تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 83. Al-Mutaffifin · Ayah 3

Tafseer
  1. وَ اِذَا كَالُوْهُمْ اَوْ وَّ زَنُوْهُمْ یُخْسِرُوْنَؕ﴿3﴾

    1. وَاِذَااور جب
    2. كَالُوْهُمْماپ کردیں وہ
    3. اَوْ وَّزَنُوْهُمْیا تول کردیں
    4. يُخْسِرُوْنَگھٹا کردیں
Translation · Al-Qurtubi
اور جب ان کو ناپ کر یا تول کردیں تو کم دیں
Tafseer · Al-Qurtubi
واذاکالوھم او وزنوھم یخسرون۔ اس میں دو مسئلے ہیں : کیل اور وزن سے کیا مراد ہے ؟ مسئلہ نمبر 1۔ یعنی جب دوسروں کے لیے کیل اور وزن کرتے ہیں تویہاں سے لام حذف کردیا گیا ہے فعل براہ راست مفعول کی متعدی ہے اور اس نے اسے نصب دی ہے اس کی مثل نصحتک اور نصحت لک ہے، امرتک بہ اور امرت کہ، یہ اخفش اور فراء نے بات کہی، فراء نے کہا میں نے ایک بدوی عورت کو یہ کہتے ہوئے سنا جب لوگ واپس لوٹ جائیں گے تو ہم تاجر کے پاس آئیں گے جو آنے والے موسم حج تک ایک مد، دو مد کیل کرکے دے دے گا۔ یہ اہل حجاز اور ان کے محاور بنوقیس کی لغت ہے۔ زجاج نے کہا : کالو اور وزنوا پر وقف کرنا جائز نہیں، یہاں تک کہ اس کے ساتھ ھم ضمیر ملی ہو، کچھ لوگ ایسے ہیں جو اس ضمیر کو تاکید بناتے ہیں اور کالو اور وزنوا پر وقف کرتے ہیں، پہلا نقطہ نظر پسندیدہ ہے کیونکہ فعل اور ضمیر مل کر ایک حرف ہے۔ یہ کسائی کا قول ہے، ابوعبید نے کہا، عیسیٰ بن عمر نے انہیں دو حرف قرار دیا اور کالواوزنوپروقف کرنا اور ھم یخسرون سے نئی کلام شروع کرنا۔ میرا خیال ہے حمزہ کی قرات بھی اسی طرح ہے ابوعبید نے کہا، پسندیدہ بات یہ ہے کہ دونوں ایک کلمہ ہوں اس کی دو وجہیں ہیں۔ خط، اس کی وجہ یہ ہے کہ علماء نے اسے الف کے بغیر لکھا ہے اگر یہ دونوں الگ الگ کلمے ہوتے تو کالو اور وزنوا الف کے ساتھ لکھے جاتے۔ یہ جملہ کہا جاتا ہے، کلتک، وزنتک، یہ کلت لک، اور وزنت لک کے معنی میں ہے یہ عربی کلام ہے جس طرح یہ جملہ بولا جاتا ہے، صدتک وصدت لک میں نے تیرے لیے شکار کیا، کسبتک کسبت لک میں نے تیرے لیے کسب کیا، اسی طرح شکرتک اور نصتحک ہے اسی طرح کی دوسری مثالیں ہیں۔ یخسرون کا معنی ہے وہ کمی کرتے ہیں عرب کہتے ہیں، اخسرت المیزان، خسرتہ، میں نے اس میں کمی۔ عام قرات کے مطابق ھم ضمیر منصوب ہے اور الناس کی طرف لوٹ رہی ہیں تقدیر کلام یہ ہوگی، واذاکالوالناس او وزنوھم یخسرون اس میں دو وجہیں ہیں، یہ ارادہ کیا جائے کالوھم او وزنواھم حرف جار کو حذف کیا گیا اور فعل کو مفول کے ساتھ ملادیا جس طرح کہا، ولقد جنیتک اکمووعساقلا، اس سے مراد جنیت لک ہے۔ مضاف کو حذف مانا جائے اور مضاف الیہ کو مضاف کے قائم مقام رکھا جائے مضاف، مکیل اور موزون ہے، حضرت ابن عباس سے مروی ہے اے عجمیو، تم دو امور کے ذمہ دار ہوں ان دونوں کی وجہ سے وہ لوگ ہلاک ہوئے جو تم سے پہلے تھے کیل اور وزن۔ عجمیوں کو خاص کیا کیونکہ یہ کیل اور وزن دونوں کو جمع کرتے ہیں دونوں حرموں میں یہ الگ الگ ہیں اہل مکہ وزن کیا کرتے تھے اور اہل مدینہ کیل کیا کرتے تھے، دوسری قرات میں ھم ضمیر مبتداء ہونے کی حیثیت سے مرفوع ہے جب وہ لوگوں کے لیے کیل اور وزن کرتے ہیں وہ کمی کرتے ہیں۔ یہ تعبیر صحیح نہیں کیونکہ پہلی ضمیر تولغو ہوجاتی ہے یہ تعبیر اس وقت درست ہوگی اگر اس کے بعد یہ کلام ہوتی واذاکالوھم نقصون او وزنوھم یخسرون۔ کیل ووزن میں کمی کی سزا۔ مسئلہ نمبر 2۔ حضرت ابن عباس نے نبی کریم سے روایت نقل کی ہے، پانچ سزائیں، پانچ اعمال کے بدلے میں ہیں کوئی قوم بدعہدی کا ارتکاب نہیں کرتی مگر الہ تعالیٰ ان پر دشمنوں کو مسلط کردیتا ہے وہ اللہ تعالیٰ کے حکم کے بغیر فیصلہ نہیں کرتے مگر ان میں فقر عام ہوجاتا ہے ان میں بےحیائی عام نہیں ہوتی مگر ان میں طاعون پھیل جاتا ہے وہ کیل میں کمی نہیں کرتے مگر ان سے نباتات کو روک لیا جاتا ہے اور قحط سالی سے انہیں پکڑا جاتا ہے وہ زکوۃ کو نہیں روکتے مگر اللہ تعالیٰ ان سے بارش کو روک لیتا ہے اے ابوبکر بزار اور حضرت مالک بن انس نے حضرت عمر سے نقل کیا ہے کہ ہم نے اس کا ذکر کتاب التذکرہ میں کیا ہے مالک بن دینا نے کہا، میں اپنے پڑوسی کے پاس گیا جس کی موت کا وقت قریب تھا وہ کہنے لگا آگ کے دوپہاڑ، آگ کے دوپہاڑ۔ میں نے کہا، تو کیا کہتا ہے ؟ کیا توہذیان کہتا ہے ؟ اس نے کہا، اے ابویحییٰ میرے پاس دوپیمانے تھے میں ایک کے ساتھ دیتا اور اور دوسرے کے ساتھ لیتا تھا میں اٹھا یہاں تک کہ میں ایک کو دوسرے کے ساتھ مارنے لگا یہاں تک کہ میں نے دونوں کو توڑ دیا اس نے کہا، اے ابویحییٰ جب تو نے ایک کو دوسرے سے مارا تو وہ اور بڑھتا گیا وہ اسی تکلیف کی وجہ سے مرگیا۔ عکرمہ نے کہا : میں کیل اور وزن کرنے والے کے بارے میں گواہی دیتا ہوں کہ وہ جہنم میں ہوگا، اصمعی نے کہا، میں نے ایک بدو عورت سے سنا وہ کہہ رہی تھی تو اس سے مروت کو تلاش کر جس کی مروت مکیال کے سروں میں ہو اور اس سے مروت کو تلاش نہ کر جس کی مروت ترازو کی زبان میں ہو، یہی حضرت علی سے مروی ہے عبدخیر نے کہا، حضرت علی ایک آدمی کے پاس سے گزرے جبکہ وہ زعفران کا وزن کررہا تھا اور ان کو تول رہا تھا تو حضرت علی نے اس کے ترازو کو الٹ دیا پھر فرمایا، انصاف سے وزن کرو پھر اس کے بعد جو چاہوزائد دے دو ۔ گویا پہلے اسے برابر کا حکم دیا تاکہ اس کا عادی ہوجائے اور واجب کو نفل سے الگ کرے، نافع نے کہا، حضرت ابن عمر تاجر کے پاس سے گزرتے اور فرماتے اللہ سے ڈرو اور ناپ تول پورا کرو بیشک ناپ تول میں کمی کرنے والے کھڑے ہوں گے یہاں تک کہ پسینہ ان کے کانوں کے نصف تک پہنچ رہا ہوگا یہ روایت بیان کی گئی ہے کہ حضرت ابوہریرہ مدینہ طیبہ آئے جبکہ نبی کریم خیبر جاچکے تھے آپ نے سباع بن عرفہ کو مدینہ طیبہ پر نائب بنایا ہوا تھا حضرت ابوہریرہ نے کہا، ہم نے ان کو صبح کی نماز میں پایا انہوں نے پہلی رکعت میں کھیعص اور دوسری رکعت میں ویل للمطففین۔ کو پڑھا حضرت ابوہریرہ نے فرمایا میں اپنی نماز میں کہتا ہوں ابوفلاں کے لیے ہلاکت ہو اس کے دوپیمانے تھے جب کسی سے کوئی چیز لیتا تو پوری لیتا اور جب کسی کو کیل کرکے دیتا تو ناقص کے ساتھ دیتا۔