Surah Introduction

تدبرِ قرآن

Tadabbur-e-Quran · 12. Yusuf · Ayah 46

  1. یُوْسُفُ اَیُّهَا الصِّدِّیْقُ اَفْتِنَا فِیْ سَبْعِ بَقَرٰتٍ سِمَانٍ یَّاْكُلُهُنَّ سَبْعٌ عِجَافٌ وَّ سَبْعِ سُنْۢبُلٰتٍ خُضْرٍ وَّ اُخَرَ یٰبِسٰتٍ١ۙ لَّعَلِّیْۤ اَرْجِعُ اِلَى النَّاسِ لَعَلَّهُمْ یَعْلَمُوْنَ﴿46﴾

    1. يُوْسُفُاے یوسف
    2. اَيُّهَا الصِّدِّيْقُاے بڑے سچے
    3. اَفْتِنَاہمیں بتا
    4. فِيْمیں
    5. سَبْعِسات
    6. بَقَرٰتٍگائیں
    7. سِمَانٍموٹی تازی
    8. يَّاْكُلُهُنَّوہ کھا رہی ہیں
    9. سَبْعٌسات
    10. عِجَافٌدبلی پتلی
    11. وَّسَبْعِاور سات
    12. سُنْۢبُلٰتٍخوشے
    13. خُضْرٍسبز
    14. وَّاُخَرَاور دوسرے
    15. يٰبِسٰتٍخشک
    16. لَّعَلِّيْٓتاکہ میں
    17. اَرْجِعُمیں لوٹوں
    18. اِلَى النَّاسِلوگوں کی طرف (پاس)
    19. لَعَلَّهُمْشاید وہ
    20. يَعْلَمُوْنَآگاہ ہوں
Translation · Tadabbur-e-Quran
یوسف ! اے راست باز ! ہمیں سات فربہ گائیوں کے بارے میں جنہیں سات دبلی گائیں کھا رہی ہیں اور سات سبز بالیوں اور دوسری ساتھ خشک بالیوں کے بارے میں تعبیر بتا تاکہ میں لوگوں کے پاس جاؤ تاکہ وہ بھی جانیں
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
يُوْسُفُ اَيُّهَا الصِّدِّيْقُ اَفْتِنَا فِيْ سَبْعِ بَقَرٰتٍ سِمَانٍ يَّاْكُلُهُنَّ سَبْعٌ عِجَافٌ وَّسَبْعِ سُنْۢبُلٰتٍ خُضْرٍ وَّاُخَرَ يٰبِسٰتٍ ۙ لَّعَلِّيْٓ اَرْجِعُ اِلَى النَّاسِ لَعَلَّهُمْ يَعْلَمُوْنَ۔ حضرت یوسف سے ساقی کی درخواست : یہاں اتنی بات قرینہ کی موجودگی کے سبب سے حذف کردی گئی کہ بالآخر درباریوں نے سقی کو حضرت یوسف کے پاس جانے کی اجازت دے دی اور وہ جیل خانہ میں ان کی خدمت میں حاضر ہوگیا۔ اس نے جاتے ہی حضرت یوسف کو " ایہا الصدیق " سے خطاب کیا جس کے معنی ہیں اے راست باز، اے پیکر صداقت، اے صدق مجسم، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ مجرد اپنی خواب کی تعبیر کی بنا پر حضرت یوسف کا معتقد نہیں ہوگیا تھا بلکہ ایک مدت تک جیل میں ان کی زندگی پاکبازی اور صداقت کا اس کو جو تجربہ ہوا تھا اس نے ان کا گرویدہ بنادیا تھا۔ چناچہ اس نے ان کو، اے خوابوں کی تعبیر بتانے والا، سے خطاب کرنے کی بجائے، اے مرد راست باز، سے خطاب کیا جو تمام اوصاف حسنہ سے متصف ہونے کی ایک جامع اور کامل تعبیر ہے۔ اس خطاب کے بعد اس نے خواب کا ذکر کیا کہ سات دبلی گائیں ہیں جو سات فربہ گایوں کو نگل رہی ہیں اور سات خشک بالیاں ہیں جو سات سرسبز بالیوں کو کھا رہی ہیں۔ خواب کی تعبیر پوچھنے کے ساتھ ساتھ اس نے اشارۃً اس بات کا بھی ذکر کردیا کہ باہر لوگ اس خواب کی تعبیر کے باب میں پریشان ہیں اس وجہ سے آپ مجھے جتنی جلدی ممکن ہو اس خواب کی تعبیر بتائیے تاکہ میں باہر جا کر لوگوں کو بتا سکوں اور انہیں اطمینان ہو۔ لعلہم یعلمون، میں ایک نہایت لطیف اشارہ اس بات کی طرف بھی ہے کہ لوگ تو یوں ہی اٹکل کے تیر تکے چلا رہے ہیں البتہ آپ جو بات بتائیں گے وہ صحیح علم پر مبنی ہوگی اور اس سے لوگوں کو رہنمائی حاصل ہوگی۔