Anwar-ul-Bayan - Al-Hajj : 40
اِ۟لَّذِیْنَ اُخْرِجُوْا مِنْ دِیَارِهِمْ بِغَیْرِ حَقٍّ اِلَّاۤ اَنْ یَّقُوْلُوْا رَبُّنَا اللّٰهُ١ؕ وَ لَوْ لَا دَفْعُ اللّٰهِ النَّاسَ بَعْضَهُمْ بِبَعْضٍ لَّهُدِّمَتْ صَوَامِعُ وَ بِیَعٌ وَّ صَلَوٰتٌ وَّ مَسٰجِدُ یُذْكَرُ فِیْهَا اسْمُ اللّٰهِ كَثِیْرًا١ؕ وَ لَیَنْصُرَنَّ اللّٰهُ مَنْ یَّنْصُرُهٗ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ لَقَوِیٌّ عَزِیْزٌ
الَّذِيْنَ : جو لوگ اُخْرِجُوْا : نکالے گئے مِنْ : سے دِيَارِهِمْ : اپنے گھر (جمع) شہروں بِغَيْرِ حَقٍّ : ناحق اِلَّآ : مگر (صرف) اَنْ : یہ کہ يَّقُوْلُوْا : وہ کہتے ہیں رَبُّنَا اللّٰهُ : ہمارا رب اللہ وَلَوْ : اور اگر لَا دَفْعُ : دفع نہ کرتا اللّٰهِ : اللہ النَّاسَ : لوگ بَعْضَهُمْ : ان کے بعض (ایک کو) بِبَعْضٍ : بعض سے (دوسرے) لَّهُدِّمَتْ : تو ڈھا دئیے جاتے صَوَامِعُ : صومعے وَبِيَعٌ : اور گرجے وَّصَلَوٰتٌ : اور عبادت خانے وَّمَسٰجِدُ : اور مسجدیں يُذْكَرُ : ذکر کیا جاتا (لیا جاتا ہے) فِيْهَا : ان میں اسْمُ اللّٰهِ : اللہ کا نام كَثِيْرًا : بہت۔ بکثرت وَلَيَنْصُرَنَّ : اور البتہ ضرور مدد کرے گا اللّٰهُ : اللہ مَنْ : جو يَّنْصُرُهٗ : اس کی مدد کرتا ہے اِنَّ : بیشک اللّٰهَ : اللہ لَقَوِيٌّ : طاقت والا (توانا) عَزِيْزٌ : غالب
یہ وہ لوگ ہیں کہ اپنے گھروں سے ناحق نکال دئیے گئے (انہوں نے کچھ قصور نہیں کیا) ہاں یہ کہتے ہیں کہ ہمارا پروردگار خدا ہے اور اگر خدا لوگوں کو ایک دوسرے سے نہ ہٹاتا رہتا تو (راہبوں کے) صومعہ اور (عیسائیوں کے) گرجے اور یہودیوں کے عبادت خانے اور مسلمانوں کی مسجدیں جن میں خدا کا بہت سا ذکر کیا جاتا ہے ویران ہوچکی ہوتیں اور جو شخص خدا کی مدد کرتا ہے خدا اس کی ضرور مدد کرتا ہے بیشک خدا توانا اور غالب ہے
(22:40) اخرجوا۔ اخراج (افعال) سے ماضی مجہول جمع مذکر غائب وہ نکالے گئے۔ الذین۔ یہ للذین (آیہ ماقبل) کی صفت ہے یا اس کا بدل ہے (وہ مظلوم لوگ) ۔ دفع اللہ۔ مضاف مضاف الیہ۔ اللہ کی (طرف سے) مدافعت ۔ ولا لا دفع اللہ الناس۔ اور اگر خدا دفاع نہ کرتا لوگوں کا (بعض لوگوں کا بعض کے ذریعہ سے) بعضہم ببعض۔ یعنی اگر خدا تعالیٰ بعض کو بعض سے ٹکرا کر یا بعض کو بعض کا توڑ بنا کر لوگوں کا بچائو نہ کرتا۔ لھدمت۔ لام لولا کے جواب میں ہے اور یہ لام بےعمل کی اقسام میں سے ہے۔ ھدمت واحد مؤنث غائب ماضی مجہول تھدیم (تفعیل) مصدر۔ منہدم کر دئیے جاتے ۔ ڈھا دئیے جاتے۔ صوامع۔ صومعۃ کی جمع۔ عیسائی راہبوں کے تکیے ۔ صومعہ ہر وہ عمارت ہے جس کا اوپر کا سرا باہم جرا ہوا ہو۔ چونکہ عیسائی اپنے عبادت خانوں کا سرا بلند اور باریک گا ودم بناتے ہیں۔ اس لئے اس کو سومعہ بولتے ہیں۔ بیع۔ بیعۃ کی جمع جس کے معنی ہیں یہود و نصاریٰ کے عبادت خانے اور گرجا گھر۔ (CHURCHES) صلوات۔ صلوۃ کی جمع۔ رحمتیں۔ نمازیں۔ دعائیں۔ عبادت خانے اور گرجا گھر۔ (SYNAGOG UES) فیھا۔ میں ھا ضمیر واحد مؤنث کا مرجع مسجد ہے (مساجد بلا تنوین آیا ہے کیونکہ غیر منصرف ہے کیونکہ یہ جمع منتہی الجموع کے وزن پر ہونے کی وجہ سے اسباب منع صرف میں سے ہے) بعض کے نزدیک اس کا مرجع جملہ معاہد متذکرہ بالا ہیں۔ یعنی صوامع۔ بیع ۔ صلوت، مساجد۔ لینصرن۔ لام تاکید ینصرن۔ مضارع تاکید بانون ثقیلہ واحد مذکر غائب، وہ ضرور مدد کرتا ہے۔ عزیز۔ غالب۔ زبردست۔ قوی۔ عزۃ سے فعیل کے وزن پر بمعنی فاعل مبالغہ کا صیغہ ہے۔
Top