تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 91. Ash-Shams · Ayah 8
Tafseerفَاَلْهَمَهَا فُجُوْرَهَا وَ تَقْوٰىهَا۪ۙ﴿8﴾
- فَاَلْهَمَهَااس کے دل میں ڈالی
- فُجُوْرَهَااس کا گناہ
- وَتَقْوٰىهَااور اس کی پرہیزگاری
Translation · Al-Qurtubi
پھر اس کو بدکاری (سے بچنے) اور پرہیزگاری کرنے کی سمجھ دی
Tafseer · Al-Qurtubi
یعنی اسے پہچان کروادی، ابن ابی نجیح نے مجاہد سے یہی روایت کیا ہے یعنی اسے فجور اور تقوی کے راستہ کی پہچان کرادی یہ حضرت ابن عباس کا قول ہے مجاہد نے یہ بھی کہا اے اطاعت اور معصیت کی پہچان کرادی۔ محمد بن کعب سے مروی ہے کہ جب اللہ تعالیٰ اپنے بندے میں سے کسی کے ساتھ بھلائی کی امید کرتا ہے تو اس کے دل میں بھلائی کا الہام کرتا ہے تو وہ اس پر عمل کرتا ہے اور جب اس کے بارے میں برائی کا ارادہ کرتا ہے تو اس کو برائی کا الہام کرتا ہے تو وہ اس پر عمل کرتا ہے فراء نے کہا، فالھمھا کا معنی ہے اسے خیر اور شر کے راستہ کی پہچان کرادی جس طرح فرمایا، وھدینہ النجدین۔ البلد) ہم نے اسے دونوں راستوں کی پہچان کرادی ضحاک نے حضرت ابن عباس سے روایت نقل کی ہے مومن متقی کو تقوی کا الہام کیا اور فاجر کو فجور کا الہام کیا۔ سعید نے قتادہ سے روایت نقل کیا ہے کہ اسکے لیے فجور اور تقوی کو واضح کردیا۔ تمام معانی قریب قریب ہیں۔ حضرت ابوہریرہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ نے اس آیت کی تلاوت کی تو یوں دعا کی، اللھم آت نفس تقواھا وزکھا انت خیر من زکاھا انت ولیھا ومولاھا۔ اے اللہ، میرے نفس کو اس کا تقوی عطا فرما اسے پاک کردے تو بہترین پاک کرنے والا ہے تو ہی اس کا ولی اور آقا ہے۔
جویر نے ضحاک سے روایت نقل کی ہے کہ حضرت ابن عباس نے کہا کہ نبی کریم جب اس آیت کی تلاوت کرتے تو اپنی آواز کو بلند کرتے پھر دعا کرتے، اللھم آت نفسی تقواھا ولیھا ومولاھا وانت خیر من زکاھا۔ اے اللہ مرے نفس کو تقوی عطا فرما اور تو اس کا ولی اور اس کا آقا ہے اور تو اسے بہترین پاک کرنے والا ہے۔ صحیح مسلم میں ابوالاسود ولی سے مروی ہے کہ مجھے عمران بن حصین نے کہا، مجھے بتائیے کہ جو لوگ اج عمل کررہے ہیں اور تگ ودو کررہے ہیں کیا یہ ایسی شے ہے جس کا فیصلہ ہوچکا ہے اور اس پر تقدیر کا فیصلہ ہوچکا ہے یا جو ان کا نبی ان کے پاس لایا ہے اور ان پر حجت قائم ہوئی ہے اس پر زمانہ آئندہ میں عمل کرنے والے ہیں ؟ میں نے کہا بلکہ یہ ایسی شی ہے جس کے بارے میں فیصلہ ہوچکا ہے اس نے کہا کیا یہ ظلم نہیں ہے۔ کہا میں اس بات سے خوف زدہ ہوں اور میں نے کہا، ہر شی اللہ تعالیٰ کی مخلوق ومملوک ہے وہ جو کچھ کرتا ہے اس سے باز پرس نہیں کی جاسکتی بلکہ لوگوں سے باز پرس کی جائے گی انہوں نے کہا، اللہ تعالیٰ تجھ پر رحم کرے جو میں نے تجھ سے سوال کیا ہے اس سے میں نے کسی چیز کا سوال نہیں کیا تھا مگر اس چیز کا کہ تیرا امتحان لوں۔ مزنیہ کے دو آدمی رسول اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور انہوں نے عرض کی یارسول اللہ بتائیے جو لوگ آج عمل کرتے ہیں اور جس کے بارے میں تگ ودو کرتے ہیں کیا یہ ایسی چیز ہے جس کا ان کے بارے میں فیصلہ ہوچکا ہے تقدیر ان پر سبقت لے جاچکی ہے یا ان کا نبی جوان کے پاس لایا ہے اور ان پر حجت قائم ہوچکی ہے اس بارے میں وہ زمانہ آئندہ میں جمع کرنے والے ہیں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا نہیں بلکہ یہ ایسی چیز ہے جس کا فیصلہ ہوچکا ہے اور ان میں نافذ ہوچکا ہے اس کی تصدیق اللہ تعالیٰ کے اس فرمان میں ہے، ونفس وماسواھا، فالھمھا فجورھا وتقواھا۔ فجور اور تقوی دونوں مصدر ہیں مفعول بہ کے قائم مقام ہیں۔