تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 83. Al-Mutaffifin · Ayah 15
كَلَّاۤ اِنَّهُمْ عَنْ رَّبِّهِمْ یَوْمَئِذٍ لَّمَحْجُوْبُوْنَؕ﴿15﴾
- كَلَّآ اِنَّهُمْہرگز نہیں بیشک وہ
- عَنْ رَّبِّهِمْاپنے رب سے
- يَوْمَئِذٍاس دن
- لَّمَحْجُوْبُوْنَروک دئیے جائیں گے
Translation · Tadabbur-e-Quran
ہرگز نہیں بلکہ اس دن وہ اپنے رب سے اوٹ میں رکھے جائیں گے۔
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
یعنی یہ لوگ اپنے دلوں میں یہ ارمان لیے جو بیٹھے ہیں کہ آخرت ہوئی تو جس طرح دنیا میں ان کو عزت وشرف حاصل ہے اسی طرح وہاں بھی ان کو اعلیٰ مدارج حاصل ہوں گے، ان کے یہ ارمان پورے ہونے والے نہیں ہیں بلکہ اپنے عقل و دل کے دیدے انہوں نے جو پھوڑ لیے ہیں اس کی سزا ان کو یہ ملے گی کہ وہ اپنے رب سے اس دن اوٹ میں ہوں گے۔ اوٹ میں ہونے سے یہ مراد ہے کہ یہ اس کے قرب، اس کی نظر عنایت، اس کے افضال وعنایات اور اس کے انوار و تجلیات کے مشاہدے سے بالکل محروم رہیں گے۔ ان کو اتنا موقع بھی نہیں ملے گا کہ اپنے رب سے کچھ عرض معروض ہی کر لیں۔