صحابہ کرام ؓ کا مسلمانوں کے مال اور جان کا احترام کرنا
مسلمان کی خاطر اپنی جگہ سے ذرا سرک جانا
حضرت واثلہ بن خطّاب قریشیؓ فرماتے ہیں: ایک آدمی مسجد میں داخل ہوا حضور ﷺ اکیلے بیٹھے ہوئے تھے۔ آپ اس کی وجہ سے اپنی جگہ سے ذرا سرک گئے۔ کسی نے عرض کیا: یارسول اللہ! جگہ تو بہت ہے (پھر آپ کیوں اپنی جگہ سے سرکے؟) حضورﷺ نے اس کو فرمایا: یہ بھی مؤمن کا حق ہے کہ جب اس کا بھائی اسے دیکھے تو اپنی جگہ سے اس کی خاطر سرک جائے۔1
حضرت واثلہ بن اسقعؓ فرماتے ہیں کہ ایک آدمی مسجد میں داخل ہو ا اس وقت حضور ﷺ مسجد میں اکیلے بیٹھے ہوئے تھے۔ حضورﷺ اس آدمی کی وجہ سے اپنی جگہ سے سرک گئے۔ اس آدمی نے کہا: یا رسول اللہ! جگہ تو بہت ہے۔ آپ نے فرمایا: یہ بھی مسلمان کا حق ہے۔2
اور حضور ﷺ کے گھر والوں کے اکرام کے باب میں یہ قصہ گزر چکا ہے کہ حضرت ابوبکر ؓ حضرت علی بن ابی طالبؓ کی وجہ سے اپنی جگہ سے سرکے اور یوں کہا: اے ابو الحسن! یہاں آجاؤ۔ چناںچہ حضرت علی حضورﷺ کے اور حضرت ابوبکر کے درمیان بیٹھ گئے۔