Urwatul-Wusqaa - Al-Hajj : 4
كُتِبَ عَلَیْهِ اَنَّهٗ مَنْ تَوَلَّاهُ فَاَنَّهٗ یُضِلُّهٗ وَ یَهْدِیْهِ اِلٰى عَذَابِ السَّعِیْرِ
كُتِبَ عَلَيْهِ : اس پر (اس کی نسبت) لکھ دیا گیا اَنَّهٗ : کہ وہ مَنْ تَوَلَّاهُ : جو دوستی کریگا اس سے فَاَنَّهٗ : تو وہ بیشک يُضِلُّهٗ : اسے گمراہ کرے گا وَيَهْدِيْهِ : اور راہ دکھائے گا اسے اِلٰى : طرف عَذَابِ : عذاب السَّعِيْرِ : دوزخ
یہ بات لکھ دی گئی ہے کہ جو کوئی اس کا رفیق ہوا وہ ضرور اسے گمراہی میں ڈالے گا اور عذاب جہنم تک پہنچا کر رہے گا
یہ بات طے ہے کہ جو اس کو دوست رکھتا ہے اس کو وہ عذاب سعیر تک پہنچا دیتا ہے : 4۔ یہ انہیں شیطان کے ارادت مندوں کا بیان ہے جن کا ذکر پیچھے گزر چکا ہے قرآن کریم نے اس کی بڑی وضاحت کی ہے کہ شیطان نے قیامت تک کے لئے انسانوں کو گمراہ کرنے کی مہلت طلب کی تھی جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کو دی گئی اور دراصل یہ انسان کے مکلف ہونے کا بیان ہے جس کی تفہیم کے لئے یہ پیرایہ اختیار کیا گیا ہے اور حقیقت اس کی قبل ازیں بیان کی جا چکی ہے کہ انسان متضاد قوتوں کے مجموعہ کا نام ہے اور اس کے اندر دونوں متضاد قوتیں ایک دوسرے کو شکست دینے کی کوشش کرتی رہتی ہیں اور اکثریت پر شیطانی قوتیں غالب رہتی ہیں اور اس جگہ بھی یہی بیان کیا گیا ہے کہ شیطان کی تو خدا کی طرف سے یہ مقررہ ڈیوٹی ہے کہ وہ جس جس کو چاہے دوست بنائے لیکن جس نے بھی اس کو دوست بنایا وہ سیدھا جہنم کے راستے پر چل نکلا کیونکہ جو اس کی ذمہ داری ہے وہ وہی کرے گا ، زندگی سلب کرنے والے سے کوئی زندگی طلب کرنے لگے تو انجام کیا ہوگا ؟ ادریس (علیہ السلام) کی طرف منسوب کہانی تو آپ پیچھے پڑھ چکے ہیں پھر انجام کیا ہوا تھا ؟ انسان کو بار بار یہ بتایا گیا ہے کہ یہ تیرا ابدی دشمن ہے اس سے بچ کر رہنا ہمیشہ تجھے الٹی راہ چلائے گا اور اگر تو نے اس کا کہا مان لیا تو سمجھ لے کہ تباہی تیرا مقدر ہوگی ۔ اب اگر کوئی یہ سوال شروع کر دے کہ زہر آخر کیوں زہر ہے ؟ اور اس زہر کو کیوں پیدا کیا گیا ہے ؟ جب پیدا کرنے والے نے اس کے خواص بھی تم کو بتادیئے تو اب کوئی زہر کھائے گا تو بہرحال وہ مرے گا ، کیا زہر کھا کر مرنے والے کا یہ اعتراض صحیح ہے کہ یہ سارا قصور تو زہر پیدا کرنے والے اور زہر بنانے والے کا ہے ؟ ہرگز نہیں دراصل سارا قصور زہر کھانے والے کا ہے بالکل اسی طرح اللہ نے شیطان کو پیدا کیا اور اس کا کام بھی واضح کردیا لیکن اس کے باوجود کوئی اس کو دولت بنائے اور اس سے یارانہ قائم کرے تو اس کا نتیجہ بھی واضح ہے کہ وہ سیدھا جہنم میں اس کو پہنچا دے گا کیونکہ اس کے لئے یہی سیدھی راہ ہے ۔
Top