Surah Introduction

تفہیم القرآن

Tafheem-ul-Quran · 30. Ar-Room · Ayah 51

  1. وَ لَئِنْ اَرْسَلْنَا رِیْحًا فَرَاَوْهُ مُصْفَرًّا لَّظَلُّوْا مِنْۢ بَعْدِهٖ یَكْفُرُوْنَ﴿51﴾

    1. وَلَئِنْاور اگر
    2. اَرْسَلْنَاہم بھیجیں
    3. رِيْحًاہوا
    4. فَرَاَوْهُپھر وہ اسے دیکھیں
    5. مُصْفَرًّازرد شدہ
    6. لَّظَلُّوْاضرور ہوجائیں
    7. مِنْۢ بَعْدِهٖاس کے بعد
    8. يَكْفُرُوْنَناشکری کرنے والے
Translation · Tafheem-ul-Quran
اور اگر ہم ایک ایسی ہوا بھیج دیں جس کے اثر سے وہ اپنی کھیتی کو زرد پائیں74 تو وہ کُفر کرتے رہ جاتے ہیں۔75
Tafseer · Tafheem-ul-Quran
سورة الروم 74 یعنی باران رحمت کے بعد جب کھیتیاں سرسبز ہوچکی ہوں اس وقت اگر کوئی ایسی سخت سرد یا سخت گرم ہوا چل پڑے جو ہری بھری فصلوں کو جلا کر رکھ دے۔ سورة الروم 75 یعنی پھر وہ خدا کو کو سنے لگتے ہیں اور اس پر الزام رکھنے لگتے ہیں کہ اس نے یہ کیسی مصیبتیں ہم پر ڈال رکھی ہیں۔ حالانکہ جب خدا نے ان پر نعمت کی بارش کی تھی اس وقت انہوں نے شکر کے بجائے اس کی ناقدری کی تھی۔ یہاں پھر ایک لطیف اشارہ اس مضمون کی طرف ہے کہ جب خدا کے رسول اس کی طرف سے پیام رحمت لاتے ہیں تو لوگ ان کی بات نہیں مانتے اور اس نعمت کو ٹھکرا دیتے ہیں۔ پھر جب ان کے کفر کی پاداش میں خدا ان پر ظالموں اور جباروں کو مسلط کردیتا ہے اور وہ جور و ستم کی چکی میں انہیں پیستے ہیں اور جو ہر آدمیت کا قلع قمع کر ڈالتے ہیں تو وہی لوگ خدا کو گالیاں دینا شروع کردیتے ہیں اور اسے الزام دیتے ہیں کہ اس نے یہ کیسی ظلم سے بھری ہوئی دنیا بنا ڈالی ہے۔