Urwatul-Wusqaa - At-Tawba : 105
وَ قُلِ اعْمَلُوْا فَسَیَرَى اللّٰهُ عَمَلَكُمْ وَ رَسُوْلُهٗ وَ الْمُؤْمِنُوْنَ١ؕ وَ سَتُرَدُّوْنَ اِلٰى عٰلِمِ الْغَیْبِ وَ الشَّهَادَةِ فَیُنَبِّئُكُمْ بِمَا كُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَۚ
وَقُلِ : اور کہ دیں آپ اعْمَلُوْا : تم کیے جاؤ عمل فَسَيَرَى : پس اب دیکھے گا اللّٰهُ : اللہ عَمَلَكُمْ : تمہارے عمل وَرَسُوْلُهٗ : اور اس کا رسول وَالْمُؤْمِنُوْنَ : اور مومن (جمع) وَسَتُرَدُّوْنَ : اور جلد لوٹائے جاؤگے اِلٰى : طرف عٰلِمِ الْغَيْبِ : جاننے والا پوشیدہ وَالشَّهَادَةِ : اور ظاہر فَيُنَبِّئُكُمْ : سو وہ تمہیں جتا دے گا بِمَا : وہ جو كُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ : تم کرتے تھے
اور تم کہو عمل کیے جاؤ اب اللہ دیکھے گا کہ تمہارے اعمال کیسے ہوتے ہیں اور اللہ کا رسول بھی دیکھے گا اور مسلمان بھی دیکھیں گے اور پھر تم اسی کی طرف لوٹائے جاؤ گے جس کے علم سے نہ تو کوئی ظاہر بات پوشیدہ ہے نہ کوئی چھپی بات پس وہ تمہیں بتلائے گا کہ جو کچھ کرتے رہے ہو اس کی حقیقت کیا تھی
معافی دیئے گئے لوگوں کے لئے ایک خاص تنبیہہ فرمائی گئی : 136: فرمایا جا رہا ہے کہ معاف تو تم کو کردیا گیا لیکن فقط اتنا ہی تمہارے لئے کافی نہیں ہے بلکہ اب وقت ہے کہ تم اچھے اعمال میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرو نفاق قلب اور ضعف ایمان کا علاج اس سے بڑھ کر اور کوئی نہیں ہے کہ آخرت اور جزائے اعمال کا استخصار پوری پوری طرح رہے اور قرآن کریم ہر ایسے موقع پر اس علاج سے کام لیتا ہے۔ فرمایا اب وقت آیا ہے کہ تمہارے اعمال دیکھے جائیں اور وہی اس بات کا فیصلہ کریں کہ آیا تم نے دفعہ الوقتہ کی ہے یا سچے دل سے تاب ہوئے ہو اور یاد رکھو کہ اس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ نیک بندوں کے مخلصانہ اعمال کا ایک نور ہوتا ہے جو آسمان کی طرف اپنے صدق اور اخلاص کے اندازے کے مطابق بلند ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے اپنے نور الوہیت سے اور رسول الہ ﷺ اسے اپنے نوت نبوت سے اور مومن اپنے نور ایمان سے دیکھتے ہیں اور یہ تفہیم کے لئے ایک توجیہ ہے جو بیان کی گئی ہے اس کی اصل حقیقت اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا اور ہمارے لئ دراصل یہ مسئلہ ایمان بالغیب کا ہے جو کسی طرح بھی تفہیم کیا جاسکتا ہے جب کہ کسی بحث میں نہ الجھا جائے۔ اس لئے آخری ارشاد فرما دیا کہ ” اللہ ہی تم کو بتائے گا کہ جو کچھ تم کرتے رہے ہو اس کی حقیقت کیا تھی ؟ “ اور وہ تمہارا سارا چھٹہ تمہارے سامنے رکھ دے گا جس سے تم کو کبھی انکار نہیں ہوگا۔
Top