صحابہ کرام ؓ کا اللہ کے راستے میں خرچ کرنا

حضرت ابوشعیب انصاری ؓ کا کھانا کھلانا

امام بخاری ؓ نے روایت کیاہے کہ حضرت ابو مسعود انصاری ؓ فرماتے ہیں: انصار میں ایک آدمی تھے جن کو ابو شعیب ؓ کہا جاتا تھا۔ ان کا ایک غلام گوشت بنانے کا ماہر تھا۔ انھوں نے اس غلام سے کہا: تم میرے لیے کھانا تیار کرو، میں حضور ﷺ کو اور مزید چار آدمیوں کو بلانا چاہتا ہوں۔ چناںچہ انھوں نے حضور ﷺ کو بمع چار اور آدمیوں کے کھانے کی دعوت دی۔ حضور ﷺ چار آدمیوں کو ساتھ لے کر چلے تو ایک آدمی خود ہی ان حضرات کے پیچھے پیچھے آنے لگا۔ حضور ﷺ نے حضرت ابو شعیب سے فرمایا: تم نے ہم پانچ آدمیوں کو دعوت دی تھی، یہ آدمی از خود ہمارے پیچھے آرہا ہے اب اگر تم چاہو تو اسے بھی اجازت دے دو ورنہ رہنے دو۔ حضرت ابو شعیب نے کہا: نہیں، اسے بھی اجازت ہے۔ امام مسلم ؓ نے حضرت ابو مسعود ؓ سے ایسی ہی روایت نقل کی ہے اور اس میں یہ ہے کہ حضرت ابو شعیب ؓ نے حضور ﷺ کو دیکھا تو حضور ﷺ کے چہرۂ مبارک پر بھوک کے آثار محسوس کیے۔ تو اپنے غلام سے کہا: تمہارا بھلا ہو! تم ہمارے لیے پانچ آدمیوں کا کھانا تیار کرو۔ آگے پچھلی حدیث جیسا مضمون ذکر کیا ہے۔2