تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 96. Al-Alaq · Ayah 4

  1. الَّذِیْ عَلَّمَ بِالْقَلَمِۙ﴿4﴾

    1. الَّذِيْوہ جس نے
    2. عَلَّمَسکھایا
    3. بِالْقَلَمِقلم سے
Translation · Al-Qurtubi
جس نے قلم کے ذریعے سے علم سکھایا
Tafseer · Al-Qurtubi

الذی علم بالقلم۔

اس میں تین مسائل ہیں :

قلم علم اور دین کو محفوظ رکھنے اور منتقل کرنے کا ذریعہ۔

مسئلہ نمبر 1۔ الذی علم بالقلم۔ خط و کتاب کی تعلیم دی یعنی انسان کو قلم کے ساتھ خط کی تعلیم دی، سعید نے قتادہ سے روایت نقل کی ہے قلم اللہ تعالیٰ کی جانب سے عظیم نعمت ہے اگر یہ نہ ہوتاتودین قائم نہ ہوتا اور زندگی درست نہ ہوتی۔ یہ اللہ تعالیٰ کے کمال کرم پر دال ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو اس چیز کی تعلیم دی جسے وہ نہیں جانتا تھا اور انہیں جہالت کی ظلمت سے علم کے نور کی طرف نکالا اور علم کتابت کی فضیلت پر آگاہ کیا کیونکہ اس میں ایسے عظیم منافع ہیں جس کا احاطہ اس ذات کے سوا کوئی نہیں کرسکتا، نہ علوم مدون ہوئے، نہ حکمتیں مقید ہوئیں، نہ پہلے لوگوں کی خبریں اور مقالات ضبط ہوئے اور نہ ہی اللہ تعالیٰ کی نازل کردہ کتابیں محفوظ ہوئیں مگر کتابت کے ذریعے ہی یہ سب کچھ ہوا اگر یہ ایسا نہ ہوتا تو دین ودنیا کے اموردرست نہ ہوتے اسے قلم اس لیے کہتے ہیں کیونکہ اسے کاٹا جاتا ہے اس معنی میں تقلیم الظفر ہے جس کا معنی ناخن کاٹنا ہے ایک شاعر نے قلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا : فکانہ والحبر یخضب راسہ، شیخ لوصل خریدۃ یتصنع، لم لا الاحظہ بعین جلالہ، وبہ الی اللہ الصحائف ترفع۔ گویا وہ قلم جب کہ روشنائی اس کے سر کو رنگین کرتی ہے ایک بوڑھا شخص ہے جو دوشیزہ کو پانے کے لیے تصنع کرتا ہے میں اس قلم کو شرف کی آنکھ سے کیوں نہ دیکھوں، جب کہ اس کے ذریعے صحائف اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں بلند کیے جاتے ہیں۔

حضرت عبداللہ بن عمر سے مروی ہے کہ عرض کیا یارسول اللہ جو بات میں آپ ﷺ سے سنوں کیا میں اسے لکھ لیاکروں ؟ فرمایا، ہاں لکھو بیشک اللہ تعالیٰ نے قلم کے ذریعے تعلیم دی، مجاہد نے ابوعمر سے یہ روایت نقل کی ہے، کہ اللہ تعالیٰ نے چار چیزیں اپنے دست قدرت سے پیدا کیں پھر باقی تمام چیزوں کے لیے فرمایا، کن ہوجاتو وہ ہر چیز ہوگئی، قلم، عرش، جنت عدن، اور حضرت آدم (علیہ السلام) ۔ جس کو قلم کے ساتھ تعلیم دی اس کے بارے میں تین قول ہیں۔ 1۔ حضرت آدم (علیہ السلام) کیونکہ وہ سب سے پہلے فرد ہیں جس نے لکھا، یہ کعب اور الاحبار کا قول ہے۔ 2۔ حضرت ادریس (علیہ السلام) یہ سب سے پہلے کاتب ہیں، یہ ضحاک کا قول ہے۔ 3۔ جس نے بھی قلم کے ساتھ لکھا وہ اس میں داخل ہے کیونکہ اس نے اللہ تعالیٰ کی تعلیم سے ہی یہ فن جانا ہے اس طرح اللہ تعالیٰ نے اس کی تخلیق کرکے جو نعمت کی اور اس کو تعلیم دے کر جو نعمت کی سب کو جمع کردیا تاکہ اس پر اپنی نعمت کو مکمل کرے۔

قلم نے اللہ تعالیٰ کی تقدیر کو لکھا۔

مسئلہ نمبر 2۔ حضرت ابوہریرہ سے مروی ہے جب اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا کیا تو اپنی کتاب میں لکھا جب وہ کتاب عرش کے اوپر اس کے پاس تھی، میری رحمت میرے غضب پر غالب ہوتی ہے، نبی کریم سے یہ بھی ثابت ہے آپ نے فرمایا، سب سے پہلے اللہ تعالیٰ نے قلم کو پیدا کیا اسے فرمایا لکھوتو قیامت تک جو کچھ ہونے والا اس نے لکھ دیا، جب کہ وہ عرش کے اوپر ذکر میں اس کے پاس تھا، حضرت ابن مسعود سے صحیح میں حدیث مروی ہے کہ انہوں نے رسول اللہ کو ارشاد فرماتے ہوئے سنا اس کے کان، آنکھ، جلد، گوشت اور ہڈیاں بناتا ہے پھر وہ عرض کرتا ہے، اے میرے رب، کیا یہ مذکر ہے یا مونث ؟ توتیرا رب جو چاہتا ہے فیصلہ کرتا ہے اور فرشتہ لکھ لیتا ہے پھر فرشتہ عرض کرتا ہے، اے میرے رب اس کی اجل ؟ تو تیر ارب جو چاہتا ہے فرماتا ہے فرشتہ وہ لکھ لیتا ہے پھر فرشتہ عرض کرتا ہے اس کا رزق ؟ تیرا رب جو چاہتا ہے فیصلہ فرماتا ہے اور فرشتہ لکھ لیتا ہے پھر فرشتہ اپنے ہاتھ میں صحیفہ لے کر نکل جاتا ہے۔ اسے جو حکم دیا گیا ہوتا ہے اسمیں نہ اضافہ کرتا ہے اور نہ کمی کرتا ہے، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، ان علیکم لحافظین۔ کراما کاتبین (الانفطار) ۔ ہمارے علماء نے فرمایا، اصل میں تین قلم ہیں :۔

(1) قلم اول، جسے اللہ تعالیٰ نے اپنے دست قدرت سے پیدا فرمایا اور اسے لکھنے کا حکم ارشاد فرمایا۔

(2) فرشتوں کی قلمیں، اللہ تعالیٰ نے ان کے ہاتھوں میں دے دیں جن کے ساتھ وہ تصاویر، کو ائن اور اعمال لکھتے ہیں۔

(3) لوگوں کی قلمیں، اللہ تعالیٰ نے یہ لوگوں کے ہاتھوں میں دے دیں جن کے ساتھ وہ اپنی کلام لکھتے ہیں اور ان کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں کتابت میں بہت زیادہ فضائل ہیں کتابت، بیان کا حصہ ہے بیان ان چیزوں میں سے ہے جس کے ساتھ آدمی کو خاص کیا گیا ہے۔

عربوں کا سب سے کم لکھنا، اور بالخصوص نبی کریم ﷺ کے نہ لکھنے، پڑھنے میں حکمت۔

مسئلہ نمبر 3۔ ہمارے علماء نے کہا، عرب لوگوں میں سے سب سے کم لکھنا جانتے تھے عربوں میں سے سب سے کم اس کی پہچان رکھنے والے حضرت محمد ﷺ تھے حضور کو اس سے اس لیے دور کردیا گیا تھا کہ یہ امر آپ کے معجزہ کو سب سے زیادہ ثابت کرنے والا اور آپ کی حجت میں سب سے قوی ہو، سورة عنکبوت میں یہ بحث مفصل گزرچکی ہے۔ حماد بن سلمہ، زبیر بن عبدالسلام سے انہوں نے ایوب بن عبداللہ فہری سے انہوں نے حضرت عبداللہ بن مسعود سے روایت نقل کی ہے کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا، اپنی عورتوں کو بالاخانوں میں نہ رکھو اور نہ ہی انہیں لکھنا سکھاؤ۔ ہمارے علماء نے کہا، نبی کریم ﷺ نے اس چیز سے لوگوں کو خبردار کیا کیونکہ جب بالاخانوں میں رکھاجائے گا تو وہ مردوں کی طرف جھانکیں گی، نہ اسمیں ان کے لیے پاکدامنی رہے گی اور نہ ہی پردہ ہوگا اس کی وجہ یہ ہے وہ اپنے آپ پر قابو نہیں رکھتیں، یہاں تک کہ وہ مردوں کی طرف جھانکتی ہیں تو فتنہ وآزمائش جنم لیتی ہے نبی کریم ﷺ نے انہیں خبردار کیا کہ وہ ان کے لیے بالاخانے نہ بنائیں جوان کے فتنہ کا ذریعہ ہیں، یہ اسی طرح ہے جس طرح رسول اللہ نے ارشاد فرمایا، عورتوں کے لیے اس سے بہتر کوئی چیز نہیں کہ مرد انہیں نہ دیکھیں، اور وہ مردوں کو نہ دیکھیں، اس کی وجہ یہ ہے عورت مرد سے پیدا کی گئی ہے اس کا اشتیاق مرد میں ہے مرد میں شہوت پیدا کی گئی ہے اور عورت کو اس کے لیے سکون بنادیا گیا ہے ان میں سے ہر ایک اپنے ساتھی کے بارے میں امن میں نہیں، اسی طرح لکھنے کی تعلیم ہے بعض اوقات یہ فتنہ کا سبب ہوتا ہے اس کی صورت یہ ہے جب اسے لکھنے کی تعلیم دی جاتی ہے تو وہ اسے خط لکھتی ہے جس سے وہ محبت کرتی ہے کتابت بھی آنکھوں میں سے ایک آنکھ ہے اس کے ذریعے، حاضر، غائب کو دیکھتا ہے خط ہاتھ کے آثار میں سے ہے۔ اس لکھائی میں مافی الضمیر کی تعبیر ہوتی ہے جب کہ زبان کے ساتھ نہیں بولا جاتا یہ زبان سے بھی زیادہ بلیغ ہے رسول اللہ ﷺ نے یہ پسند کیا کہ ان سے فتنہ کے اسباب منقطع ہوجائیں تاکہ ان کی عصمت باقی رہے اور ان کے دل پاک رہیں۔