تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 90. Al-Balad · Ayah 4
Tafseerلَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْ كَبَدٍؕ﴿4﴾
- لَقَدْ خَلَقْنَاتحقیق ہم نے پیدا کیا
- الْاِنْسَانَانسان
- فِيْ كَبَدٍمشقت میں
Translation · Al-Qurtubi
کہ ہم نے انسان کو تکلیف (کی حالت) میں (رہنے والا) بنایا ہے
Tafseer · Al-Qurtubi
لقد خلقنا الانسان فی کبد۔
یہاں پر قسم ختم ہوگئی تھی یہ آیت جواب قسم ہے اللہ تعالیٰ کو حق حاصل ہے کہ اپنی مخلوقات کی تعظیم کے لیے جس کی چاہے قسم اٹھائے جس طرح پہلے گزرچکا ہے یہاں انسان سے مراد ابن آدم ہے کبد کا معنی شدت اور تھکاوٹ ہے یہ مکابدۃ الدنیا سے مشتق ہے، کبد کا اصل معنی شدت ہے اسی سے ایک جملہ بولا جاتا ہے، تکبداللبن دودھ گاڑھا ہوگیا، سخت ہوگیا اسی سے کبد جگر ہے کیونکہ یہ بھی خون ہوتا ہے جو گاڑھا اور سخت ہوجاتا ہے یہ جملہ بولا جاتا ہے، کا بدت ھذا الامر میں نے اس امر کی سختی کو برداشت کیا لبید نے کہا : یاعین ھلا بکیت اربد اذ، قمنا وقام الخصوم فی کبد۔ اے آنکھ تواربد کے مقام پر کیوں نہ روئی جب ہم اور جھگڑا کرنے والے مشقت میں کھڑے ہوئے۔ حضرت ابن عباس اور حضرت حسن بصری نے کہا، فی کبد، کا معنی ہے سختی اور تھکاوٹ میں، حضرت ابن عباس سے مروی ہے شدت میں یعنی حمل ولادت، دودھ پلانا، دانتوں کا نکلنا وغیرہ، عکرمہ نے آپ سے ہی یہ قول نقل کیا ہے کہ وہ اپنی ماں کے پیٹ میں سیدھا ہوتا ہے، کبد کا معنی استواء اور استقامت ہے یہ خلقت میں انسان پر اللہ تعالیٰ کا احسان ہے اللہ تعالیٰ نے ماں کے پیٹ میں کسی جاندار کو پیدا نہیں کیا مگر وہ اپنے منہ کے بل اوندھا ہوتا ہے، صرف انسان کا معاملہ مختلف ہے، کیونکہ وہ سیدھا ہوتا ہے یہ مجاہد، نخعی اور دوسرے علماء کا قول ہے ابن کیسان نے کہا، ماں کے پیٹ میں اس کا سر سیدھا کھڑا ہوتا ہے جب اللہ تعالیٰ اسے باہرنکلنے کی اجازت دیتا ہے تو اس کے سر کو اس کی ماں کی ٹانگوں کی طرف کردیتا ہے۔
حضرت حسن بصری نے کہا، وہ دنیا اور آخرت کے مصائب اور تکالیف برداشت کرتا ہے ان سے یہ بھی مروی ہے کہ وہ خوشحالی کے دور میں شکر کام میں لاتا ہے اور تنگدستی کے دور میں صبر کو کام میں لاتا ہے کیونکہ وہ ان دونوں سے خالی نہیں ہوتا، اسے حضرت ابن عمر نے روایت کیا ہے یمان نے کہا، اللہ تعالیٰ نے کوئی ایسی مخلوق پیدا نہیں کی جو اتنی مشقت برداشت کرتی ہوجیسی مشقت انسان، برداشت کرتا ہے جب کہ یہ مخلوقات میں سے کمزور ترین ہمارے علماء کہتے ہیں سب سے پہلے جس مشقت کو وہ برداشت کرتا ہے اور وہ اس کی ناف کا کٹنا ہے پھر گہوارہ میں ڈالنے کے لیے اس پر جو کپڑے لپیت دیے جاتے ہیں وہ تنگی اور تھکاوت کو برداشت کرتا ہے وہ دودھ پینے کی مشقت کو برداشت کرنا ہے اگر یہ چیز اسے نہ ملے توفوت ہوجائے پھر دانتوں کے اگنے اور زبان کو حرکت دینے کی تکلیف برداشت کرتا ہے پھر وہ دودھ چھڑانے کی تکلیف کا سامنا کرتا ہے جو اس کے لیے طمانچے سے زیادہ تکلیف دہ ہوتا ہے پھر وہ ختنہ کرانے دردوں اور غموں کا سامنا کرتا ہے پھر وہ معلم اور اس کی سختی، مودب اور اس کے رویہ اور استاد اور اس کی ہیبت کا سامان کرنا ہے پھر وہ شادی کی مصروفیت اور اس میں جلدی کا سامنا کرتا ہے پھر وہ اولاد، خادموں اور لشکروں کے معاملات میں جاپڑتا ہے پھر وہ گھروں اور محلات کے بنانے میں لگ جاتا ہے پھر بڑھاپے، گھٹنوں اور قوموں کے ضعف کا سامنا کرتا ہے ایسے ایسے مصائب دیکھتا ہے جن کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے اور ایسے دکھ دیکھتا ہے جن کا عرصہ بڑاطویل ہوتا ہے جیسے سردرد، داڑھوں کا درد، آشوب چشم، قرض کا غم، دانت اور کان کا درد، اسی طرح وہ مال اور نفس میں امتحانات کا سامنا کرتا ہے جس طرح مار پیٹ اور قید۔ کوئی دن اس پر نہیں دیکھتا اور اس کی تاریکی دوبارہ اٹھانا، اور اللہ تعالیٰ پر پیشی، یہاں تک وہ قرار پذیر ہوجاتا ہے، یاتویہ جنت میں جاکرٹھہرتا ہے یا دوزخ میں ٹھکانہ بناتا ہے، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، لقد خلقنا الانسان فی کبد۔ اگر یہ انسان کے بس میں ہوتا تو وہ ان مصائب کو کبھی برداشت نہیں کرتا۔ یہ سب چیزیں اس امر پر دلالت کرتی ہیں کہ اس کا کوئی خالق ہے اس نے ان احوال کا اس پر فیصلہ کیا ہے پس انسان کو چاہیے کہ اس ذات کے حکم کی پیروی کرے۔ ابن زید نے کہا، یہاں انسان سے مراد حضرت آدم (علیہ السلام) ہیں فی کبد سے مراد آسمان کا درمیان ہے، کلبی نے کہا، یہ حکم بنی جمح کے بارے میں نازل ہوا جسے ابوالاشدین کہتے ہیں وہ عکاظی چمڑا لیتا ہے اسے اپنے قدموں کے نیچے بچھا جاتا وہ کہتا جس نے مجھے اس سے گرادیا ہے اس کے لیے یہ انعام ہے اس چمڑے کو دس آدمی کھینچتے یہاں تک کہ وہ چمرا پھٹ جاتا اور اس کے قدم اپنی جگہ سے نہ ہلتے وہ نبی کریم کے دشمنوں میں سے تھا اس کے بارے میں یہ نازل ہوا، ایحسب ان لن یقدرعلیہ احد۔ یعنی وہ اپنی قوت کی بنا پر یہ گمان کرتا ہے۔
حضرت ابن عباس سے مروی ہے : فی کبد کا معنی ہے قوی وہ قریش میں سب سے طاقتور اور مضبوط جسم کا مالک تھا رکانہ بن ہاشم بن مطلب اسی طرح تھا وہ طاقت اور قوت میں مثال تھا، ایک قول یہ کیا گیا، فی کبد، کا معنی ہے وہ دل کا جری اور سخت ہے جب کہ اس کی خلقت کمزور مادہ حقیر ہے، ابن عطاء نے کہا وہ ظلمت وجہالت میں ہے ترمذی نے کہا، جو بامقصد کام ہیں ان کو ضائع کرنے والا ہے، اور جو بےمقصد امور ہیں ان میں مصروف رہنے والا ہے۔