Surah Introduction

تدبرِ قرآن

Tadabbur-e-Quran · 12. Yusuf · Ayah 63

  1. فَلَمَّا رَجَعُوْۤا اِلٰۤى اَبِیْهِمْ قَالُوْا یٰۤاَبَانَا مُنِعَ مِنَّا الْكَیْلُ فَاَرْسِلْ مَعَنَاۤ اَخَانَا نَكْتَلْ وَ اِنَّا لَهٗ لَحٰفِظُوْنَ﴿63﴾

    1. فَلَمَّاپس جب
    2. رَجَعُوْٓاوہ لوٹے
    3. اِلٰٓىطرف
    4. اَبِيْهِمْاپنا باپ
    5. قَالُوْاوہ بولے
    6. يٰٓاَبَانَااے ہمارے ابا
    7. مُنِعَروک دیا گیا
    8. مِنَّاہم سے
    9. الْكَيْلُناپ
    10. فَاَرْسِلْپس بھیجدیں
    11. مَعَنَآہمارے ساتھ
    12. اَخَانَاہمارے بھائی کو
    13. نَكْتَلْناپ (غلہ) لائیں
    14. وَاِنَّااور بیشک ہم
    15. لَهٗاس کے
    16. لَحٰفِظُوْنَنگہبان ہیں
Translation · Tadabbur-e-Quran
تو جب وہ اپنے باپ کے پاس لوٹے انہوں نے کہا کہ ابّا جان ! ہم آگے کو غلّہ سے محروم کردیے گئے ہیں تو ہمارے ساتھ ہمارے بھائی کو بھی جانے دیجیے کہ ہم غلہ لائیں اور ہم اس کی حفاظت کا عہد کرتے ہیں
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
63۔ 64:۔ فَلَمَّا رَجَعُوْٓا اِلٰٓى اَبِيْهِمْ قَالُوْا يٰٓاَبَانَا مُنِعَ مِنَّا الْكَيْلُ فَاَرْسِلْ مَعَنَآ اَخَانَا نَكْتَلْ وَاِنَّا لَهٗ لَحٰفِظُوْنَ۔ قَالَ هَلْ اٰمَنُكُمْ عَلَيْهِ اِلَّا كَمَآ اَمِنْتُكُمْ عَلٰٓي اَخِيْهِ مِنْ قَبْلُ ۭ فَاللّٰهُ خَيْرٌ حٰفِظًا ۠ وَّهُوَ اَرْحَمُ الرّٰحِمِيْنَ۔ بیٹوں کی گزارش باپ سے اور باپ کا جواب : جب یہ لوگ گھر پہنچے تو باپ کو ساری روداد سنائی کہ آگے کو ہم غلہ سے محروم کردیے گئے ہیں۔ اب غلہ حاصل کرنے کی ایک ہی راہ ہے کہ اہم اپنے ساتھ اپنے بھائی بن یامین کو بھی لے جائیں اور اپنے آپ کو سچا ثابت کریں کہ ہمارا ایک گیارہواں بھائی بھی ہے تو آپ اس مرتبہ بن یامین کو ہمارے ساتھ جانے دیجیے تاکہ ہم سب کے حصہ کا غلہ لے سکیں اور ہم آپ کو یہ اطمینان دلاتے ہیں کہ ہم اس کی پوری حفاظت کریں گے۔ حضرت یعقوب نے فرمایا کہ بن یامین کے معاملے میں اگر میں تم پر اعتماد کروں تو یہ اعتماد ویسا ہی ہوگا جیسا کہ میں اس سے پہلے یوسف کے بارے میں تم پر کرچکا ہوں۔ تو اللہ ہی بہترین محافظ اور ارحم الراحمین ہے۔ حضرت یعقوب کے آخری الفاظ سے یہ بات نکلتی ہے کہ جہاں تک تمہارے اعتماد کا تعلق ہے اس کا تجربہ تو مجھے ہوچکا ہے البتہ اگر بن یامین کو تمہارے ساتھ بھیجنا ہی پڑا تو میں یہ کام اللہ کی حفاظت و رحمت کے بھروسہ پر کروں گا، تمہارے اعتماد پر نہیں کروں گا۔