صحابہ کرام ؓ کی غیبی تائید

دعاسے شراب کا سرکہ بن جانا

حضرت خیثمہ کہتے ہیں: حضرت خالد بن ولید ؓ کے پاس ایک آدمی آیا اس کے پاس شراب کی ایک مَشک تھی۔ حضرت خالد ؓ نے دعا کی: اے اللہ! اسے شہد بنادے۔ چناںچہ وہ شراب اسی وقت شہد بن گئی۔ دوسری روایت میں یہ ہے کہ حضرت خالد ؓ کے پاس سے ایک آدمی گزرا جس کے پاس شراب کی ایک مشک تھی۔ حضرت خالد ؓ نے پوچھا: یہ کیاہے؟ اس آدمی نے کہا: سرکہ ہے۔ حضرت خالد نے کہا: اللہ اسے سرکہ ہی بنادے۔ لوگوں نے اسے دیکھا تو وہ واقعی سرکہ ہی تھا حالاںکہ اس سے پہلے وہ شراب تھی۔ 3 ایک روایت میں یہ ہے کہ حضرت خالد ؓ کے پاس سے ایک آدمی گزرا جس کے پاس شراب کی مشک تھی۔ حضرت خالد ؓ نے اس سے پوچھا: یہ کیاہے؟ اس نے کہا: شہد ہے۔ حضرت خالد نے دعا کی: اے اللہ! اسے سرکہ بنادے۔ وہ آدمی جب اپنے ساتھیوں کے پاس واپس پہنچا تو اس نے کہا:میں آپ لوگوں کے پاس ایسی شراب لے کر آیا ہوں کہ اس جیسی شراب عربوں نے کبھی نہیں پی ہوگی۔ پھر اس آدمی نے مشک کھولی تو اس میں سرکہ تھا۔ تو اس نے کہا: اللہ کی قسم! اس کو حضرت خالد ؓ کی دعالگی ہے۔