Surah Introduction

تدبرِ قرآن

Tadabbur-e-Quran · 70. Al-Ma'aarij · Ayah 43

  1. یَوْمَ یَخْرُجُوْنَ مِنَ الْاَجْدَاثِ سِرَاعًا كَاَنَّهُمْ اِلٰى نُصُبٍ یُّوْفِضُوْنَۙ﴿43﴾

    1. يَوْمَ يَخْرُجُوْنَجس دن وہ نکلیں گے
    2. مِنَ الْاَجْدَاثِقبروں سے
    3. سِرَاعًادوڑتے ہوئے
    4. كَاَنَّهُمْگویا کہ وہ
    5. اِلٰى نُصُبٍطرف آستانوں کے
    6. يُّوْفِضُوْنَدوڑتے ہیں
Translation · Tadabbur-e-Quran
جس دن نکلیں گے قبروں سے سرعت کے ساتھ گویا کہ وہ نشانوں کی طرف بھاگ رہے ہیں۔
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
لفظ ’نُصُبٌ‘ جمع ہے ’نَصِیْبٌ‘ کی جس کے ایک معنی گاڑے ہوئے پتھر کے ہیں۔ گاڑے ہوئے پتھر سے مراد وہ پتھر بھی ہو سکتے ہیں جو مشرکین اپنی نذریں اور قربانیاں پیش کرنے کے لیے گاڑتے تھے اور وہ پتھر بھی ہو سکتے ہیں جو دوڑ وغیرہ کے مقابلہ کے لیے نشان کے طور پر گاڑ دیے جاتے ہیں۔ ابن عباسؓ، مجاہدؒ اور ضحاکؒ اس سے مراد لیتے ہیں جس کو دوڑ لگانے کے لیے ایک نشان کے طور پر گاڑا جائے۔ ابوالعالیہؒ اور یحییٰ بن کثیرؒ اس سے ’غایت‘ (یعنی گول کا نشان) مراد لیتے ہیں جس کو نشان ٹھہرا کر اس کی طرف مقابلہ کی دوڑ لگائی جائے۔ ’ایفاض‘ کے معنی ’اسراع‘ یعنی تیزی سے چلنے یا بھاگنے کے ہیں۔ میرے نزدیک لفظ ’نُصُبٌ‘ یہاں نشان اور عَلم ہی کے معنی میں ہے۔ مطلب یہ ہے کہ آج تو یہ متمردین اللہ کے داعی سے اکڑتے اور اس کی بتائی ہوئی راہ سے منحرف ہو کر دوسری راہوں پر چل رہے ہیں لیکن وہ دن بھی آنے والا ہے جب قیامت کا داعی اپنا صور پھونکے گا اور یہ قبروں سے نکل کر تیزی سے اس طرح اس کی طرف لپکیں گے گویا وہ دوڑ کے معین نشانوں کی طرف بھاگ رہے ہیں۔ مطلب یہ ہے کہ اس دن ان کے سارے کَس بل نکل جائیں گے اور یہ کج روی ان کی ختم ہو جائے گی۔ قیامت کے داعی کی پکار پر جس طرح لوگ اس طرف بھاگیں گے اس کی تصویر قرآن میں یوں کھینچی گئی ہے: ’یَوْمَئِذٍ یَتَّبِعُوۡنَ الدَّاعِیَ لَا عِوَجَ لَہٗ‘ (طٰہٰ ۲۰: ۱۰۸) (جس دن وہ داعی کی پکار کی پیروی بغیر کسی کجی کے کریں گے)۔ یعنی جس طرح تیر سیدھا اپنے معین ہدف کی طرف جاتا ہے اسی طرح یہ داعی کی طرف لپکیں گے۔ عام طور پر لوگوں نے ’نُصُبٌ‘ سے معبودوں کے تھان اور استھان مراد لیے ہیں لیکن اول تو یہ اس لفظ کا ضمنی مفہوم ہے دوسرے تھان یا استھان کی طرف دوڑنے کا کوئی مفہوم سمجھ میں نہیں آتا۔ مشرکین کے متعلق اس قسم کی کوئی روایت بھی میرے علم میں نہیں ہے۔