Anwar-ul-Bayan - An-Naba : 21
اِنَّ جَهَنَّمَ كَانَتْ مِرْصَادًا۪ۙ
اِنَّ جَهَنَّمَ : بیشک جہنم كَانَتْ : ہے مِرْصَادًا : ایک گھات
بیشک دوزخ گھات میں ہے
(78:21) ان جھنم کانت مرصادا : رصد یرصد (باب نصر) سے اسم ظرف مکان ہے۔ بمعنی گھات (فیروز اللغات عربی اردو) گھات کی جگہ (لغات القرآن از ندوۃ المصنفین و تفسیر ماجدی) ۔ الرصد مصدر بمعنی گھات لگا کر بیٹھنا۔ امام راغب لکھتے ہیں :۔ المرصد گھات لگانے کی جگہ کو کہتے ہیں۔ چناچہ قرآن مجید میں ہے واقعدوا لہم کل مرصد (9:5) اور ہر گھات کی جگہ ان کی تاک میں بیٹھو اور مرصاد بمعنی مرصد آتا ہے لیکن مرصاد اس جگہ کو کہتے ہیں جو کہ گھات کے لئے مخصوص ہو۔ قرآن میں ہے ان جھنم کانت مرصادا (78:21) بیشک دوزخ گھات میں ہے۔ تو آیت میں اس بات پر بھی تنبیہ ہے کہ جہنم کے اوپر سے لوگوں کا گزر ہوگا جیسا کہ دوسری جگہ فرمایا :۔ وان منکم الا واردھا (19:71) اور تم میں سے کوئی (ایسا بشر) نہیں جو جہنم سے اوپر ہوکر نہ گزرے۔ آیت ہذا میں مرصادا بوجہ خبر ہونے کانت کے منصوب ہے۔
Top