تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 96. Al-Alaq · Ayah 5

  1. عَلَّمَ الْاِنْسَانَ مَا لَمْ یَعْلَمْؕ﴿5﴾

    1. عَلَّمَ الْاِنْسَانَسکھایا انسان کو
    2. مَا لَمْ يَعْلَمْجو وہ نہ جانتا تھا
Translation · Al-Qurtubi
اور انسان کو وہ باتیں سکھائیں جن کا اس کو علم نہ تھا
Tafseer · Al-Qurtubi

علم الانسان مالم یعلم۔

ایک قول یہ کیا گیا ہے یہاں انسان سے مراد حضرت آدم (علیہ السلام) کی ذات ہے اسے ہر شی کے ناموں کا علم سکھایاجس طرح قرآن حکیم میں ہے، وعلم آدم الاسماء کلھا۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم (علیہ السلام) کو تمام چیزوں کے اسماء کا علم سکھایا، کوئی چیز باقی نہ رہی مگر اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم (علیہ السلام) کو ہر لغت میں اس کا نام سکھادیا، حضرت آدم (علیہ السلام) نے وہ نام فرشتوں کو بتادیے جس طرح آپ کو بتائے گئے تھے اس طرح ان کی فضیلت ظاہر ہوگئی ان کی قدر واضح ہوگئی اور ان کی نبوت ثابت ہوئی ملائکہ پر اللہ تعالیٰ کی حجت، اور حضرت آدم کا غلبہ قائم ہوگیا فرشتوں نے حکم کی اطاعت کی کیونکہ انہوں نے حضرت آدم کے شرف کو دیکھ لیا تھا اللہ تعالیٰ کی قدرت کی جلالت کا نظارہ کرلیا تھا اور عظیم امر کو سن لیا تھا پھر یہ چیز ان کی اولاد میں اگلوں سے پچھلوں میں اور ایک قوم سے دوسری قوم میں منتقل ہوتی رہی، یہ بحث سورة البقرہ میں مکمل گزرچکی ہے۔ الحمدللہ۔ ایک قول یہ کیا گیا ہے : یہاں الانسان سے مراد حضرت محمد ﷺ کی ذات ہے اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، وعلمک مالم تکن تعلم (النسائ 113) آپ کو وہ کچھ سکھایا جو آپ نہیں جانتے تھے اس تعبیر کی بنا پر علمک سے مراد آنے والے وقت کا علم ہے کیونکہ یہ تو ان آیات میں سے ہے جو ابتدائی دور میں نازل ہوئیں ایک قول یہ کیا گیا ہے یہ انسان عام ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان، واللہ اخرجکم من بطون امھتکم لاتعلمون شیا۔ (النحل 78) اللہ نے ہی تمہیں تمہاری ماں کے پیٹوں سے نکالا جب کہ تم کچھ بھی نہیں جانتے تھے۔

Al-Qurtubi - Al-Alaq 96:5