ آیت کا شان نزول۔ مسئلہ نمبر 1۔ امام نسائی نے حضرت ابن عباس سے روایت نقل کی ہے جب نبی کریم مدینہ طیبہ آئے تو وہ بہت ہی براکیل کرنے والے لوگ تھے تو اللہ تعالیٰ نے ان آیات کو نازل فرمایا، تو انہوں نے اپنے کیل کو اچھا کرلیا۔ فراء نے کہا، وہ آج تک سب سے اچھا کیل کرنے والے تھے، حضرت ابن عباس سے بھی اسی طرح مروی ہے کہا وہ پہلی سورت ہے جو رسول اللہ ﷺ پر اس وقت نازل ہوئی جب آپ مدینہ طیبہ پہنچے۔ یہ انہیں کے بارے میں حکم ہے جب وہ خریدتے تو راجح کیل کے ساتھ لیتے جب وہ بیچتے توکیل اور وزن میں کمی کرتے جب یہ سورت نازل ہوئی تو وہ رک گئے، وہ آج تک تمام لوگوں سے اچھے کیل کرنے والے ہیں، کچھ لوگوں نے کہا، یہ ایک آدمی کے بارے میں آیات نازل ہوئیں جو ابوجہینہ کے نام سے معروف تھا، اس کا نام عمرو تھا اس کے دو صاع تھے وہ ایک صاع سے لیتا اور دوسرے صاع سے دیتا یہ حضرت ابوہریرہ کا قول ہے۔ ویل سے کیا مراد ہے۔ ؟ مسئلہ نمبر 2۔ ویل یعنی آخرت میں سخت عذاب ہوگا، حضرت ابن عباس نے فرمایا یہ جہنم میں ایک وادی ہے جس میں جہنمیوں کی پیپ بہے گی یعنی وہ لوگ جو اپنے کیل اور وزن میں کمی کرتے ہیں ان کے لیے یہ عذاب ہے حضرت ابن عمر سے مروی ہے کہ مطفف سے مراد وہ شخص ہے جو ایسا آدمی اجرت پر لاتا ہے جس کے بارے میں اسے علم ہے کہ وہ کیل میں ظلم کرے گا تو اس مزدور کا گناہ بھی اس پر ہوگا۔ دوسرے علماء نے کہا، تطفیف، کیل، وزن، وضو، نماز اور حدیث میں ہوتی ہے۔ موطا میں امام مالک نے ارشاد فرمایا، ہر شی میں وفا اور تطفیف ہے سالم بن ابی جعد سے مروی ہے کہ نماز کا بھی معیار ہے جو اس کے حقوق پورے کرے، وہ اس کے حق میں ہے اور جس نے کمی کی تو تم جان لوجو اللہ تعالیٰ نے اس کے بارے میں ارشاد فرمایا، ویل للمطففین۔ مطفف کی تشریح۔ مسئلہ نمبر 3۔ اہل لغت نے کہا، مطفف، طفیف سے ماخوذ ہے جس کا معنی قلیل ہے، مطفف اسے کہتے ہیں جو حق دار کے حق میں کیل اور وزن کے ذریعے کمی کرے، زجاج نے کہا، یہ کام کرنے والے کو مطفف کہتے ہیں، کیونکہ وہ اس پیمانہ اور ترازو کے ساتھ تھوڑی سی چیز ہی چوری کرتا ہے، یہ طف الشی سے ماخوذ ہے جو اس شی کی جانب ہوتی ہے یہ لفظ بولا جاتا ہے، طفاف المکوک، طفاف المکوک، جو اس کے کناروں کو بھر دے اس طرح لفظ بولا جاتا ہے، طف المکوک وطففہ، حدیث میں ہے، کلکم بنوآدم طف الصاع تملوہ۔ معنی یہ ہے کہ تم ایک دوسرے کے قریب ہو تمہیں ایک دوسرے پر تقوی کے بغیر کوئی فضیلت نہیں، طفاف اور طفاہ سے مراد ہے جو پیمانہ سے بڑھ کر ہو، اناء طفاف جب اس کا بھرنا کنارے تک پہنچ جائے تو اس سے یہ فعل ماخوذ کرتا ہے، اطففت، تطفیف، سے مراد ہے پیمانہ میں کمی کرنا وہ یہ کہ کناروں تک نہ بھراجائے۔ یہ جملہ بولا جاتا ہے، ادھقت الک اس الی اصبارھا، یعنی میں نے کنارے تک پیالے کو بھر دیا، حضرت ابن عمر کا قول جب انہوں نے نبی کریم کے سامنے گھڑدوڑ کا ذکر کیا، میں اس روز شاہسوار تھا میں لوگوں پر سبقت لے گیا یہاں تک طفف بی الفرس مسجد بنی زریق میرا گھوڑا مسجد بنی زریق کے برابر ہوا چاہتا تھا۔ مطفف کی اصل حقیقت کیا ہے ؟ مسئلہ نمبر 4۔ مطفف اسے کہتے ہیں جو کیل اور وزن میں کمی کرتا ہے جس طرح ہم نے بیان کیا ہے وہ پورا پورا حق نہیں دیتا، ابن قاسم نے ابن مالک سے روایت نقل کی ہے کہ انہوں نے ویل للمطففین کی قرات کی فرمایا، نہ ناپ تول میں کمی کرونہ ہی ملاوٹ کرو بلکہ پلڑے کو چھوڑ دو اور اس پر کوئی چیز بہاؤ یہاں تک کہ جب وہ پورا ہوجائے تو اپنے ہاتھ کو کھلاچھوڑ دو ۔ اور اسے نہ روکو۔ عبدالملک بن ماجشون نے کہا، رسول اللہ نے کناروں پر ہاتھ مارنے سے منع کیا اور فرمایا، برکت تو اس کی چوٹی میں ہے کہا مجھے خبر پہنچی کہ فرعون کا پیمانہ لوہے کا تھا۔