Urwatul-Wusqaa - Al-A'raaf : 71
قَالَ قَدْ وَ قَعَ عَلَیْكُمْ مِّنْ رَّبِّكُمْ رِجْسٌ وَّ غَضَبٌ١ؕ اَتُجَادِلُوْنَنِیْ فِیْۤ اَسْمَآءٍ سَمَّیْتُمُوْهَاۤ اَنْتُمْ وَ اٰبَآؤُكُمْ مَّا نَزَّلَ اللّٰهُ بِهَا مِنْ سُلْطٰنٍ١ؕ فَانْتَظِرُوْۤا اِنِّیْ مَعَكُمْ مِّنَ الْمُنْتَظِرِیْنَ
قَالَ : اس نے کہا قَدْ وَقَعَ : البتہ پڑگیا عَلَيْكُمْ : تم پر مِّنْ : سے رَّبِّكُمْ : تمہارا رب رِجْسٌ : عذاب وَّغَضَبٌ : اور غضب اَتُجَادِلُوْنَنِيْ : کیا تم جھگڑتے ہو مجھ سے فِيْٓ : میں اَسْمَآءٍ : نام (جمع) سَمَّيْتُمُوْهَآ : تم نے ان کے رکھ لیے ہیں اَنْتُمْ : تم وَاٰبَآؤُكُمْ : اور تمہارے باپ دادا مَّا نَزَّلَ : نہیں نازل کی اللّٰهُ : اللہ بِهَا : اس کے لیے مِنْ : کوئی سُلْطٰنٍ : سند فَانْتَظِرُوْٓا : سو تم انتظار کرو اِنِّىْ : بیشک میں مَعَكُمْ : تمہارے ساتھ مِّنَ : سے الْمُنْتَظِرِيْنَ : انتظار کرنے والے
ہود (علیہ السلام) نے کہا یقین کرو تمہارے پروردگار کی طرف سے تم پر عذاب اور غضب واقع ہوگیا ہے ، کیا ہے جس کی بنا پر تم مجھ سے جھگڑ رہے ہو ؟ محض چند نام جو تم نے اور تمہارے بزرگوں نے اپنے جی سے گھڑ لیے ہیں اور جن کے لیے اللہ نے کوئی سند نہیں اتاری ، اچھا انتظار کرو میں بھی تمہارے ساتھ انتظار کرتا ہوں
ہود (علیہ السلام) نے قوم کو آخری وارننگ دے دی کہ باز آجائو ورنہ عذاب الٰہی آیا کہ آیا : 82: ہود (علیہ السلام) نے قوم کو بالکل صاف صاف جواب سنا دیا کہ اگر میری مخلصانہ اور صادقانہ نصائح کا یہی جواب ہے جو تم نے دے دیا ہے تو سو بسم اللہ ، تم کو عذاب کا اگر اتنا ہی شوق ہے تو وہ بھی کچھ دور نہیں ” بلاشبہ تمہارے پروردگار کی جانب سے تم پر عذاب و غضب آپہنچا۔ “ تم کو شرم نہیں آتی کہ تم چند خود ساختہ شخصیتوں کے بتوں کو ان کے نام سے پکارتے ہو اور تم اور تمہارے آباء و اجداد ان کو خدا کی دی ہوئی دلیل کے بغیر من گھڑت طریقہ پر ان کو اپنا شفیع اور سفارشی مانتے ہو اور میرے روشن دلائل سے انحراف اور سرکشی کر کے عذاب کے طالب ہوتے ہو۔ اگر ایسا ہی عذاب کا شوق ہے تو اب تم بھی انتظار کرو اور میں بھی انتظار کرتا ہوں کہ وقت قریب آپہنچا ہے۔ ” کیا ہے جس کی بناء پر تم مجھ سے جھگڑ رہے ہو ؟ محض چند نام جو تم نے اور تمہارے بزرگوں نے اپنے جی سے گھڑ لئے ہیں اور جن کے لئے اللہ تعالیٰ کے کوئی سند نہیں اتاری ، اچھا انتظار کرو میں بھی تمہارے ساتھ انتظار کروں گا۔ “
Top