طہارت کا بیان
طہارت کا حکم
کتاب وسنت کی رو سے طہارت واجب وفرض ہے۔فرمان الٰہی ہے:﴿وَإِن كُنتُمْ جُنُبًا فَاطَّهَّرُوا﴾’’اور اگر تم جنبی ہو تو طہارت حاصل کرو۔‘‘[1]
نیز ارشاد ربانی ہے:﴿وَثِيَابَكَ فَطَهِّرْ﴾’’اور آپ اپنے کپڑے پاک رکھیں۔‘‘[2]
نیز ارشاد حق تعالیٰ ہے:﴿إِنَّ اللّٰهَ يُحِبُّ التَّوَّابِينَ وَيُحِبُّ الْمُتَطَهِّرِينَ﴾
’’بے شک اللہ بہت توبہ کرنے والوں اور پاکیزگی اختیار کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔‘‘[3]
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:’مِفْتَاحُ الصَّلَاۃِ الطُّھُورُ‘ ’’نماز کی چابی طہارت(وضو)ہے۔‘‘[4]
نیز فرمایا:’لَا تُقْبَلُ صَلَاۃٌ بِغَیْرِ طُھُورٍ‘ ’’وضو کے بغیر نماز قبول نہیں کی جاتی۔‘‘[5]
مزید ارشاد ہے:’اَلطُّھُورُ شَطْرُ الإِْیمَانِ‘ ’’طہارت و پاکیزگی نصف ایمان ہے۔‘‘[6]