Urwatul-Wusqaa - Al-Hijr : 86
اِنَّ رَبَّكَ هُوَ الْخَلّٰقُ الْعَلِیْمُ
اِنَّ : بیشک رَبَّكَ : تمہارا رب هُوَ : وہ الْخَلّٰقُ : پیدا کرنے والا الْعَلِيْمُ : جاننے والا
تمہارا پروردگار ہی ہے جو پیدا کرنے والا اور جاننے والا ہے
تمہارا پروردگار ہی سب کا پیدا کرنے والا اور سب کے حال کو جاننے والا ہے : 86۔ خالق سب کا ایک ہی ہے اگر نیک اس نے پیدا کئے ہیں تو بد بھی اس کی پیدائش ہیں ۔ اچھے اخلاق والے اس کے پیدا کئے ہوئے ہیں تو بداخلاق بھی کسی اور کی پیدائش نہیں ۔ اگر وہ لوگ ستانے سے باز نہیں آتے اگر اسلام کے خلاف ان کی سرگرمیاں تیز سے تیز تر ہو رہی ہیں تو اے پیغمبر اسلام ! آپ تو بلند اخلاق اور بلند کردار کے مالک ہیں آپ ان سے یہ سمجھ کر درگزر کرتے رہئے کہ یہ ضدی بھی اس کی پیدائش ہیں اور اس کا دیا ہوا رزق کھا رہے ہیں اگر وہ ان کی ضد اور ہٹ دھرمی کے باوجود ان کو رزق دے رہا ہے تو آپ بھی بلند اخلاق ہونے کے باعث درگزر کرتے رہئے اور یہی بات آپ کے خلق عظیم کیلئے زیبا ہے ، وہ راستے میں کانٹے بچھاتے ہیں تو آپ ان کیلئے مغفرت طلب کیجئے وہ اگر پتھر برساتے ہیں تو ان کے پاس پھول ہیں ہی کہاں اور بالکل اسی طرح آپ کے پاس پھول ہیں تو آپ وہی نچھاور کیا کیجئے وہ ان کیلئے پتھر ثابت ہوں گے اور دیکھنے والے خود نتیجہ اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں گے ۔ اس کام کیلئے آپ کو فاتحہ اور قرآن عظیم دیا گیا ہے ۔
Top