تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 99. Az-Zalzala · Ayah 3

  1. وَ قَالَ الْاِنْسَانُ مَا لَهَاۚ﴿3﴾

    1. وَقَالَ الْاِنْسَانُاور کہے گا انسان
    2. مَا لَهَااسے کیا ہوگیا
Translation · Al-Qurtubi
اور انسان کہے گا کہ اس کو کیا ہوا ہے
Tafseer · Al-Qurtubi

وقال الانسان مالھا۔

الانسان سے مراد کافر ہے۔ ضحاک نے حضرت ابن عباس سے روایت نقل کی ہے اس سے مراد اسود بن عبدالاسد ہے، ایک قول یہ کیا گیا ہے، اس سے مراد ہر وہ انسان ہے جو قیامت کے واقع ہونے پر نفخہ اولی کے وقت اس کا مشاہدہ کرے گا وہ مومن ہو یا کافر ہو، یہ اس کا قول ہے جس نے اسے دنیا میں قیامت کی علامات شمار کیا ہے کیونکہ یہ سب لوگ قیامت کی ابتداء کے بارے میں اسے علامت نہیں جانتے یہاں تک کہ وہ اس کے عموم کو پہچانیں اسی وجہ سے وہ ایک دوسرے سے سوال کریں گے جس نے کہا کہ انسان سے مراد کافر ہے اس نے اس سے قیامت کا زلزلہ مراد لیا ہے کیونکہ مومن اس کا اعتراف کرتا ہے مومن اس کے بارے میں سوال نہیں کریں گے جب کہ کافر اس کا انکار کرتا ہے اس وجہ سے اس بارے میں سوال کرتا ہے۔ مالھا کا معنی ہے کس وجہ سے اس میں زلزلہ برپا ہوا ؟ ایک قول یہ کیا گیا، کس وجہ سے اس نے اپنے بوجھ نکال دیے یہ کلمہ تعجب ہے یعنی کس وجہ سے اس میں زلزلہ برپا ہوا، یہ بھی جائز ہے کہ اللہ تعالیٰ نفخہ اولی کے بعد مردوں کو زندہ کرے پھر زمین حرکت کرے اور مردوں کو باہر نکال دے جب کہ انہوں نے زلزلہ، مردوں سے زمین کے پھٹنے کو دیکھا ہو تو وہ ہولناکی کی وجہ سے کہہ اٹھیں، مالھا۔