تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 83. Al-Mutaffifin · Ayah 18

Tafseer
  1. كَلَّاۤ اِنَّ كِتٰبَ الْاَبْرَارِ لَفِیْ عِلِّیِّیْنَؕ﴿18﴾

    1. كَلَّآہرگز نہیں
    2. اِنَّبیشک
    3. كِتٰبَاعمال نامہ
    4. الْاَبْرَارِنیک لوگ
    5. لَفِيْ عِلِّيِّيْنَالبتہ علیین میں
Translation · Al-Qurtubi
(یہ بھی) سن رکھو کہ نیکوکاروں کے اعمال علیین میں ہیں
Tafseer · Al-Qurtubi
کلا ان کتب الابرابر۔۔۔ تا۔۔۔ المقربون۔ کلا ان کتب الابرار لفی علیین۔ کلایہ حقا کے معنی میں ہے اور وقف تکذبون پر ہے، ایک قول یہ کیا گیا ہے، بات اس طرح نہیں جس طرح وہ کہتے ہیں اور نہ ہی بات اس طرح ہے جس طرح انہوں نے گمان کیا یہ بلکہ ان کی کتاب سجین میں ہے اور مومنین کی کتاب علیین میں ہے، مقاتل نے کہا، اس کا معنی وہ اس عذاب پر ایمان نہیں لائیں گے جس میں وہ داخل ہوں گے، پھر نئی کلام شروع کی اور فرمایا کہ ابرار کی کتاب اس کے مرتبہ کے مطابق علیین میں بلند کردی گئی ہے، حضرت ابن عباس نے کہا، علیین سے مراد جنت ہے۔ ان سے یہ بھی منقول ہے ان کے اعمال کتاب اللہ میں ہیں جو آسمان میں ہے، ضحاک، مجاہد اور قتادہ نے کہا، یعنی ساتویں آسمان میں جس میں مومنوں کی روحیں ہیں۔ ابن اجلح نے ضحاک سے روایت نقل کی ہے اس سے مراد سدرۃ المنتہی ہے اللہ تعالیٰ کے امور میں سے ہر چیز یہاں آکر رک جاتی ہے اس سے آگے تجاوز نہیں کرتی، وہ کہتے ہیں اے میرے رب، تیرا فلاں بندہ ہے جب کہ اللہ تعالیٰ اس کے بارے میں ان سے زیادہ جانتا ہے اس کی طرف اللہ تعالیٰ کی جانب سے کتاب آئی ہے جس پر عذاب سے امن کی مہر ہوتی ہے اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کا یہی مطلب ہے۔ کعب الاحبار سے مروی ہے، مومن کی روح جب قبض کی جاتی ہے اسے آسمان کی طرف لے جایا جاتا ہے اس کے لیے آسمان کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں فرشتے خوش خبری دیتے ہوئے اسے وصول کرتے ہیں پھر اسے لے کرنکلتے ہیں یہاں تک کہ وہ عرش تک جاپہنچتے ہیں ان کے لیے تخت کے نیچے سے ایک ورقہ نکلتا ہے اس کے اوپر تحریر کیا جاتا ہے اور اس میں یہ مہر لگائی جاتی ہے کہ قیامت کے روز اس کے لیے نجات ہے اور مقرب اس پر گواہی دیں گے، قتادہ نے یہ بھی کہا، فی علیین سے مراد ساتویں آسمان کے اوپر اور عرش کے دائیں پائے کے پاس ہے، حضرت براء بن عازب نے کہا، نبی کریم نے ارشاد فرمایا، علیون ساتویں آسمان میں عرش کے نیچے ہے۔ حضرت ابن عباس سے مروی ہے، اس سے مراد وہ لوح ہے جو سبززبرجد کی ہے، عرش کے ساتھ لٹکی ہوئی ہے ان کے اعمال اس میں لکھے ہوئے ہیں۔ فراء نے کہا، علیون سے مراد بلندی کے بعد بلندی ہے، ایک قول یہ کیا گیا ہے، علیون سے مراد بلند ترین مکان ہے، ایک قول یہ کیا گیا ہے، اس سے مراد ایسی بلندی جو کئی گنا بلندیوں میں ہو، گویا اس کی کوئی انتہا نہیں، اس وجہ سے اس کی جمع واؤ نون کے ساتھ ذکر کی گئی ہے طبری کے قول کا بھی یہی معنی ہے فراء نے کہا، یہ ایسا اسم ہے جو جمع کے وزن پر بنایا گیا ہے اس کالفظی طور پر کوئی واحد نہیں، جس طرح عشرون، ثلاثون، عرب جب جمع بناتے ہیں اور اس کے واحد کا کوئی صیغہ نہ ہو اور نہ ہی اس کا کوئی تثنیہ ہو تو وہ مذکور ومونث دونوں میں نون لگاتے ہیں طبری کے قول کا بھی یہی معنی ہے۔ زجاج نے کہا : اس اسم کا اعراب جمع کے اعراب کی طرح ہے، جس طرح تو کہتا ہے، ھذہ قنسرون، رایت قنسرین۔ یونس نحوی نے کہا : اس کا واحد علی اور علیہ، ہے ابوالفتح نے کہا، علیین، علی کی جمع ہے یہ علو سے فعیل کا وزن ہے طریقہ تو یہ تھا کہ علیۃ ہوتا جس طرح انہوں نے غرفہ کے لیے علیۃ کا لفظ ذکر یا کیونکہ یہ علو سے مشتق ہے جب علیہ سے تاء کو حذف کیا اس کے عوض میں واؤ نون جمع کے لیے ذکر کیا جس طرح وہ ارضین میں کہتے ہیں۔ ایک قول یہ کیا گیا ہے، علیین یہ ملائکہ کی صفت ہے کیونکہ وہی ملاء اعلی ہیں جس طرح کہا جاتا ہے، فلان بنی فلاں یعنی فلاں آدمی فلاں میں سے ہے یا ان کے ہاں رہتا ہے، حضرت ابن عمر سے جو مروی ہے کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا، کہ اہل علین اتنی دور سے جنتیوں کو دیکھیں گے جب اہل علین میں سے کوئی جنتیوں پر جھانکے گا تو اس کے چہرے کے نور سے جنت روشن ہوجائے گی جنتی کہیں گے وہ نور کیا ہے ؟ تو کہاجائے گا اہل علیین جو اہل طاعت اور مصداق ہیں ان میں سے ایک آدمی نے جھانکا ہے جس طرح روشن ستارے کو آسمان کے افق میں دیکھا جاتا ہے۔ یہ روایت اس امر پر دلالت کرتی ہے کہ علیین بلند جگہ کا نام ہے کچھ لوگوں نے حضرت ابن عباس سے علیین روایت نقل کی ہے کہ خبر دی گئی کہ ان کے اعمال اور ارواح چوتھے آسمان میں ہوں گے۔