ایران کی اسلامی تاریخ کا اجمالی تتمہ
دولت دیلمیہ
دیلمیوں کی حکومت و سلطنت کے حالات جس قدر خلفائے عباسیہ کے حالات یعنی باب نہم میں بیان ہو چکے ہیں۔ وہ بہت کافی ہیں۔ اور ان پر اس وقت کسی اضافہ کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ دیلمیوں اور سامانیوں کی سلطنتوں کو ایک دوسرے کی معاصر اور رقیب سلطنت سمجھنا چاہیئے۔ سامانیوں کا قبضہ ماوراء النہر اور خراسان وغیرہ شمالی و مشرقی ممالک پر رہا۔ اور دیلمیوں کے تصرف میں فارس و عراق و آذر بائیجان وغیرہ غربی ممالک رہے۔ اس طرح تمام ملک ایران چند روز تک انہی دونوں خاندانوں کے درمیان منقسم تھا۔ دیلمیوں کی حکومت سامانیوں کی بربادی کے بعد بھی نہایت کمزور حالت میں کچھ دنوں باقی رہی۔ جب کہ سامانیوں کی جگہ مشرقی ایران میں غزنویوں کی زبردست سلطنت قائم ہو چکی تھی۔