صحابہ کرام ؓ کی غیبی تائید
صحابۂ کرام ؓ کا خواب میں پانی پی کر سیراب ہوجانا
حضرت عبداللہ بن سلام ؓ فرماتے ہیں: حضرت عثمان ؓ اپنے گھر میں محصور تھے، میں سلام کرنے کے لیے حضرت عثمان کی خدمت میں اندر گیا تو آپ نے فرمایا: خوش آمدید ہو میرے بھائی کو! میں نے آج رات اس کھڑکی میں حضورﷺ کو دیکھا تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: اے عثمان! ان لوگوں نے تمہارا محاصرہ کررکھا ہے؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ پھر فرمایا: انھوں نے تمھیں پیاسارکھاہواہے؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ پھر حضورﷺ نے پانی کا ایک ڈول لٹکایا جس میں سے میں نے خوب سیر ہوکر پیا، اور اب بھی میں اس کی ٹھنڈک اپنے سینے اور کندھوں کے درمیان محسوس کررہا ہوں۔ پھر آپ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: اگر تم چاہو (تو اللہ کی طرف سے) تمہاری مدد کی جائے اور اگر تم چاہوتو ہمارے پاس اِفطار کرلو۔ میں نے ان دونوں باتوں میں سے اِفطار کو اختیار کرلیا۔
چناںچہ اسی دن آپ ؓ کو شہید کردیاگیا۔3
حضرت اُمِّ شریک ؓ کا قصہ گزر چکاہے کہ وہ سوئیں تو خواب میں دیکھا کہ کوئی انھیں پانی پلارہاہے۔ جب وہ سو کر اُٹھیں تو سیراب تھیں۔