تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 95. At-Tin · Ayah 1
Tafseerوَ التِّیْنِ وَ الزَّیْتُوْنِۙ﴿1﴾
- وَالتِّيْنِقسم ہے انجیر کی
- وَالزَّيْتُوْنِاور زیتون کی
Translation · Al-Qurtubi
انجیر کی قسم اور زیتون کی
Tafseer · Al-Qurtubi
والتین والزیتون۔
اس میں تین مسائل ہیں :
تین اور زیتون سے کیا مرا ہے ؟
مسئلہ نمبر 1۔ والتین والزیتون۔ حضرت ابن عباس، حضرت حسن بصری، مجاہد، ابراہیم نخعی، عطا بن ابی رباح، جابر بن زید، مقاتل اور کلب ینے کہا، اس سے مراد انجیر ہے جسے تم کھاتے ہو اور تمہارا وہ زیتون ہے جس سے تم تیل نچوڑتے ہو اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، وشجرۃ تخرج من طور سیناء تنبت بالدھن وصبغ للاکلین۔ (المومن) نیزپیدا کیا ایک درخت طور سینا میں وہ اگتا ہے تیل لیے ہوئے اور سالن لیے ہوئے کھانے والوں کے لیے، حضرت ابوذر غفاری نے کہا، نبی کریم کا بارگاہ میں انجیر کی ٹوکری پیش کی گئی فرمایا، کھاؤ، اور خود بھی اس سے کھایا پھر فرمایا، اگر میں کہتا کوئی پھل جنت سے اترا ہے تو میں اسے ہی کہتا کیونکہ جنت کے پھل بغیر گٹھلی کے ہوں گے اسے کھاؤ یہ بواسیر کو ختم کردیتا ہے اور جوڑوں کے درد کے لیے نفع مند ہے۔ حضرت معاذ سے مروی ہے کہ انہوں نے زیتون کی تر شاخ سے مسواک کیا اور کہا، میں نے نبی کریم کو ارشاد فرماتے ہوئے سنا زیتون کا مسواک کتنا اچھا مسواک ہے یہ مبارک درخت ہے یہ منہ کو پاکیزہ کرتا ہے یہ دانتوں کے میل کو دور کردیتا ہے یہ مرا اور مجھ سے قبل انبیاء کا مسواک ہے۔
حضرت ابن عباس سے مروی ہے تین سے مراد حضرت نوح (علیہ السلام) کی مسجد ہے جو جودی پہاڑ پر بنائی گئی اور زیتون سے مراد بیت المقدس کی مسجد ہے۔ ضحاک نے کہا، تین مسجد حرام ہے اور زیتون مسجد اقصی ہے ابن زید نے کہا، تین دمشق کی مسجد ہے اور زیتون بیت المقدس کی مسجد ہے، قتادہ نے کہا، تین وہ پہاڑ ہے جس پر دمشق کا شہر ہے اور زیتون وہ پہار ہے جس پر بیت المقدس ہے محمد بن کعب نے کہا، تین اصحاب کہف کی مسجد ہے اور زیتون ایلیاء کی مسجد ہے کعب الاحبار، قتادہ، عکرمہ اور ابن زید نے کہا، تین دمشق کی مسجد ہے اور زیتون بیت المقدس کی مسجد ہے۔ یہ طبری کا پسندیدہ نقطہ نظر ہے۔ فراء نے کہا میں نے ایک شامی کو کہتے ہوئے سنا تین سے مراد وہ پہاڑ ہے جو حلوان سے ہمدان کے درمیان ہے زیتون سے مراد شام کے پہاڑ ہیں ایک قول یہ کیا گیا ہے یہ دونوں شام کے پہاڑ ہیں جن کو طر تینا اور طور تینا کہتے ہیں ان دونوں کو یہ نام دیا گیا کیونکہ یہ دونوں پہاڑ ان دونوں کا گاتے ہیں ابومکین نے عکرمہ سے یہی روایت نقل کی ہے تین اور زیتون کے شام دو پہاڑ ہیں، نابغہ نے کہا، اتین التین عن عرض وہ تین میں ایک جانب سے آئیں، تین ایک جگہ کا نام ہے یہ بھی جائز ہے کہ مضاف حذف ہوتقدیر کلام یہ ہے منابت التین والزیتون۔ لیکن قرآن کے الفاظ سے اس پر کوئی دلیل نہیں اور نہ اس کے قول میں کوئی دلیل ہے جو اس کے خلاف کو جائز نہیں گردانتا یہ نحاس کا قول ہے۔
تین کے ساتھ قسم اٹھانے کی وجہ۔
مسئلہ نمبر 2۔ ان اقوال میں سے صحیح پہلا قول ہے کیونکہ یہی حقیقت ہے حقیقت سے مجاز کی طرف بغیر دلیل کے نہیں پھرا جاتا اللہ تعالیٰ نے تین کی قسم اٹھائی کیونکہ وہ جنت میں حضرت آدم (علیہ السلام) کا پردہ تھا کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، یخصفان علیھما من ورق الجنۃ۔ (الاعراف) چپٹانے لگ گئے اپنے بدن پر جنت کے پتے۔ وہ انجیر کا پتہ تھا ایک قول یہ کیا گیا اللہ تعالیٰ نے اس کی قسم اٹھائی تاکہ اس میں موجود بڑے احسان کی وضاحت کرے کیونکہ اس کا منظر بڑا خوبصورت ہے، عمدہ خوشبو والا، اس کا توڑنا آسان ہے اور چبانے کے قابل ہے اس کے بارے میں شاعر نے کیا خوب کہا ہے :
انظر الی التین فی الغصون ضحی ممزق الجلد مائل العنق
کانہ رب نعمۃ سلبت فعاد بعد الجدید فی الخلق
اصغر مافی النھود اکبرہ لکن ینادی علیہ فی الطرق۔
چاشت کے وقت ٹہنیوں میں انجیر کی طرف دیکھو اس کی جلد پھٹی ہوئی ہے اور گردن جھکی ہوئی ہے گویا وہ ایسی نعمت والا ہے جس کو سلب کرلیا گیا ہے پس وہ مخلوق میں جدت کے ساتھ لوٹ آیا ہے جسامت میں جو سب سے چھوٹا ہے وہ قدرومنزلت میں سب سے بڑا ہے لیکن راستے میں اس پر ندا دی جاتی ہے۔ اور ایک شاعر نے کہا :
التین یعتدل عندی کل فاکھۃ اذا اتثنی مائلا فی غصنہ الزاھی
مخمش الوجہ قد سالت حلاوتہ کا نہ راکع من خشیۃ اللہ۔
میرے نزدیک انجیر ہر پھل کے ہم پلہ ہے اور جب وہ چمکدار ٹہنی میں جھکتے ہوئے دہرا ہوجاتا ہے اس کے چہرے پر نشانات ہیں میں نے اس کی حلاوت کا پوچھا گویا وہ اللہ کے ڈر سے رکوع میں ہے۔ زیتون کی قسم اٹھائی کیونکہ اس کے ساتھ حضرت ابراہیم کی مثال بیان کی گئی ہے۔ یوقد من شجرۃ مبراکۃ زیتونۃ (النور 35) اسے زیتون کے مبارک درخت سے جلایا جاتا ہے۔ یہ شام اور مغرب کے لوگوں کا اکثر سالن ہے اس کو بطور سالن استعمال کرتے ہیں ور سالن میں اسے استعمال کرتے ہیں اس کے ساتھ وہ چراغ جلاتے ہیں پیٹ کی بیماریوں اور زخموں کا اس کے ساتھ علاج کرتے ہیں اسمیں بہت زیادہ نفع ہے۔ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا، کلوالزیت وادھنوا فانہ من شجرۃ مبارکۃ۔ اس کا تیل کھاؤ اس سے تیل لگاؤ بیشک یہ مبارک درخت سے ہے اس کے بارے میں گفتگو سورة المومنون میں گزرچکی ہے۔
انجیر میں زکوۃ کے لازم ہونے کے بارے میں اختلاف۔
مسئلہ نمبر 3۔ ابن عربی نے کہا، ہم نے اس (انجیر) میں زکوۃ (عشر) کو واجب کیا ہے کیونکہ اس میں اللہ تعالیٰ نے احسان جتلایا ہے اور اس احسان کو عظیم قرار دیا ہے ساتھ ہی یہ خوراک ہے جو ذخیرہ کی جاسکتی ہے بہت سے علماء نے اس میں عشر لازم کرنے سے انحراف کیا ہے وہ اصل میں والیوں کے ظلم سے بچنا چاہتے تھے کیونکہ وہ زکوۃ کے اموال میں ظلم کرتے ہیں وہ اسے چٹی کے طور پر وصول کرتے ہیں جس کے بارے میں صادق امین نے خبردار کیا ہے علماء نے اسے ناپسند کیا کہ وہ ایک اور مال تک ان کے لیے راہ بنادیں جس میں وہ ظلم وستم کریں لیکن بندے کے لیے مناسب یہ ہے کہ وہ اپنے رب کے انعام پر حق ادا کرکے گناہ سے بچے۔ امام شافعی نے اس علت یا کسی اور وجہ سے یہ ارشاد فرمایا، زیتون میں کوئی زکوۃ (عشر) نہیں۔ صحیح یہ ہے کہ دونوں زکوۃ (عشر) ہے۔